جنید کے ایک رشتہ دار محمد ماج قریشی نے بتایا کہ جنید اور ارمان، ڈیری کیلئے گائیں لے جا رہے تھے۔ تبھی گئورکشکوں کے ایک گروپ نے انہیں مہرگاؤں میں روکا اور رات بھر ان پر تشدد کیا۔ اہل خانہ نے مزید بتایا کہ گئورکشکوں نے دونوں سے تقریباً ۲ لاکھ روپے بھی لوٹ لئے۔
مدھیہ پردیش کے رائیسن ضلع میں گئو رکشکوں کے ایک گروہ کے ہاتھوں مویشیوں کی نقل و حمل کے شبہ میں تشدد کا نشانہ بننے والے مسلمان شخص کی منگل کو موت ہوگئی۔ یہ واقعہ ۵ جون کو پیش آیا تھا جب بھوپال کے جنسی علاقے میں ڈیری چلانے والے ۳۵ سالہ جنید قریشی اپنے ساتھی ارمان کے ساتھ ایک پک اپ ٹرک میں سات گائیں اور ایک بیل لے جا رہا تھا تبھی مہرگاؤں نامی گاؤں کے قریب اس پر گئورکشکوں نے حملہ کر دیا۔ دونوں متاثرین کے اہل خانہ نے دعویٰ کیا کہ تقریباً ۲۰ سے ۲۵ افراد، جو خود کو گئو رکشک گروپ کا ممبر بتاتے تھے، نے سانچی اور رائیسن کے درمیان جنید اور ارمان کے ٹرک کو روکا اور ان کے ساتھ مبینہ طور پر تشدد کیا۔
جنید اور ارمان کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا
دی انڈین ایکسپریس نے جنید کے ایک رشتہ دار محمد ماج قریشی کے حوالے سے بتایا کہ جنید اور ارمان، اپنے ڈیری کاروبار کے سلسلے میں گائیں لے جا رہے تھے۔ تبھی گئورکشکوں کے ایک گروپ نے انہیں مہرگاؤں میں روکا اور رات بھر ان پر تشدد کیا۔ اہل خانہ نے مزید بتایا کہ گئورکشکوں نے دونوں افراد سے تقریباً ۲ لاکھ روپے بھی لوٹ لئے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق، جنید قریشی اور ارمان کو بھوپال کے حمیدیہ ہسپتال لے جایا گیا جہاں انہیں آئی سی یو میں داخل کیا گیا۔ جنید کی منگل کی صبح موت ہو گئی، جبکہ ارمان کی حالت بدستور نازک بنی ہوئی ہے۔ اس واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر گردش کر رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: آسام: گولپاڑہ میں آبستان پر آباد ۶۶۰؍ خاندانوں کے گھر وں کا انہدام
جنید کے خلاف الزامات
دی انڈین ایکسپریس کے مطابق، رائیسن کے ایک بائیک ورکشاپ کے مالک کی شکایت کی بنیاد پر جنید قریشی کے خلاف "جانوروں کے ساتھ ظلم کی روک تھام قانون" اور "مدھیہ پردیش گؤ کشی مخالف قانون" کی دفعات کے تحت ایک الگ ایف آئی آر بھی درج کی گئی۔ شکایت کنندہ نے دعویٰ کیا کہ اس نے دیگر تین افراد کے ساتھ مل کر رہت گڑھ علاقے سے مویشیوں کی اسمگلنگ کی اطلاع پر جنید کے ٹرک کو روکا۔ گروہ نے ٹرک میں مویشیوں کو "ظالمانہ طور پر ٹھونسا ہوا" پایا جو بھوپال کے ذبح خانوں کیلئے لے جانے جارہے تھے۔ جب پوچھ گچھ کی گئی تو جنید اور ارمان نے "کوئی تسلی بخش جوابات نہیں دیئے اور ٹرک سے بھاگنے کی کوشش کی۔" شکایت کنندہ نے مزید کہا کہ دونوں افراد "بھاگتے ہوئے گرنے سے زخمی ہوئے۔"
ملزمین کے خلاف ایف آئی آر درج
اس واقعے کے بعد، کئی الزامات کے تحت ایک ایف آئی آر درج کی گئی جن میں قتل کی کوشش اور مہلک ہتھیاروں کے ساتھ فسادات شامل ہیں۔ سانچی پولیس اسٹیشن کے انچارج نتن اہیروار نے بتایا کہ اس معاملے میں ملوث چار ملزمین کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ ۱۰ سے زائد دیگر ملزمین مفرور ہیں جن کی ویدیشا اور آس پاس کے علاقوں میں تلاش جاری ہے۔