شدیدگرمی کے سبب کوسٹل روڈ اور باندرہ- ورلی سی لنک کو جوڑنے کا کام ایک ہفتہ کیلئے ملتوی کردیا گیا ہے۔
EPAPER
Updated: April 22, 2024, 10:45 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai
شدیدگرمی کے سبب کوسٹل روڈ اور باندرہ- ورلی سی لنک کو جوڑنے کا کام ایک ہفتہ کیلئے ملتوی کردیا گیا ہے۔
کوسٹل روڈ کے دوسرے مرحلے کو امسال جون تک شروع کرنے کا منصوبہ تھا لیکن مرین ڈرائیو کی طرف شروع کئے گئے کوسٹل روڈ کو ۲؍ ہزار ٹن وزنی گرڈر کی مدد سے باندرہ- ورلی سی لنک سے جوڑنے کی کارروائی شدید گرمی کے سبب ایک ہفتے کیلئے ملتوی کردی گئی ہے اس لئے جون تک دوسرا مرحلہ شروع ہونا دشوار نظر آرہا ہے۔ واضح رہے کہ میونسپل کمشنر ڈاکٹر بھوشن گگرانی نے ۱۷؍ اپریل کو کہا تھا کہ مرین ڈرائیو سے ورلی تک کوسٹل روڈ کے حصے کو باندرہ- ورلی سی لنک سے جوڑ کر اسی سال جون تک شروع کردیا جائے گا جس سے گاڑیاں مرین ڈرائیو سے سی لنک تک دوڑسکیں گی۔
اس تعلق سے ۱۹؍ اپریل کو ’ممبئی میٹروپولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی‘ (ایم ایم آر ڈی اے) نے اعلان کردیا کہ شدید گرمی کے سبب ایم ایم آر ڈی اے کے مختلف پروجیکٹوں پر کام کرنے والوں کو راحت دی جارہی ہے اور ان سے کم کام لیا جارہا ہے تاکہ شدید دھوپ میں کام کرنے سے کسی اسٹاف ممبرکی صحت متاثر نہ ہو۔ اسی فیصلے کے تحت ایک ۲؍ہزار میٹرک ٹن وزنی گرڈر کی مدد سے کوسٹل روڈ اور باندرہ- ورلی سی لنک کو جوڑنے کی کارروائی بھی ایک ہفتے کیلئے ملتوی کردی گئی۔
یہ بھی پڑھئے: دھاراوی میں جاری سروے رکوانے کیلئے ہائی کورٹ کادروازہ کھٹکھٹانے کی تیاری
یاد رہے کہ جنوبی ممبئی میں جزوی طور پر شروع کئے گئے کوسٹل روڈ کے ورلی کی طرف کے حصہ کو باندرہ -ورلی سی لنک سے ۲؍ہزار میٹرک ٹن وزنی اور ۱۳۶؍ میٹر طویل گرڈر کی مدد سے جوڑا جائے گا۔ پہلے سے تیار شدہ اس وسیع و عریض گرڈر کو کوسٹل روڈ اور باندرہ- ورلی سی لنک کے درمیان واقع خلاء کو پاٹنے کیلئے استعمال کیا جائے گا۔
یہ اس پروجیکٹ کا سب سے وسیع اور وزنی گرڈر ہے اور جسے مجگائوں جیٹی سے باہر نکالا گیا۔ البتہ یہ اتنا وسیع ہے کہ اسے مختلف گاڑیوں پر لادنے کے بعد فٹ بال گرائونڈ جتنے وسیع رقبہ کے راستہ کی ضرورت ہے اس لئے اسے سڑک اور سمندر کے راستے سے ۶۲؍ کلو میٹر کا سفر طے کرنے کے بعد ورلی کی جگہ پر لے جایا گیا۔
اس گرڈر کو ۲۱؍ اپریل کو ورلی کی تعمیراتی جگہ پر پہنچا کر ۲۲؍ اپریل سے جوڑنے کی کارروائی شروع کی جانی تھی۔ اس گرڈر کو جوڑنے کا کام مئی تک مکمل ہونے کے بعد اس کے دیگر چھوٹے موٹے کام کئے جانے تھے لیکن ایک ہفتہ کی تاخیر کے سبب اب یہ کام وقت پر مکمل ہونا اور جون تک اس راستے کا شروع ہونا مشکل ہوگیا ہے۔
واضح رہے کہ ممبئی کوسٹل روڈ اور سی لنک کے درمیان ۸۵۰؍ میٹر کا خلاء ہے جسے جوڑنے کیلئے ۲۷۰؍ میٹر اسٹیل کا راستہ ہوگا اور باقی حصہ سیمنٹ کنکریٹ سے تیار کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ جنوبی ممبئی میں کوسٹل روڈ کو ۱۲؍ مارچ کو جزوی طور پر شروع کیا گیا تھا جس کے بعد سے اب تک اسے ۵؍لاکھ گاڑیاں آمدورفت کیلئے استعمال کرچکی ہیں۔