• Sat, 14 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مائیکروسافٹ کی عالمی سروسیز میں بڑی خرابی، آؤٹ لک اور ٹیمز سمیت کئی اہم ایپس بند

Updated: November 13, 2026, 5:05 PM IST | New York

دنیا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ کو ایک بڑے عالمی تکنیکی بحران کا سامنا ہے، جس کے باعث اس کی کئی اہم آن لائن خدمات، بشمول آؤٹ لک ، مائیکروسافٹ ٹیمز، ون ڈرائیو، شیئر پوائنٹ اور کوپائلٹ متاثرہوئی ہیں۔

Microsoft.Photo:INN
مائیکرو سافٹ۔ تصویر:آئی این این

دنیا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ  کو ایک بڑے عالمی تکنیکی بحران کا سامنا ہے، جس کے باعث اس کی کئی اہم آن لائن خدمات، بشمول آؤٹ لک ، مائیکروسافٹ ٹیمز  ، ون ڈرائیو  ، شیئر پوائنٹ   اور کوپائلٹ   متاثر ہوئی ہیں۔ اس عالمی بندش کے سبب دنیا کے مختلف ممالک میں لاکھوں صارفین کو ای میل بھیجنے اور وصول کرنے، آن لائن میٹنگز میں شرکت کرنے، فائلیں شیئر کرنے اور دفتری امور انجام دینے میں شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مائیکروسافٹ کی تکنیکی ٹیمیں کئی گھنٹوں سے اس خرابی کو دور کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، تاہم کمپنی کی جانب سے فراہم کردہ تازہ ترین معلومات کے مطابق ابتدائی اصلاحی اقدامات توقع کے مطابق کامیاب نہیں ہوسکے ہیں اور سروسز کو مکمل طور پر بحال کرنے کے لیے متبادل تکنیکی طریقوں پر کام جاری ہے۔
اطلاعات کے مطابق اس تکنیکی خرابی کا آغاز جمعرات کی شام ہوا، جب امریکہ سمیت مختلف علاقوں کے صارفین نے مائیکروسافٹ کی ای میل سروس ایکسچینج آن لائن  تک رسائی میں دشواریوں کی شکایت شروع کی۔ ابتدا میں کمپنی نے بتایا کہ امریکہ کے مختلف علاقوں میں صارفین کو اپنے ای میل اکاؤنٹس تک رسائی کرنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ بعد ازاں یہ مسئلہ عالمی سطح پر پھیل گیا اور ایشیا، امریکہ، آسٹریلیا اور دیگر خطوں کے صارفین بھی اس سے متاثر ہوئے۔جمعہ کی صبح تک یہ بندش ۱۲؍ گھنٹے سے زیادہ جاری رہی۔ صارفین کو کہیں آؤٹ لک کا اِن باکس کھولنے میں دشواری ہوئی تو کہیں ای میل بھیجنے اور وصول کرنے کی سہولت متاثر رہی۔ مائیکروسافٹ ٹیمز میں بھی پیغامات، کیلنڈر اور میٹنگ شیڈولنگ سے متعلق مسائل سامنے آئے۔

یہ بھی پڑھئے:انتخابی تنازع کے بیچ سونم وانگچک کا دعویٰ، گھر میں نظر بند کردیا گیا

مائیکروسافٹ نے اپنی تازہ ترین اپ ڈیٹ میں اعتراف کیا کہ سروسیز کو بہتر بنانے کے لیے جو تبدیلیاں کی گئی تھیں، ان کے نتائج توقع کے مطابق سامنے نہیں آئے۔ کمپنی کے مطابق تکنیکی ماہرین مسلسل ٹریفک کے دباؤ اور سرورز کی صلاحیت میں عدم توازن کو دور کرنے کے لیے متبادل طریقوں پر کام کر رہے ہیں۔کمپنی نے بتایا کہ اس کے بعض سرورز اچانک غیر فعال ہوگئے تھے، جس کے نتیجے میں باقی سرورز پر اضافی بوجھ پڑا اور خدمات کی فراہمی متاثر ہوئی۔ ابتدائی طور پر کچھ سرورز کو دوبارہ فعال کرنے کی کوشش کی گئی، لیکن ان پر صارفین کا ٹریفک واپس آنے کے بعد بعض سرورز نے دوبارہ کام کرنا بند کردیا۔مائیکروسافٹ اب متاثرہ سرورز کی بحالی، اضافی صلاحیت فراہم کرنے اور انٹرنیٹ ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کرنے کے اقدامات کررہا ہے۔ کمپنی کے مطابق کچھ علاقوں میں بہتری کے آثار ضرور دکھائی دیے ہیں، لیکن مکمل بحالی کے لیے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھئے:ایک دور میں امجد خان کے مکالموں کے کیسٹ کی دھوم تھی

عالمی سطح پر اس خرابی کی سنگینی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ انٹرنیٹ سروسز کی بندش پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر  پر آؤٹ لک سے متعلق شکایات کی تعداد اپنے عروج پر ایک لاکھ ۳۰ ؍ہزار سے تجاوز کرگئی تھی۔امریکہ میں جمعرات کے روز دوپہر کے وقت سب سے زیادہ شکایات درج کی گئیں، جبکہ جمعہ کی صبح بھی ہزاروں صارفین نے سروسیز میں رکاوٹ کی اطلاع دی۔ ایشیا پیسیفک خطے میں بھی ہندوستان، آسٹریلیا اور جاپان سمیت مختلف ممالک سے شکایات موصول ہوئیں۔ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے اعداد و شمار کے مطابق یہ مسئلہ صرف آؤٹ لک تک محدود نہیں تھا بلکہ مائیکروسافٹ ۳۶۵ کی دیگر خدمات بھی متاثر ہوئیں۔مائیکروسافٹ کی اس عالمی بندش سے بنیادی طور پر وہ خدمات متاثر ہوئیں جو ایکسچینج آن لائن اور ای میل انفراسٹرکچر پر انحصار کرتی ہیں۔
مائیکروسافٹ کی خدمات میں رکاوٹ کے باعث دنیا بھر کے سرکاری محکموں، تعلیمی اداروں اور کاروباری کمپنیوں کے معمولات متاثر ہوئے ہیں۔ آسٹریلیا میں سرکاری محکموں، پولیس اور سیکوریٹی اداروں کو بھی ای میل اور دفتری رابطوں میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ امریکہ کے ایوانِ نمائندگان نے بھی اپنے صارفین کے متاثر ہونے کی تصدیق کی اور بتایا کہ تکنیکی ٹیمیں مائیکروسافٹ کے ساتھ مل کر مسئلے کو حل کرنے میں مصروف ہیں۔اس بندش کا اثر دیگر ٹیکنالوجی کمپنیوں پر بھی پڑا ہے۔ اوپن اے آئی (OpenAI) نے مائیکروسافٹ کنیکٹرز میں خرابی کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ نئے کنکشن قائم کرنے اور بعض ٹولز کے استعمال میں مسائل پیش آرہے ہیں۔ اسی طرح اینتھروپک (Anthropic) نے بھی اپنے مائیکروسافٹ ۳۶۵ کنیکٹر میں ایک بیرونی سروس فراہم کنندہ سے متعلق خرابی کی نشاندہی کی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK