خواتین پر ہونے والے مظالم کے خلاف سپریہ سلے مہم چھیڑیں گی
EPAPER
Updated: May 24, 2025, 8:51 PM IST | Agency | Pune
خواتین پر ہونے والے مظالم کے خلاف سپریہ سلے مہم چھیڑیں گی
این سی پی ( اجیت ) کے لیڈر کی بہو ویشنوی ہگونے کی خود کشی نے پوری ریاست کو جھنجھوڑ دیا ہے۔ ویشنوی نے سسرال والوں کی اذیت سے پریشان ہوکر اپنی زندگی ختم کرلی۔ الزام ہے کہ ویشنوی کے سسر راجندر ہگونے اور شوہر ششانک ہگونے اسے جہیز کیلئے ہراساں کیا کرتے تھے۔ اب این سی پی (شرد) کی کارگزار صدر سپریہ سلے نے جہیز اور گھریلو تشدد کے خلاف ریاست گیر مہم چھیڑنے کا اعلان کیا ہے۔ اس مہم کو انہوں نے ’ جہیز سے پاک مہاراشٹر، تشدد سے پاک خاندان‘ کا نام دیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پونے میں این سی پی اجیت کے لیڈر اجندر ہگونے کی بہو ویشنوی ہگونے نے پھانسی لگا کر خود کشی کر لی تھی۔ اسے سسرال میں جہیز کیلئے ستایا جا رہا تھا حتیٰ کہ اس کے ساتھ مار پیٹ بھی کی جا رہی تھی۔ خود کشی کے بعد جس طرح کے حقائق سامنے آئے اس کی وجہ سے پوری ریاست سکتے میں ہے۔ این سی پی (شرد) کی کارگزار صدر سپریہ سلے اس معاملے پر پہلے ہی سخت برہمی کا اظہار کر چکی ہے۔ اب انہوں نے جہیز اور گھریلو تشدد کے خلاف ایک مہم چھیڑنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی: بے موسم بارش سے کمہار برادری کا کاروبار متاثر
سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کے ذریعے انہوں نے کہا کہ ’’ مہاراشٹر کی بیٹی ویشنوی کاسپٹے۔ ہگونے کی جہیز کی وجہ سے جان لے لی گئی۔ یہ واقعہ دل کو تکلیف پہنچانے والا ہے۔ جس مہاراشٹر نے خواتین کی آزادی کے تعلق سے دنیا کو راستہ دکھایا اس مہاراشٹر میں اس طرح کا واقعہ انتہائی شرمناک ہے۔ ‘‘ سپریہ سلے کے مطابق ’’ یہ واقعہ کسی بھی حساس شخص کے بے چین کرنے والا ہے۔ اس واقعے کی وجہ دل دھک سے رہ گیا ہے۔ اس واقعے پر صرف افسوس کرنے سے کام نہیں چلے گا بلکہ اس کیلئے عملی اقدام کی ضرورت ہے۔ ‘‘ سپریہ سلے نے اعلان کیا ’’ اسی وجہ سے ۲۲؍ جون ۲۰۲۵ء سے ہم ریاست گیر سطح پر جہیز اور گھریلو تشدد کے خلاف مہم شروع کرنے جا رہے ہیں۔ اس کیلئے سماج کے ہر طبقے کو اپنے ساتھ لینا ہوگا۔ تبھی ہم ایک ’جہیز سے پاک مہاراشٹر اور تشدد سے پاک خاندان ‘ کی تشکیل کر پائیں گے۔ ‘‘ یاد رہے کہ ویشنوی کی شادی میں نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار بھی شریک ہوئے تھے اور جہیز کی کار کی چابی خود اپنے ہاتھوں سے دلہے کو دی تھی۔ اس لئے ان پر تنقیدیں ہو رہی ہیں۔