اس معاملے میں بی جے پی لیڈر کے ذریعے ایک مسجد ٹرسٹ کے صدرجو ملزم کا بھائی ہے، کو نشانہ بنانے پر ناراضگی۔
منشیات۔ تصویر:آئی این این
میرا بھائندر وسئی ویرار پولیس نے ایم ڈی ڈرگس مینوفیکچرنگ اور سپلائی کے بڑے ریکٹ کا پردہ فاش کرتے ہوئے ۱۳؍ افراد کو گرفتار کیا تھا اور تقریباً ۶؍ کلو۷۳۷؍ گرام ڈرگس ، ڈرگس بنانے کی اشیاء اور خطرناک کیمیکل وغیرہ جس کی مالیت۱۴؍ کروڑ روپے سے زائد ہے، ضبط کیا تھا۔
اس معاملے میں پولیس افسران کی سربراہی میں مالونی میں ۲؍ مقامات پر اور ماروے ، منوری اور گورائی وغیرہ میں چھاپے مارے گئے تھے۔پولیس کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ اگر ملزمین ضبط شدہ اشیاء سے بھی ڈرگس بنانے میں کامیاب ہوجاتے تو۵۰؍ کلو سے زائد منشیات بنتی اور عالمی مارکیٹ میں اس کی مالیت ۱۰۰؍کروڑ روپے سے زائد ہوتی۔ اس تعلق سے پولیس کی ٹیم ڈیڑھ ماہ سے زائد وقت سے ملزمین کی گرفتاری کیلئے جال بچھائے ہوئے تھی۔ واضح رہے کہ گرفتاریاں میراروڈ، مالونی، بائیکلہ، جوگیشوری اور گجرات میں ہوئی ہیں۔ کرائم برانچ کے مطابق کارروائی آگے بڑھاتے ہوئے فارم ہاؤس کے مالک وسیم شیخ عرف وسیم منڈپ کا نام بھی ایف آئی آر میں شامل کرلیا گیا ہے مگر خبر لکھے جانے تک اسے مفرور بتایا گیا تھا اور اس کا موبائل فون بھی بند ہے۔ اس کی سرگرمی سے تلاش جاری ہے۔
دریں اثناء کرائم برانچ یونٹ۴؍کی ٹیم گرفتارشدہ ملزم اکرم خان کو ساتھ لے کر سرچ آپریشن کیلئے اس کے گھر گئی، تلاشی لی اور پنچنامہ کیا اور دیگر جگہوں پر بھی اسے لے گئی۔ پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ابھی تفتیش جاری ہے ، کچھ اور گرفتاریوں سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔اس خبر کے عام ہونے کے بعد بی جے پی لیڈر ونود شیلار نے ایک تفصیلی پوسٹ میں ملزم اکرم خان کے بڑے بھائی انجمن جامع مسجد کے صدر اجمل خان کو نشانہ بنایا اور لکھا کہ یہ انجمن جامع مسجد کا صدر ہے اور اس طرح کے کارنامے ہیں۔ انہیں اسلم شیخ کا قریبی اور زمین مافیا بھی قرار دے کر نشانہ بنایا ہے۔ اس پر اجمل خان نے نمائندۂ انقلاب کو بتایا کہ جو کچھ ہوا، وہ ہم سب کیلئے انتہائی شرمناک ہے۔ میں یہ مانتا ہوں اور پولیس افسران سے بھی میں نے یہ کہا ہے کہ معاملے کی باریکی سے تفتیش کی جائے۔ اگر ہمارا بھائی قصوروار پایا جائے تو اسے ضرور سزا دی جائے۔ میں طرفداری یا سفارش نہیں کروں گا مگر مسجد کا صدر ہونے پر طنز اور زمین مافیا کہنا میں سمجھتا ہوں غلط ہی نہیں یہ اوچھی اور گھٹیا سیاست ہے۔ آخر اس سے مسجد کا کیا لینا دینا۔ ہمارا یا ہمارے گھر کے دیگر افراد کا اس طرح کی سرگرمیوں سے دور کا بھی کبھی کوئی تعلق نہیں رہا ہے۔ آج تک کوئی انگشت نمائی نہیں کرسکا تھا۔ اس کے علاوہ ہیم گری بلڈنگ کے قریب اجمل چال سے بھی ممنوعہ اشیاء کی برآمدگی کا الزام غلط اور بے بنیاد ہے۔