مجموعی طور پر ۳۲۰۰؍ صفحات پر مشتمل چارج شیٹ میں ۴۱؍ ملزمین کے نام شامل، مگر کسی بنگلہ دیشی کی موجودگی کا کوئی تذکرہ نہیں۔
EPAPER
Updated: May 20, 2025, 12:42 PM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon
مجموعی طور پر ۳۲۰۰؍ صفحات پر مشتمل چارج شیٹ میں ۴۱؍ ملزمین کے نام شامل، مگر کسی بنگلہ دیشی کی موجودگی کا کوئی تذکرہ نہیں۔
جعلی برتھ سرٹیفکیٹ معاملے میں مالیگائوں پولیس نے ایک ہزار سے زائد صفحات پر مشتمل فرد جرم ( چارج شیٹ ) نے عدالت میں داخل کی ہے۔ اس سے پہلے ۲۰۰؍ صفحات پر مشتمل چارج شیٹ داخل کی گئی تھی۔ اب مجموعی طور سے چارج شیٹ ۳۲۰۰؍ کی ہو گئی ہے۔ یاد رہے کہ اس معاملے میں اَب تک دو ایف آئی آر درج ہوئی ہیں جن میں ۴۱؍ افراد کو ملزم بنایا گیا ہے۔ ان میں سے ۱۹؍ ملزمین زیر حراست ہیں اور ناسک سینٹرل جیل میں قید ہیں۔ ملزمین کی فہرست میں ۳؍ خواتین کے نام بھی شامل ہیں۔ ان کے علاوہ ۸؍ خواتین ایسی جنہیں دورانِ تفتیش نوٹس دے کر چھوڑ دیا گیا تھا لیکن وہ تفتیشی دائرے میں ہیں۔ ملزمین میں سے ۲؍ کو سپریم کورٹ نے عبوری ضمانت بھی دی ہے۔ امکان ہے کہ دیگر ملزمین کی ضمانت کے عریضے مرحلہ وار مقامی عدالت اور اعلیٰ عدالتوں میں پیش کئے جائیں گے۔
کسی بنگلہ دیشی کے شہر میں ہونے کا ثبوت نہیں
ایڈوکیٹ شیخ توصیف ( لیگل ایڈوائزر، مائناریٹی ڈیفنس کمیٹی، مالیگاؤں ) نے انقلاب سے گفتگو کے دوران کہا کہ فرد جرم میں کئی اہم خامیاں ہیں۔ ایک خاتون کا نام بطورِ ملزم شامل ہے جبکہ اُس کا انتقال ۱۹ ؍ دسمبر ۲۰۲۴ء کو ہوچکا ہے۔ جہاں تک ہم نے فرد جرم کا مطالعہ اور تجزیہ کیا تو یہ بات واضح ہوئی ہے کہ کسی بھی غیر ملکی باشندے کی مالیگاؤں میں سکونت سے متعلق کوئی معلومات، تفصیلات، وضاحت یا پختہ ثبوت موجود نہیں ہے۔ ایڈوکیٹ شیخ نے کہا کہ بی جے پی لیڈر کریٹ سومیّا کے ذریعے مالیگاؤں میں بنگلہ دیشی یا روہنگیائی باشندوں کی اقامت و پناہ گزینی کا سیاسی موضوع اُچھالا گیا تھا۔ جو محض سیاسی ہی سمجھا جائے اِس کی دلیل یہیں ملتی ہے کہ کوئی غیر ملکی باشندہ مالیگاؤں میں نہیں۔
مالیگائوں کو بدنام کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے
محمد مستقیم ( رابطہ کار، مائناریٹی ڈیفنس کمیٹی ) نے کہا کہ ہم نے کل بھی کہا تھا اور آج بھی کہتے ہیں کہ مالیگاؤں کو بدنام کرنے کا سلسلہ بھارتیہ جنتا پارٹی بند کردے۔ منافرت کے فروغ سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا جنہیں پنکچر ساز کہہ کر تضحیک کی جاتی ہے اُسی قوم کی بیٹی آپریشن سِیندور کا محاذ سنبھالتی ہے۔ محمد مستقیم کے مطابق برسراقتدار سیاسی گروہ مالیگاؤں کی ترقی اور وقار کیلئے، نیز یہاں کے شہریوں کو آئینی حقوق دینے کیلئے کام کرے، یہی اصل سیاست ہے۔ اِس گفتگو کے دوران انہوں نے رکن اسمبلی مفتی اسماعیل قاسمی (ایم آئی ایم ) کو روایتی انداز میں ہدف تنقید بھی بنایا۔
واضح رہے کہ جاری سال میں ۸؍ جنوری کو ریاست کے وزیراعلیٰ و داخلہ دیویندر فرنویس نے کریٹ سومیا کے مطالبے پر مالیگاؤں میں بنگلہ دیشی اور روہنگیا افراد کی سکونت و اقامت کے تعلق سے جانچ کیلئے ۵ ؍ رکنی اسپیشل انویسٹی گیٹیو ٹیم ( ایس آئی ٹی ) تشکیل دی تھی۔ ایس آئی ٹی کو ۶؍مہینے کے دوران کام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔