Inquilab Logo

انڈیا اتحاد لوک سبھا الیکشن میں بی جے پی کی ہار یقینی بنائے گا: ممتا بنرجی

Updated: December 05, 2023, 2:33 PM IST | Kolkata

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ۳؍ ریاستوں میں بی جے پی کی فتح کیلئے کانگریس ذمہ دار ہے اور اسے وقت پر سیٹوں کی تقسیم کرنی چاہئے تھی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ انڈیا اتحاد درست سیٹوں کی تقسیم کے ذریعے ۲۰۲۴ء لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کی ہار کو یقینی بنائے گا۔

Mamata Banerjee speaking. Photo: PTI
ممتا بنرجی خطاب کرتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ۳؍ ریاستوں میں بی جے پی کی فتح کیلئے کانگریس کو ذمہ دارٹھہرایا اور اس بات سے انکار کیا کہ اتوار کے اسمبلی انتخابات کے نتائج کا لوک سبھا انتخابات پر کوئی بھی اثر نہیں ہو گا۔ ممتا بنرجی نے لوک سبھا میں بی جے پی کو شکست دینے کے تعلق سےدعویٰ کیا کہ متحد انڈیا بلاک درست سیٹوں کی تقسیم کے بعد بی جے پی کی ہار کو یقینی بنائے گا۔ انہوں نے  اسمبلی انتخابات کے نتائج کے تعلق سے کہا کہ یہ کانگریس کی شکست ہے نہ کہ لوگوں کی ۔ عوام نے بی جے پی کے حق میں فیصلہ سنایا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: وزارتِ اعلیٰ کیلئے رسہ کشی تیز، شیوراج، رمن سنگھ اور وسندھرا پیش پیش

خیال رہے کہ ان کی پارٹی نے بھی اتوار کو اسمبلی انتخابات کے نتائج سامنے آنے کے بعد شکست کیلئے کانگریس کو ذمہ دار ٹھہرایا تھاجبکہ بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی کو کسی بھی طرح کا کریڈیٹ دینے سے انکار کر دیا ہے۔
ممتا بنرجی نےایوان میں بی جے پی کی فتح کے تعلق سے کہا کہ بی جےپی کی وقت پر درست سیٹوں کی تقسیم نے اسے ۳؍ ریاستوں میں فتح دلائی ہے۔ ہم نےان پر زور دیا تھا کہ جلد از جلد سیٹوں کی تقسیم کر لیں۔مجھے یقین تھا کہ سیٹوں کی تقسیم سے یہ مسائل حل ہو جائیں گے۔ فرض کرو ایک بڑی پارٹی کانگریس جس نے ایک چھوٹی پارٹی سے ۶؍ سیٹیں مانگیں جنہیں ۳؍ سیٹ دینا چاہئے تھالیکن کانگریس نے ایسا نہیں کیا جس کے سبب بی جے پی جیت گئی ہے۔ میں یہ یقین رکھتی ہوں کہ سیٹوں کی درست تقسیم ہو تو بی جے پی حکومت ۲۰۲۴ء میں اقتدار میں واپس نہیں آئے گی۔اس کیلئے انڈیا اتحاد ایک ساتھ کام کرے گا۔ ہم اپنی غلطیوں کودرست کریں گے۔ایک غلطی بہت سے بڑے سبق سکھاتی ہے۔ صرف تنقید سے کسی بھی مقصد کو حاصل نہیں کیا جا سکتا ہے۔
ممتا نے الیکشن مہم کے تعلق سے کہا کہ صرف مہم یا اشتہار کام نہیں کرے گا۔اس کیلئے حکمت عملی نہایت ضروری ہے۔حکمت عملی کو نظریے کے ساتھ ملانا جانا چاہئے۔ حکمت عملی اور اپنے مقصد کو پانے کیلئے محنت کرنا اہم ہے۔ یہی سبق میں نے سوامی وویکانند سے سیکھا ہے۔
انہوں نے اسمبلی انتخابات کی صداقت پر بھی سوال قائم کیا اور بی جے پی پر اپنے مخالفین کو کنارےکرنے کیلئے مرکزی تفتیشی ایجنسیوں کا غلط استعمال کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے اس ضمن میں کہا کہ شاید کچھ لوگ جیت گئے جس کیلئے میں انہیں مبارکباد پیش کروں گی لیکن جمہوریت داغدار ہو گئی ہے جس کیلئے مجھے افسوس ہے۔الیکشن کہا تھا؟ یہ ایجنسیوں کی بنیاد پر ہونے والا الیکشن تھا۔ تفتیشی ایجنسیوں کی آلودگی تھی جنہوں نے الیکشن کے نام پر ریاستوں کو آلودہ کیا ہے۔انہوں نے بی جے پی لیڈر سویندو ادھیکار ی کی جانب سے پیر سے اپنی حکومت کے خلاف ’’پنسر تحریک ‘‘ کی دھمکی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی بی جے پی صرف غیر ضروری کام ہی کر سکتی ہے۔ میں کمزور نہیں ہوں میں بہت مضبوط ہوں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK