• Tue, 14 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مہاراشٹر میں دسویں و بارہویں جماعت کے امتحانات کا شیڈول جاری

Updated: October 14, 2025, 1:19 PM IST | ZA Khan | Nanded

جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق بورڈ امتحانات فروری۲۰۲۶ء سے شروع ہوں گے، تعلیمی حلقوں میں تیاریوں کا آغاز۔

Students writing papers during the board exam. Photo: INN
بورڈ امتحان کے دوران طلبہ پرچہ لکھتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این
مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ آف سیکنڈری اینڈ ہائر سیکنڈری ایجوکیشن (ایچ ایس سی اور ایس ایس سی بورڈ) نے سال۲۰۲۶ء کے دسویں (ایس ایس سی)  اور بارہویں(ایچ ایس سی )  جماعت کے امتحانات کا باضابطہ شیڈول جاری کردیا ہے۔ اس حوالے سے بورڈ کے ڈپٹی سیکریٹری پرمود گوپھنے نے پریس ریلیز کے ذریعے تفصیلات فراہم کی ہیں۔جاری کردہ شیڈول کے مطابق، بارہویں جماعت (ایچ ایس سی) کے تحریری امتحانات۱۰؍ فروری سے۱۸؍ مارچ۲۰۲۶ء تک منعقد ہوں گے۔ ان امتحانات سے قبل۲۳؍ جنوری سے۹؍فروری کے درمیان عملی (پریکٹیکل)،  زبانی (اورل)، درجہ بندی اور اندرونی تشخیص کے امتحانات لیے جائیں گے۔ اس مرحلے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور جنرل نالج جیسے مضامین کے عملی امتحانات بھی شامل ہوں گے۔
اسی طرح، دسویں جماعت(ایس ایس سی)  کے تحریری امتحانات۲۰؍ فروری سے۱۸؍ مارچ۲۰۲۶ء  تک منعقد ہوں گے۔ اس سے پہلے۲؍ فروری سے۱۸؍ فروری تک دسویں جماعت کے طلبہ کے لیے عملی، زبانی اور داخلی تشخیصی امتحانات لیے جائیں گے، جن میں اناٹومی، ہیلتھ سائنس اور ہوم سائنس   جیسے مضامین کے عملی امتحانات شامل ہوں گے۔ریاستی تعلیمی بورڈ کے تحت پونے، ناگپور، اورنگ آباد، ممبئی، کولہاپور، امراؤتی، ناسک، لاتور اور کوکن کے ۹؍ بورڈز کے ذریعے امتحانات کا انعقاد کیا جائے گا۔امتحانات کی تاریخوں کے اعلان کے بعد اسکولوں اور جونیئر کالجوں میں تیاریوں کا سلسلہ تیز ہوگیا ہے۔ تعلیمی ماہرین نے طلبہ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے وقت کا مؤثر استعمال کرتے ہوئے آخری مرحلے کی تیاری پر توجہ مرکوز کریں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK