Inquilab Logo Happiest Places to Work

مہاراشٹر: فوڈ سیفٹی سربراہ کی بلنکٹ، سویگی، زیپٹو کے خلاف کارروائی

Updated: August 15, 2026, 10:17 PM IST | Mumbai

مہاراشٹر کے فوڈ سیفٹی سربراہ تکارام منڈے نے صفائی کے معیار کی خلاف ورزی پر بلنکٹ، سویگی، زیپٹو پر کارروائی کرتے ہوئے ان کے لائسنس معطلکردئے،یہ کارروائی ان کے گوداموں میں کاکروچ اور دیگر غیر صحت مند حالات پائے جانے کے بعد کی گئی۔

Maharashtra`s food safety chief Takaram Mundhe. Photo: X
مہاراشٹر کے فوڈ سیفٹی سربراہ تکارام منڈے۔ تصویر: ایکس

مہاراشٹر کے فوڈ سیفٹی سربراہ تکارام منڈے نے صفائی کے معیار کی خلاف ورزی پر  بلنکٹ، سویگی، زیپٹو پر کارروائی کرتے ہوئے ان کے لائسنس معطلکردئے،یہ کارروائی ان کے گوداموں میں کاکروچ اور دیگر غیر صحت مند حالات پائے جانے کے بعد کی گئی۔یہ چھاپے اُس وقت مارے گئے ہیں جب ریاست کے نئے فوڈ سیفٹی سربراہ،۵۱؍ سالہ تکارام منڈے، نے ممبئی کے چند مشہور ریستورانوں کو ناقص صفائی کی پاداش میں بند کر دیا تھا۔ ہندوستان کےغذائی شعبہ  میں کھانے کی آلودگی کی خبریں عام ہیں، لیکن منڈے کی مہم اپنی سخت گیر حکمت عملی کی وجہ سے عوام اور میڈیا کی توجہ حاصل کر رہی ہے، کیونکہ ماضی میں فوڈ سیفٹی کے معیارات پر بہت کم عملدرآمد ہوتا تھا۔

یہ بھی پڑھئے: بل کی ادائیگی نہ ہونے سے ناراض سرکاری ٹھیکیداروں کا ۱۸؍ اگست کو احتجاج

بعد ازاں اس ہفتے منڈے کی ٹیم نے ڈومینوز کے چار آؤٹ لیٹس بھی بند کیے، جو ہندوستان کی سب سے بڑی فاسٹ فوڈ چین ہے اور عام طور پر اسے سخت حفاظتی اصولوں پر عمل کرنے والا تصور کیا جاتا ہے۔ریاستی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے جمعہ کو ایک بیان میں کہا کہ اس نے۸۶؍ اداروں کا معائنہ کیا، ۶۰؍ اصلاحی ہدایات جاری کیں، اور اٹرنل، بلنکٹ کے پانچ، زیپٹو کے پانچ اور سوئیگی (انسٹامارٹ) کے دو گوداموں کے اجازت نامے معطل کر دیے۔تاہم سوئیگی اور اٹرنل نے تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا، جبکہ زیپٹو نے رائٹرز کے سوالات کا جواب نہیں دیا۔
واضح رہے کہ اعداد و شمار کے مطابق، سوئیگی اور زیپٹو کے ہندوستان میں تقریباً ۱۱۰۰؍ ڈیلیوری آؤٹ لیٹس ہیں، جبکہ بلنکٹ کے۲۲۰۰؍ ہیں۔ریاستی ایف ڈی اے کی طرف سے شیئر کی گئی تصاویر میں زنگ آلود اور گندے اسٹور ریک، اور کھانے کی اشیاء کے گرد کاکروچ گھومتے دکھائی دے رہے ہیں۔جبکہ ان چھاپوں نے ۱۳؍ بلین ڈالر کی کامرس انڈسٹری پر روشنی ڈالی ہے، جس نے برسوں کے دوران اربوں ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری حاصل کی ہے اور کمپنیاں روزانہ۹۰؍ لاکھ آرڈر پوری کرتی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: ۳۱؍ اگست تک چاکن کی سڑکیں درست کرنے کا حکم

دریں اثناء صارفین نے سوشل میڈیا پر کمپنیوں کے ناقص معیارات پر غم و غصے کا اظہار کیا اور مقامی میڈیا کی شائع کردہ ایف ڈی اے کی تصاویر پر حیرانی ظاہر کی۔نولان لوکانو ڈی سوزا نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا، ’’آخر وقت آ گیا۔ شہر بھر  کے تمام کوئیک کامرس گوداموں پر کارووائی کی ضرورت ہے۔‘‘اس کے علاوہ منڈے کے دفتر کے جمعہ کے بیان کے مطابق، ہندوستان کی سب سے بڑی کوئیک کامرس کمپنی بلنکٹ کی ایک فوڈ اسٹوریج سہولت پر معائنہ کاروں نے کاکروچ کی افزائش اور سڑی سبزیاں پائیں، جبکہ دیگر مقامات پر چوہے اور غیر صحت بخش حالات پائے گئے۔ایف ڈی اے کے بیان میں مزید کہا گیا کہ مہاراشٹر کے شہر ناسک میں واقع زیپٹو کے ایک گودام میں ڈیلیوری عملہ سڑک کے جوتے پہن کر اسٹوریج ایریا میں داخل ہو رہا تھا، جس سے آلودگی کا خطرہ بڑھ گیا۔رائٹرز کے فوٹوگرافر نے جب ایف ڈی اے کے معائنہ شدہ بلنکٹ اسٹور کا دورہ کیا تو وہاں صفائی اور کیڑوں پر قابو پانے کا کام جاری تھا، اور باہر کوڑے دان بھرے ہوئے تھے۔ مزید برآں منڈے نے ایف ڈی اے کے بیان میں کہا،’’ہم عوامی صحت کے ساتھ کسی بھی قسم کی کھلواڑ برداشت نہیں کریں گے،‘‘اور غیر محفوظ خوراک کی تیاری اور غیر صحت مند ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی کی تنبیہ کی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK