• Sat, 17 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مہاراشٹر: قحط سالی سے متاثر کسان نے احتجاجاً وزیر اعلیٰ کو بھیجا ۵؍ ہزار کا منی آرڈر

Updated: October 17, 2026, 10:06 PM IST | Mumbai

مہاراشٹرکے متعدد ضلعوں میں قحط کی صورتحال ہے، ریاستی حکومت نے اس دوران کسانو ںکی فوری امداد کیلئے انہیں ۵؍ ہزار روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس صورتحا ل سے تنگ آکر دھاراشیو ضلع کے ایک کسان نے احتجاج کے طور پر وزیر اعلی دیویندر فرنویس کو ۵؍ ہزار روپے کا منی آرڈع بھیجا ہے۔

Farmers unhappy with Chief Minister`s announcement of 5,000 in aid. Image: X
وزیر اعلیٰ کی ۵۰۰۰؍ مدد کے اعلان سے ناراض کسان۔ تصویر: ایکس

چھترپتی سنبھاجی نگر: قحط سالی سے متاثرہ کسانوں کیلئے مہاراشٹر حکومت کی طرف سے اعلان کردہ معمولی عبوری مالی امداد سے دل برداشتہ ہو کر، ضلع دھاراشیو کے سویا بین کی کاشت کرنے والے ایک کسان نے احتجاج کے طور پر وزیرِ اعلیٰ دیویندر فرنویس کو ۵؍ ہزار روپے کا منی آرڈر بھیج دیا ہے۔واضح رہے کہ وزیرِ اعلیٰ فرنویس نے بدھ کو اعلان کیا تھا کہ مہاراشٹر کے ۸۵؍فیصد سے زائد تعلقوں کو قحط زدہ قرار دیے جانے کے بعد، دیوالی سے قبل کسانوں کے بینک کھاتوں میں ۵؍ ہزار روپے کی ابتدائی امدادی رقم براہِ راست منتقل کی جائے گی۔ریاستی حکومت نے قحط زدہ فہرست میں مزید ۴۰؍ تعلقوں کا اضافہ کیا ہے، جس سے مہاراشٹر کے کل ۳۵۸؍ میں سے متاثرہ سب ڈویژنز کی تعداد ۳۰۵؍ ہو گئی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: مالیگاؤں اورناندیڑ میں گیانیش کمار کے خلاف تحفظ آئین ریلی اور دھرنا

بعد ازاں فرنویس نے کہا تھا کہ کسانوں کو ۵؍ ہزار روپے منتقل کرنے کا فیصلہ آنے والے تہوار سے پہلے فوری مدد فراہم کرنے کیلئے کیا گیا تھا، کیونکہ مکمل انتظامی جائزوں اور مرکزی جائزہ کے عمل میں وقت لگتا ہے اور یہ قانونی طور پر دیوالی سے پہلے مکمل نہیں ہو سکتے۔ دھاراشیو تحصیل کے گاؤں سورڈی کے کسان چاند شیخ نے بتایا کہ انہوں نے وزیرِ اعلیٰ کو ۵؍ ہزار روپے کا منی آرڈر بھیجا ہے۔مزید براں شیخ نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے اپنی سویا بین کی فصل سے صرف ۳؍ ہزار ۹۰۰؍ روپے کمائے اور منی آرڈر بھیجنے کیلئے ایک دوست سے ۱۱۰۰؍ روپے ادھار لئے۔ سورڈی پوسٹ آفس کے باہر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے شیخ نے کہا، ’’میں نے اپنے ۱ء۵؍ ایکڑ کھیت میں سویا بین کی کاشت کی تھی۔ میں نے ۲۵؍ ہزار روپے خرچ کئے اور مجھے محض ۶۰؍ کلوگرام پیداوار ملی۔ میں صرف ۳؍ہزار ۹۰۰؍ روپے ہی کما سکا۔ اس لئےمیں نے اپنے دوست سے ۱۱۰۰؍ روپے ادھار لے کر یہ منی آرڈر بھیجا ہے۔‘‘ جبکہ کسان کا دوست ہونے کا دعویٰ کرنے والے ایک شخص نے بتایا کہ اس نے شیخ کو ۱۱۰۰؍  روپے ادھار دئیے تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK