ای وی ایم نے انتخابی عمل کو مشتبہ بنا دیا ہے ، اب سخت فیصلے لینے ہوں گے،سی ڈبلیو سی میٹنگ میں کھرگے کا اظہار خیال
EPAPER
Updated: November 30, 2024, 10:55 AM IST | Agency | New Delhi
ای وی ایم نے انتخابی عمل کو مشتبہ بنا دیا ہے ، اب سخت فیصلے لینے ہوں گے،سی ڈبلیو سی میٹنگ میں کھرگے کا اظہار خیال
کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) کی ایک اہم میٹنگ جمعہ کے روز دہلی میں منعقد ہوئی۔ اس کی صدارت کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے کی۔ میٹنگ میں راہل گاندھی، پرینکا گاندھی، کے سی وینوگوپال، جئے رام رمیش سمیت کئی سرکردہ لیڈران نے شرکت کی۔ کھرگے نے اس میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ اسمبلی انتخاب کے نتائج سے مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھئے:سنبھل میں سخت حفاظتی انتظامات میں نماز جمعہ کی ادائیگی، ڈرون سے نگرانی
حالانکہ انہوں نے پارٹی کو مضبوط کرنے کیلئے اوپر سے لے کر نیچے تک تبدیلی کی ضرورت پر زور دیا۔ کھرگے نے ایک بار پھر ای وی ایم پر سوال قائم کیا۔ انہوں نے کہا کہ ای وی ایم نے انتخابی عمل کو مشتبہ بنا دیا ہے، الیکشن کمیشن کو آزادانہ اور غیر جانبدارانہ انتخاب یقینی بنانا چاہیے۔ کھرگے نے مزید کہا کہ مہاراشٹر اسمبلی انتخاب میں کوئی بھی ریاضی برآمد نتائج کو درست نہیں ٹھہرا سکتا۔ لوک سبھا انتخاب میں جس طرح سے مہاوکاس اگھاڑی نے مظاہرہ کیا، اس حساب سے اسمبلی انتخاب کے نتائج دیکھ کر سیاسی پنڈت بھی حیران ہیں۔ ایسے میں آزادانہ اور غیر جانبدارانہ انتخاب یقینی بنانا الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے۔ کھرگے نے وائناڈ سے پرینکا گاندھی اور ناندیڑ سے رویندر چوہان کے لوک سبھا ضمنی انتخاب جیتنے پر مبارکباد بھی پیش کی۔ ساتھ ہی کہا کہ ’’ہمیں فوراً انتخابی نتائج سے سبق لیتے ہوئے تنظیمی سطح پر اپنی سبھی کمزوریوں اور خامیوں کو درست کرنے کی ضرورت ہے۔ ‘‘مہاراشٹر اسمبلی انتخاب کے تعلق سے کھڑگے نے کہا کہ ’’انتخابات میں ماحول ہمارے حق میں تھا۔ لیکن صرف ماحول حق میں ہونا جیت کی گارنٹی نہیں۔ ہمیں ماحول کو نتائج میں بدلنا سیکھنا ہوگا۔ ‘‘ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں زیادہ محنت کرنے کیساتھ منصوبہ بند طریقے سے پالیسی تیار کرنی ہوگی۔ ہمیں اپنی تنظیم کو بوتھ سطح تک مضبوط کرنا ہوگا۔ اس میٹنگ میں مہاراشٹر کانگریس کے کارگزار صدر عارف نسیم خان نے اجمیر شریف اور سنبھل کا معاملہ اٹھایا اور مطالبہ کیا کہ پارٹی اس معاملے کو سنجیدگی سےلے اور فوری کارروائی کرے۔