Inquilab Logo Happiest Places to Work

مالونی :ایس آراے کے تحت سرو ے اورنوٹس سے مکین تذبذب کا شکار

Updated: June 16, 2026, 10:02 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

کل زمینات۶۴۱؍ایکڑ ہیں۔ پروجیکٹ کی تفصیل بتاکر اور عوام کواعتماد میںلے کرہی بازآبادکاری کا عمل آگے بڑھانے کا شہریوں کا مطالبہ۔

Malvani.Photo.INN
مالونی۔ تصویر:آئی این این
 مالونی میں ایس آر اے کے تحت بعض حصے میں بایو میٹرک سروے کیا گیا اور مکانات پر سرخ روشنائی سے نمبر لکھے گئے ہیں تو کئی پلاٹس میں نوٹس چسپاں کیا گیا ہے۔ اس سے مکین پس وپیش میں ہیں ۔ ان کے ذہنوں میں طرح طرح کے سوال ہیں کہ آخر یہ کیا ہو رہا ہے، کیوں ہورہا ہے اور کون کررہا ہے؟ اس کی نہ تو کوئی وضاحت کی گئی ،نہ مکینوں کو سمجھایا گیا اور نہ ہی کوئی پیشگی اطلاع دی گئی۔ 
 ۶۴۱؍ایکڑزمینیں ہیں؟
مالونی میں پرائیویٹ، کلکٹر، بی ایم سی اور مہاڈا کی ۶۴۱؍ ایکڑ زمینات ہیں۔اسے کلسٹر ڈیولپمنٹ کے تحت ڈیولپ کیا جانا ہے مگر اس کی صحیح معلومات نہ دیئے جانے سے مکین پریشان ہیں۔ پھر اِسی وقت مردم شُماری کی جارہی ہے اورمکانات پر سیاہ روشنائی سے نمبرات لکھے جارہے ہیں۔ اس کے علاوہ بی ایل او کی عدم دستیابی کے سبب ایس آئی آر کا جاری کام بھی متاثر ہے۔ اس سے مکین مزید پس وپیش میں ہیں۔۶۴۱؍ایکڑ زمین کا حوالہ ناگپور کے سرمائی اجلاس میں  حکومت کی جانب سے دیا گیا تھا۔ 
ایس آراے کی نوٹس میںکیالکھا گیا ہے؟
ایس آر اےآفس (باندرہ) کے ذریعے چسپاں کردہ نوٹس میں لکھا گیا کہ جھوپڑ پٹی بستی کے کلسٹر میں رہنے والے تمام مکینوں کو مطلع کیا جاتا ہے کہ مہاراشٹر حکومت کی جھوپڑ پٹی بازآبادکاری اتھاریٹی کی جانب سے جھوپڑیوں کا سروے کیا جائے گا جس کے دوران ہر جھوپڑے کا نمبر دیا جائے گا، فوٹوگرافی ہوگی اور نقشہ بندی کی جائے گی۔اس کے بعدایم آئی ایس (بایومیٹرک) سروے شروع ہوگا۔ نوٹس میں یہ بھی لکھا گیا کہ یہ سروے براہِ راست ایس آر اے کی جانب سے کیا جا رہا ہے ، اس کا کسی ڈیولپر یا نجی ادارے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ جھوپڑا مالکان اور مکینوں کے قانونی حقوق برقرار رہیں گے۔ متعلقہ کلسٹرمالونی (راجیو گاندھی نگر) میں شامل پلاٹس کے نمبرات بھی دیئے گئے ہیں۔ اس علاقے میں بایومیٹرک سروے کی تاریخ ۲۵؍جون سے سروے مکمل ہونے تک، مگرآخری تاریخ کا نوٹس میںکوئی تذکرہ نہیں کیا گیا ہے۔ اس لئے تمام مکینوںسے درخواست ہے کہ مقررہ تاریخ پر اپنے جھوپڑے پر موجود رہیں اور سروے ٹیم کے ساتھ تعاون کریں تاکہ سرکاری کارروائی مکمل کی جا سکے۔
 
 
مکینوں نے کیوں اعتراض کیا 
پلاٹ نمبر۵۴؍میںیہ نوٹس چسپاں کیا گیا ہے ، اسی کے قریب پلاٹ نمبر۵۹؍میںرہنے والے محمود خان نے بتایاکہ’’ نوٹس توچسپاں کردیا گیا ،کسے معلوم کہ کس نے چسپا ں کیا اوراس کا کیا مقصد ہے۔اس کے بارے میںبیشترلوگ لاعلم ہیں، انہیں بتایاجائے،پروجیکٹ کی تفصیل دی جائے، بازآبادکاری کی کیا صورت ہوگی، اسے واضح کیا جائے نہ یہ کہ آہستہ سے نوٹس چسپاں کرکے ایس آراے کےافسران اچانک پہنچ جائیں۔ یہی وجہ ہےکہ لوگ تذبذب میں ہیں۔‘‘
سروے ہوگیا 
پاٹھک چال گیٹ نمبرایک پررہنے والے ذاکر شیخ نے بتایاکہ’’ ان کےچال میں۵؍ فیصد لوگوں کا سروے ہوا ہے،بقیہ مکان مالکان نہیں تھے۔ ایس آر اے کے سروے کےبارے میں پہلے کچھ افسران آئے تھے اور ایم ایل اے اسلم شیخ نے میٹنگ کی تھی ، اس میںتفصیلات بتائی گئی تھیں، اس کےبعد ہم لوگوں کا سروے کیا گیاہے لیکن حقیقت یہ ہےکہ ہم خود اس کی تفصیل نہیںسمجھ سکے ہیں۔‘‘
 
 
گیٹ نمبر ۶؍نالے کے قریب رہنے والے ۱۰۶؍ مکانات کا بھی سروے کیا گیا ہے مگر یہاں کے مکین مطمئن نہیں ہیں۔ ان کا کہنا ہےکہ سروے افسران پہلے کچھ کہتے ہیںاور جب ان سے کہا گیا کہ اوپر نیچے کے مکانات، کاغذات اورمیٹر الگ الگ ہیں تو وہ کہہ رہے ہیںکہ اس سے کوئی فائدہ نہیں، ایک ہی گھرملے گا۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK