Updated: September 10, 2026, 5:04 PM IST
| Mumbai
مہاراشٹر کے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے ) نے ممبئی میں کھانے کے معیار اور حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے جوہو کےاسکون ( ISKCON) سے وابستہ تین فوڈ یونٹس کے لائسنس معطل کردیئے ہیں۔ یہ کارروائی مہاراشٹر ایف ڈی اے کے کمشنر اور آئی اے ایس افسر تکا رام منڈے کی نگرانی میں کی گئی۔
تکا رام منڈے اور اسکون۔ تصویر:آئی این این
مہاراشٹر کے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے ) نے ممبئی میں کھانے کے معیار اور حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے جوہو کےاسکون ( ISKCON) سے وابستہ تین فوڈ یونٹس کے لائسنس معطل کردیئے ہیں۔ یہ کارروائی مہاراشٹر ایف ڈی اے کے کمشنر اور آئی اے ایس افسر تکا رام منڈے کی نگرانی میں کی گئی۔ ایف ڈی اے کی جانب سے ۳؍ ستمبر کو ہرے کرشنا لینڈ جوہو میں ISKCON سے وابستہ تین فوڈ اداروں کا معائنہ کیا گیا۔ ان میںگووندا ریسٹورینٹ ، اسکون جوہو فوڈ سروسیز اور ہرے کرشنا لینڈ سے متعلق فوڈ یونٹس شامل تھے۔ معائنے کے دوران فوڈ سیفٹی اور حفظانِ صحت سے متعلق متعدد سنگین خامیاں سامنے آئیں، جس کے بعد تینوں کے لائسنس معطل کردیئے گئے۔
یہ بھی پڑھئے:لیہ پولٹن انگلینڈ ویمنز کی نئی منیجنگ ڈائریکٹر مقرر
ایف ڈی اے کے معائنے میں کھانے کی تیاری اور ذخیرہ کرنے کی جگہوں پرکیڑے مکوڑوں کی موجودگی، کھانے کی نامناسب اسٹوریج، کچے اور پکے کھانے کو الگ نہ رکھنے، ناقص نکاسی آب اور صفائی کے مسائل سامنے آئے۔ اس کے علاوہ پانی اور کھانے کی جانچ، ملازمین کے طبی معائنے اور فوڈ سیفٹی ٹریننگ سے متعلق بھی خامیاں نوٹ کی گئیں۔ رپورٹس کے مطابق ایف ڈی اے حکام نے خاص طور پر اس بات کا بھی جائزہ لیا کہ کھانے کی تیاری اور اسٹوریج کے دوران آلودگی سے بچاؤ کے لیے ضروری حفاظتی اقدامات پر عمل کیا جارہا ہے یا نہیں۔ معائنے کے دوران سامنے آنے والی خامیوں کو فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔
یہ بھی پڑھئے:فلم ’’گوڈزیلا مانئس زیرو‘‘ کا نیا ٹریلر جاری، نومبر میں ’’رامائن‘‘سے بڑا مقابلہ ہوگا
ایف ڈی اے نے صرف اِسکون کے فوڈ یونٹس تک کارروائی محدود نہیں رکھی بلکہ آئی آر سی ٹی سی کے ذریعے ریلوے مسافروں کو کھانا فراہم کرنے والے بیس کچنز اور فوڈ پلازہ کا بھی معائنہ کیا۔ ممبئی میں پانچ ایسے اداروں کی جانچ کی گئی، جن میںR. K. Associates Hoteliers Pvt. Ltd کے کرلا (ویسٹ) میں واقع بیس کچن کا فوڈ لائسنس معطل کردیا گیا۔ معائنے کے دوران اس کچن کے فوڈ اسٹوریج اور پروسیسنگ ایریا میں کاکروچز، کھلا ہوا کھانا، ناقص بنیادی ڈھانچہ اور ملازمین کی صفائی سے متعلق خامیاں سامنے آئیں۔ بعض رپورٹس میں کھانے کی تیاری کے قریب کھلے کچرے اور کچن میں ٹوٹی ہوئی ٹائلز سمیت دیگر خامیوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
ایف ڈی اے کی یہ کارروائی مہاراشٹر میں کھانے پینے کے کاروبار سے وابستہ اداروں کے خلاف جاری وسیع مہم کا حصہ ہے، جس کا مقصد صارفین کو محفوظ، صاف ستھرا اور معیار کے مطابق کھانا فراہم کرنا ہے۔ حکام کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی جاری رہے گی۔