• Fri, 13 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

انتخابی تنازع کے بیچ سونم وانگچک کا دعویٰ، گھر میں نظر بند کردیا گیا

Updated: November 13, 2026, 11:10 AM IST | Ladakh

لداخ میں انتخابات کے انعقاد اور گزشتہ سال کی ہلاکتوں کی عدالتی تحقیقات میں تاخیر پر تنازع کے درمیان سونم وانگچک نے ایک نیا دعویٰ کیا ہے۔

Sonam Wangchuk. Photo: INN
سونم وانگچک۔ تصویر: آئی این این

ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک نے جمعرات کو دعویٰ کیا کہ انہیں گھر میں نظر بند کردیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ لداخ میں ان کی رہائش گاہ کے باہر درجنوں مسلح اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، حالانکہ حکومت کا کہنا ہے کہ انہیں صرف گھر کے اندر رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں وانگچک نے کہا کہ گزشتہ سال لیہہ میں ہونے والی ہلاکتوں کی عدالتی تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ پیش کرنے میں تاخیر پر سوال اٹھانے اور ان کے بقول سردیوں کے موسم میں انتہائی تیزی سے کرائے جا رہے ’’دھوکہ دہی پر مبنی کونسل انتخابات‘‘ پر اعتراض کرنے کی وجہ سے ان پر پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: بی جےپی اور آر ایس ایس کو پرینکا کا منہ توڑ جواب

انہوں نے کہا کہ ’’پورا لداخ احتجاج کر رہا ہے۔‘‘ وانگچک نے یہ الزام بھی لگایا کہ ایکس، انسٹاگرام اور یوٹیوب سمیت مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ان کی رسائی اور پوسٹس کی تشہیر کو بری طرح محدود کردیا گیا ہے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ان کا پیغام زیادہ سے زیادہ شیئر کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت‘‘ میں سوشل میڈیا پر ان کی آواز کو دبایا جا رہا ہے۔

اس سے قبل وانگچک اور لیہہ و کارگل کے سیاسی لیڈروں نے مشترکہ طور پر ’’لداخ سے ہنگامی اپیل‘‘ جاری کرتے ہوئے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور قائد حزب اختلاف راہل گاندھی سے مداخلت کی اپیل کی تھی۔ انہوں نے مطالبہ کیا تھا کہ ۴؍ دسمبر کو ہونے والے لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسل (LAHDC) کے انتخابات ملتوی کرکے اگلے سال مئی یا جون میں کرائے جائیں۔ وانگچک نے خبردار کیا تھا کہ اگر ان کے مطالبات پر توجہ نہیں دی گئی تو ’’پرامن لیکن شدید احتجاجی تحریکیں‘‘ شروع کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ دسمبر اور جنوری لداخ کے سرد ترین مہینے ہوتے ہیں، جب درجہ حرارت منفی ۳۰؍ ڈگری سیلسیس سے بھی نیچے چلا جاتا ہے۔ اس دوران تقریباً نصف آبادی نقل مکانی کرجاتی ہے، جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد انتخابات میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے سے محروم ہوسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: سونیا گاندھی کی یادداشت: کتابوں کی دکانوں پر ہیری پوٹر کے بعد سب سے زیادہ بھیڑ

لداخ کے رکن پارلیمان محمد حنیفہ جان، کارگل ڈیموکریٹک الائنس کے شریک چیئرمین اصغر علی کربلائی اور لیہہ ایپکس باڈی کے شریک چیئرمین چیرنگ دورجے نے بھی وانگچک کے ساتھ اس اپیل میں حصہ لیا۔ لیڈروں نے انتخابات کے انعقاد میں جلد بازی پر سوال اٹھاتے ہوئے خبردار کیا کہ برف باری کے باعث آمدورفت کے ذرائع اور انتخابی انتظامات متاثر ہوسکتے ہیں۔ لیڈروں نے سردیوں میں ہونے والی نقل مکانی کے حوالے سے مختلف اعداد و شمار پیش کیے۔ ان کے مطابق اس عرصے میں ۲۰؍ سے ۲۵؍ فیصد سے لے کر تقریباً ایک تہائی آبادی لداخ سے باہر چلی جاتی ہے، جبکہ کربلائی کا دعویٰ تھا کہ طلبہ برادری سمیت تقریباً ۸۰؍ فیصد آبادی اس دوران علاقے سے باہر ہوتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK