کلیدی ملزم کو شبہ تھا کہ ماضی میں مقتول کی مخبری پر اس کے ۲؍ چچائوں کا انکائوٹر ہوا تھا جس کا بدلہ لینے کیلئے واردات انجام دی: پولیس۔
EPAPER
Updated: April 26, 2026, 10:25 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai
کلیدی ملزم کو شبہ تھا کہ ماضی میں مقتول کی مخبری پر اس کے ۲؍ چچائوں کا انکائوٹر ہوا تھا جس کا بدلہ لینے کیلئے واردات انجام دی: پولیس۔
مدنپورہ میں ۲۰؍ اپریل کو ایک معمر شخص کو قتل کرنے کے الزام میں ممبئی پولیس کی کرائم برانچ نے۲؍ افراد کو ناگپور سے گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ پولیس کے مطابق کلیدی ملزم کو شبہ تھا کہ مقتول کی مخبری کی وجہ سے پولیس نے اس کے ایک چچا کو ۱۹۹۷ء میں اور دوسرے کو ۲۰۰۲ء میں انکاونٹر میں ماردیا تھا۔ اس کا بدلہ لینے کے مقصد سے یہ واردات انجام دی گئی تھی۔ یاد رہے کہ ۲۰؍ اپریل کی شب ۷۸؍ سالہ محمد اقبال سیلیا مدنپورہ میں واقع اپنے مکان میں تنہا تھے، تب ملزمین ان پر تیز دھار دار ہتھیار سے ۲۰؍ وار کرکے فرار ہوگئے تھے جس سے اقبال سیلیا کی موت ہوگئی تھی ۔ ملزمین نے واردات انجام دینے کے بعد اپنے اپنے موبائل فون بند کر دیئے تھے اور اپنے گھروں پر بھی نہیں گئے جس کی وجہ سے انہیں تلاش کرنا محال ہوگیا تھا۔ بالآخر اس کیس کی تفتیش کرائم برانچ یونٹ ۳؍ کو سونپ دی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھئے: حافظ سیّد زید صادق کی’جے ای ای مینس‘ میں نمایاں کامیابی
تفتیش کے دوران ملزمین کو تلاش کرنے کیلئے پولیس نے جدید تکنیک کے ساتھ مخبروں کا بھی سہارا لیا جس کی وجہ سے انہیں معلوم ہوا تھا کہ ملزمین ناگپور میں روپوش ہیں۔ انہیں پکڑنے کیلئے پولیس کی ایک ٹیم کو ناگپور روانہ کیا گیا تھا جس نے ان دونوں کو ۲۴؍ اپریل کو ناگپور کے بڑاتاج باغ علاقے میں ڈھونڈ نکالا اور انہیں پکڑ کر ممبئی لے آئے۔ یہاں مقامی عدالت نے انہیں پولیس تحویل میں بھیج دیا ہے۔پولیس نے ان دونوں کے نام نہیں بتائے ہیں، صرف اتنا بتایا ہے کہ کلیدی ملزم کی عمر ۲۹؍ سال ہے جس نے اپنے ۲۵؍ سالہ دوست کی مدد سے اس واردات کو انجام دیا تھا۔ تفتیشی افسران کا دعویٰ ہے کہ ملزم کے ایک چچا صادق کالیا کو ۱۹۹۷ء میں اور دوسرے چچا عارف کالیا کو ۲۰۰۲ء میں پولیس نے انکائونٹر میں ہلاک کردیا تھا۔ اس وقت ملزم کی عمر بہت چھوٹی تھی لیکن وہ اس کا بدلہ لینا چاہتا تھا۔ اسے معلوم ہوا تھا کہ مبینہ طور پر اقبال سیلیا نے پولیس کو ان کے چچائوں کے تعلق سے خفیہ اطلاع دی تھی جس کی وجہ سے ان کا انکائونٹر کیا گیا تھا۔ اسی وجہ سے اس نے یہ واردات انجام دی تھی۔