برطانیہ میں ’ ہلدی رام‘ کی پہلی شاخ کے افتتاح نے لندن میں مقیم بھارتی کمیونٹی میں غیرمعمولی جوش و خروش پیدا کر دیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں لیسٹر اسکوائر کے باہر طویل قطاریں اس برانڈ کی مقبولیت کا واضح ثبوت بن گئیں۔
EPAPER
Updated: July 14, 2026, 8:02 PM IST | London
برطانیہ میں ’ ہلدی رام‘ کی پہلی شاخ کے افتتاح نے لندن میں مقیم بھارتی کمیونٹی میں غیرمعمولی جوش و خروش پیدا کر دیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں لیسٹر اسکوائر کے باہر طویل قطاریں اس برانڈ کی مقبولیت کا واضح ثبوت بن گئیں۔
برطانیہ میں ’ ہلدی رام‘ کی پہلی شاخ کے افتتاح نے ہندوستانی نژاد افراد میں خاصا جوش و خروش پیدا کر دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں لندن کے پہلے ہلدی رام آؤٹ لیٹ کے باہر لوگوں کی طویل قطاریں دیکھی جا سکتی ہیں۔ یہ ویڈیو انسٹاگرام اکاؤنٹ views.we.explore نے شیئر کی، جس میں لیسٹر اسکوائر (Leicester Square) میں واقع نئے ہلدی رام اسٹور کے باہر درجنوں افراد انتظار کرتے نظر آتے ہیں۔ ویڈیو پر درج متن میں لکھا تھا:’’منظر یہ ہے کہ لندن میں ہلدی رام کی پہلی شاخ کھلی ہے اور یہاں موجود ہر ہندوستانی کا اس ہفتے کے آخر کا یہی منصوبہ تھا۔ ‘‘
لندن میں ہلدی رام کی پہلی شاخ
ویڈیو کے کیپشن میں لکھا گیا:’’ہجوم، جوش و خروش اور لمبی قطاریں، سب کچھ لندن میں ہلدی را م کی پہلی شاخ کیلئے۔ لگتا ہے اس ہفتے کے آخر میں ہر دیسی کا ایک ہی منصوبہ تھا! کیا آپ بھی اس قطار میں کھڑے ہونا پسند کریں گے؟‘‘ ویڈیو میں بڑی تعداد میں گاہکوں کو اسٹور میں داخل ہونے کیلئے قطار میں کھڑے دیکھا جا سکتا ہے۔ اگرچہ قطار میں مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے افراد موجود تھے، تاہم، سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے اسے لندن میں ہندوستانی کمیونٹی کیلئے ایک اہم اور یادگار موقع قرار دیا۔
یہ بھی پڑھئے: نیپال: نوجوان کی خودسوزی کے بعد بالین شاہ حکومت کیخلاف مظاہرے، استعفیٰ کا مطالبہ
سوشل میڈیا پر ردِعمل
ویڈیو کے وائرل ہوتے ہی صارفین نے مختلف آراء کا اظہار کیا۔ ایک صارف نے لکھا:’’جس کھانے کو آپ پسند کرتے ہیں، اسے خود بنانا سیکھ لیں۔ ہر مہینے ایک نئی ڈش، سال میں بارہ ڈشیں تیار ہو جائیں گی، پھر باہر جانے کی ضرورت نہیں رہے گی، سوائے اس کے کہ آپ واقعی سستی کرنا چاہیں۔ ‘‘
ایک اور صارف نے طنزیہ انداز میں کہا:’’مجھے حیرت ہے کہ ہندوستانی لوگ قطار میں کھڑے ہیں۔ وہ تو عام طور پر قطار کی پابندی نہیں کرتے!‘‘
تیسرے صارف نے تبصرہ کیا:
’’ہلدی رام کی مصنوعات تو پہلے ہی زیادہ تر ہندوستانی دکانوں اور بعض بڑے سپر اسٹورز میں دستیاب تھیں، اس لئے یہ سارا ہنگامہ غیر ضروری لگتا ہے۔ ‘‘ویڈیو کی مقبولیت بڑھنے پر خود ہلدی رام نے بھی تبصرہ کرتے ہوئے لکھا:’’دہلی نے پکارا، لیسٹر اسکوائر نے جواب دیا۔ ‘‘
یہ بھی پڑھئے: یورپ میں جون کے آخر میں پڑنے والی شدید گرمی سے ۱۰؍ ہزار سے زائد اموات!
ہلدی رام کا پس منظر
ہلدی رام کی بنیاد۱۹۳۷ء میں گنگا بھیشن اگروال نے رکھی تھی۔ یہ ہندوستانی مٹھائیوں، نمکین اور اسنیکس تیار کرنے والی معروف کمپنی ہے، جو ریستورانوں کا ایک بڑا سلسلہ بھی چلاتی ہے۔ اس کا آغاز راجستھان کے شہر بیکانیر میں ایک مٹھائی کی دکان سے ہوا تھا۔