ماہانہ ریڈیو پروگرام کے ۱۳۴؍ ویں ایڈیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کئی ترغیباتی کاموں کا ذکر کیا اورکہا کہ ملک عوام کی طاقت سے آگے بڑھ رہا ہے۔
EPAPER
Updated: June 01, 2026, 10:27 AM IST | New Delhi
ماہانہ ریڈیو پروگرام کے ۱۳۴؍ ویں ایڈیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کئی ترغیباتی کاموں کا ذکر کیا اورکہا کہ ملک عوام کی طاقت سے آگے بڑھ رہا ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک میں ایسٹرونومی (علم فلکیات) کلبوں کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا ذکر کرتے ہوئے طلبہ سے اپنی دلچسپی کے مطابق ان کلبوں سے جڑنے کی اپیل کی ہے۔ مودی نے اتوار کو آکاش وانی پر اپنے ماہانہ پروگرام ’من کی بات‘ میں کہا کہ ملک بھر میں بڑے شہروں سے لے کر چھوٹے قصبوں تک، اسکولوں سے لے کر پارکوں تک ایسٹرونومی کلب تیزی سے مقبول ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ’’آج کے نوجوانوں میں بھی اس کے تعلق سے کافی جوش و خروش دکھائی دیتا ہے۔ مجھے بنگلور ایسٹرونومیکل سوسائٹی کے بارے میں معلومات ملی۔ یہاں خصوصی سیشن منعقد کیے جاتے ہیں۔ اس ادارے نے دیہی علاقوں میں ایسٹرونومی کو مقبول بنانے کا مشن بھی شروع کیا ہے۔ کھگول منڈل نامی ایک ٹیم نے۳۰؍ گھنٹے کا ایک بالکل نیا کورس شروع کیا ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ اسی طرح اشوک کیرالا نامی ایک ادارہ نائٹ کیمپ اور ورکشاپ منعقد کرتا ہے۔ یہاں نوجوان ساتھی ٹیلی اسکوپ بنانا اور اسٹار میپ کا استعمال کرنا سیکھتے ہیں۔ راجکوٹ کے بگ بینگ ایسٹرونومی کلب نے گر کے جنگلوں سے لے کر کچھ کے رَن تک کئی پروگرام منعقد کیے ہیں ۔ انہوں نے آئی سیک ادارے کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ یہ طلبہ کا ایک ملک گیر نیٹ ورک ہے جو ایسٹرونومی اور ایسٹرو فزکس کلبوں کو آپس میں جوڑتا ہے۔ انہوں نے طلبہ سے کہا کہ ان کیلئے اپنی دلچسپی کے موضوعات کیلئے وقت نکالنا اور مسلسل کچھ نیا سیکھتے رہنا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا’’میں نوجوانوں سے گزارش کروں گا کہ وہ کسی ایسٹرونومی کلب سے ضرور جڑیں اور ان چھٹیوں میں کسی تارامنڈل (پلانیٹیریم) کو بھی ضرور دیکھنے جائیں۔ ‘‘
سینئر اتھلیٹک فیڈریشن کپ ٹورنامنٹ کے فاتحین کو مبارکباد
وزیر اعظم نریندر مودی نے نیشنل سینئر اتھلیٹک فیڈریشن کپ ٹورنامنٹ کے فاتحین کو مبارکباد دی۔ انہوں نے۱۰۰؍ میٹر دوڑ میں نیا نیشنل ریکارڈ بنانے والے دو کھلاڑیوں، گریندر ویر سنگھ اور انیمیش کجور سے خاص طور پر بات چیت کی اور ان کے کھیل کے جذبے اور کھیلوں کے شعبے میں ملک کو آگے بڑھانے کے ان کے جنون کی ستائش وحوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں جھارکھنڈ کے رانچی میں منعقدہ نیشنل سینئر اتھلیٹک فیڈریشن کپ ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں نے کچھ ایسی ہی کامیابیاں حاصل کیں۔ اس ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے تقریباً ۸۰۰؍ ایتھلیٹ نے حصہ لیا اور چار الگ الگ مقابلوں میں چار نئے نیشنل ریکارڈز بنے۔ وزیر اعظم نے بتایا کہ گریندر ویر سنگھ، وشال ٹی کے، تیجسیون شنکر، دیو مینا اور کلدیپ کمار نے مختلف کیٹیگریز میں نئے ریکارڈ قائم کیے ہیں۔ انہوں نے ان تمام کھلاڑیوں کو اس کامیابی پر مبارکباد دی۔ وزیر اعظم نے۱۰۰؍ میٹر دوڑ میں محض ۲؍ دنوں کے اندر ۳؍ بار نیشنل ریکارڈ ٹوٹنے کے کارنامے کا خاص طور پر ذکر کیا اور یہ کارنامہ کرنے والے گریندر ویر سنگھ اور انیمیش کجور سے بات کی۔
یہ بھی پڑھئے: ڈی کے شیو کمار کانگریس قانون ساز پارٹی کے لیڈر منتخب،حکومت سازی کا دعویٰ پیش کیا
ملک عوام کی طاقت سے آگے بڑھ رہا ہے
وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ملک کے گاؤں اور شہروں میں ایسے کئی ترغیباتی کام ہو رہے ہیں جن سے یہ یقین مزید مضبوط ہوتا ہے کہ ملک عوام کی طاقت سے مسلسل آگے بڑھ رہا ہے۔ مودی نے اتوار کے روز اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام من کی بات کی۱۳۴ ؍ ویں قسط میں اسی طرح کے کئی ترغیباتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے لوگوں سے ان کی ستائش کرنے اور ان سے وابستہ ہونے کی اپیل کی ہے۔ وزیر اعظم مودی نے تمل ناڈو کے ناگرکوئل میں ایک خاتون ٹیچر گریجا اماں کے ساتھ اپنی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گریجا اماں جی تقریباً۱۵؍ اسکول چلاتی ہیں۔ ان میں چنئی کا جے گوپال گروڈیا ہندو ودیالیہ بہت اہم ہے۔ ان کا حب الوطنی کا جذبہ ہر ہندوستانی کو ترغیب دینے والا ہے۔ انہوں نے ’من کی بات‘ سے متاثر ہو کر ملک کے کئی فوجیوں کیلئے تعاون کرنے کا عزم کیا۔ اس کے لیے انہوں نے اپنے تمام اسکولوں کو ترغیب دی۔ انہوں نے بچوں سے کہا کہ وہ بہادر جوانوں کے لیے ہر دن ایک روپیہ کا تعاون دیں۔ یعنی ایک سال میں ہر طالب علم کی طرف سے۳۶۵؍ روپے جمع ہوئے۔ اس چھوٹے چھوٹے تعاون سے تقریباً۴۰؍ لاکھ روپے جمع ہوئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ گریجا اماں جی نے اس پوری رقم کا چیک مجھے سونپا۔ ان سے بات چیت کے دوران میں نے محسوس کیا کہ ہندوستان کے تئیں ان کا لگن کتنا گہرا ہے۔ ملک کی تعلیم اور ثقافتی وقار کو آگے بڑھانے میں اس اسکول نیٹ ورک کا کردار انتہائی قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کیرلا کے الوا میں، ساجی ولاشیرل کے ذریعہ چلائے جا رہے مفت سوئمنگ کلب کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ یہاں اب تک۱۵؍ ہزار سے زیادہ لوگ تیرنا سیکھ چکے ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ ساجی جی نے معذور بچوں کو بھی تیراکی سکھائی ہے۔