• Sun, 25 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

میکرون کے بلیو سن گلاسیز کی دھوم! فرانسیسی صدر کا چشمہ وائرل ہونے کے بعد کمپنی کی ویب سائٹ کریش

Updated: January 24, 2026, 10:08 PM IST | Paris

میکرون کے ’ایوی ایٹر‘ سن گلاسیز نے پورے انٹرنیٹ پر دھوم مچا دی ہے۔ سوشل میڈیا صارفین ان کے فلمی انداز کی تعریف کر رہے ہیں۔ ہزاروں لوگوں نے اسے خریدنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔

Emmanuel Macron. Photo: X
ایمانوئیل میکرون۔ تصویر: ایکس

سوئس شہر داؤس میں منعقدہ ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس ۲۰۲۶ء میں فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون، مشہور فلمی کردار ’جیمز بانڈ‘ کے انداز میں پہنچے جہاں ان کی تقریر سے زیادہ ان کے ’ایوی ایٹر‘ سن گلاسیز (دھوپ کے چشمے) نے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کروا لی۔ میکرون کے اس انداز نے پورے انٹرنیٹ پر دھوم مچا دی ہے۔ ہزاروں سوشل میڈیا صارفین نے ان کے اس انداز کی تعریف کی اور اس پر پرمزاح تبصرے بھی کئے۔ دوسری طرف، کئی صارفین ان کے ٹام کروز جیسے انداز کے پیچھے چھپی وجہ تلاش کرنے میں مصروف رہے۔ کچھ نے تو یہاں تک اندازہ لگایا کہ شاید ورزش کے دوران صدر زخمی ہوگئے ہیں۔

درحقیقت، فرانسیسی صدر نے آنکھ کی ایک معمولی تکلیف کو چھپانے کیلئے چشمہ پہنا تھا۔ تاہم، اب ان کا چشمہ مقبولیت کی نئی بلندیوں پر پہنچ گیا ہے۔ ہزاروں لوگوں نے اسے خریدنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ اس چشمہ کی مقبولیت کا یہ حال ہے کہ اسے بنانے والی کمپنی کی ویب سائٹ صارفین کے ٹریفک سے کئی گھنٹوں تک ڈاؤن رہی۔ رپورٹس کے مطابق، ’میسن ہنری جولیئن‘ (Maison Henry Jullien) کی فروخت میں اچانک بے پناہ اضافہ دیکھنے ملا ہے۔ ہنری جیلیئن کی مالک کمپنی `آئی ویژن ٹیک` (iVision Tech) کے صدر اسٹیفانو فلچر نے بتایا کہ حد سے زیادہ ٹریفک کی وجہ سے ہماری ویب سائٹ کریش ہوگئی۔

برطانوی روزنامہ ’دی گارجین‘ سے بات کرتے ہوئے فلچر نے بتایا کہ انہیں اس خبر کا علم سب سے پہلے تب ہوا جب فرانسیسی ماہرینِ چشم نے انہیں فون کرکے بتایا کہ ’’صدر نے ہمارا چشمہ پہنا ہوا ہے!‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’میرا پہلا ردِعمل صرف ایک لفظ تھا: واہ! یہ کوئی عام دن نہیں تھا۔ میں بہت فخر محسوس کر رہا ہوں کہ صدر نے ہمارا چشمہ پہنا۔‘‘ جیسے ہی یہ خبر پھیلی، کمپنی کی ویب سائٹ صارفین کے بے پناہ ٹریفک کی وجہ سے کئی گھنٹوں تک ڈاؤن رہی۔ 

یہ بھی پڑھئے: برطانیہ: ۱۶؍ سے کم عمر بچوں کیلئے سوشل میڈیا پر پابندی کی تیاری

میکرون نے یہ چشمہ کب خریدا؟

رپورٹس کے مطابق، میکرون نے ۲۰۲۴ء میں یہ چشمہ خریدا تھا۔ فرانسیسی صدارتی دفتر نے کمپنی سے ’Pacific S 01 Double Gold‘ نامی چشمہ ایک سفارتی تحفے کے طور پر خریدنے کیلئے رابطہ کیا۔ جب فلچر کو معلوم ہوا کہ میکرون یہ چشمہ خریدنا چاہتے ہیں، تو انہوں نے اسے کمپنی کی جانب سے تحفتاً دینے کی پیشکش کی۔ تاہم، صدر نے انکار کر دیا اور کہا کہ وہ اسے قیمتاً خریدنا چاہتے ہیں۔

فلچر نے بتایا کہ ’’میں نے کہا کہ مجھے انہیں ایک جوڑی بھیج کر خوشی ہوگی لیکن انہوں نے منع کر دیا۔ انہوں نے اسے بطور تحفہ قبول نہیں کیا بلکہ ذاتی طور پر خریدنے کی خواہش ظاہر کی۔ فرانسیسی صدر نے اس بات پر بہت توجہ دی کہ آیا یہ چشمہ مکمل طور پر فرانس میں تیار کیا گیا ہے۔‘‘

یہ دھوپ کا چشمہ کوئی عام سن گلاسیز نہیں ہے۔ اس چشمہ کو ہاتھ سے تیار کیا جاتا ہے اور اسے بنانے میں ایک قدیم تکنیک استعمال کی جاتی ہے۔ فلچر کا کہنا ہے کہ اسے خریدنا ایک سرمایہ کاری کی طرح ہے۔ اس چشمے کی قیمت بھی کافی زیادہ ہے۔ اگر آپ اسے خریدنا چاہتے ہیں، تو آپ کو ۶۵۹ یورو (تقریباً ۷۱ ہزار روپے) خرچ کرنا ہوگے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK