Inquilab Logo

مالیگائوں دھماکہ ۲۰۰۸ء: ملزم سدھاکر کیخلاف وارنٹ جاری

Updated: March 16, 2024, 4:31 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

جمعہ کو دیانند پانڈے پھر عدالت سے غائب تھے اور ان کے وکیل رنجیت سانگلے نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل بیمار ہیں اس لئے عدالت نہیں  آسکے۔

Dayanand Pandey Photo: INN
دیانند پانڈے۔ تصویر: آئی این این

مالیگائوں میں ۲۰۰۸ء میں ہونے والے بم دھماکہ کے مقدمہ کی سماعت کے دوران ہدایت کے باوجود عدالت سے غیرحاضر رہنےپر این آئی اے کی خصوصی عدالت نے ملزم سدھاکر اُدئےبھان دھر دیویدی عرف دیانند پانڈے کے خلاف جمعہ کو ۱۰؍ہزار روپے کا قابل ضمانت وارنٹ جاری کیا ہے۔ 
یاد رہے کہ اسی ہفتہ کی ابتداء میں این آئی اے عدالت کے خصوصی جج اے کے لاہوٹی نے اس کیس کی کلیدی ملزمہ اور بھوپال سے بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے عدالت سے غیرحاضر رہنے پر اس کے خلاف بھی ۱۰؍ہزار روپے کے ذاتی مچلکہ کاقابل ضمانت وارنٹ جاری کیا تھا جس کے بعد وہ عدالت میں حاضر ہوگئی تھیں۔ 
حالانکہ خصوصی جج نے جمعہ کو اس کیس کے دیگر ۴؍ملزمین کی غیرحاضری پر کوئی اعتراض نہیں کیا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ مقدمہ آخری مراحل میں ہے اور ملزمین کا بیان درج کرنے کی کارروائی جاری ہے اور جج کو دیانند پانڈے کا بیان درج کرنا ہے۔ گزشتہ تاریخ کو بھی دیانند پانڈے عدالت میں حاضر نہیں ہوئے تھے جس پر جج نے انہیں ۱۵؍ مارچ کو عدالت میں موجود رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی تھی۔ 
جمعہ کو دیانند پانڈے پھر عدالت سے غائب تھے اور ان کے وکیل رنجیت سانگلے نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل بیمار ہیں اس لئے عدالت نہیں  آسکے۔ البتہ ان کی بیماری کے ثبوت کے طور پر عدالت میں اصل طبی دستاویز کے بجائے ان کی کاپی پیش کی گئی جسے قبول کرنے سے جج نے انکار کردیا اور پانڈے کے خلاف ۱۰؍ ہزار روپے کا قابل ضمانت وارنٹ جاری کردیا۔ 
یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ سادھوی پرگیہ نے بھی عدالت سے غیرحاضر رہنے پر بیماری کا عذر پیش کیا تھا اور اپنے طبی دستاویز کی کاپی عدالت میں پیش کی تھی جسے عدالت نے قبول نہیں کیا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK