نظم و نسق کی مسلسل بگڑتی صورت حال کے پیش نظرپولیس کمشنر کا اقدام۔ کھڑک پولیس اسٹیشن کے انچارج کو ہٹا دیا گیا ہے۔ کرائم برانچ میں بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ گھوڑپڑے پیٹھ پولیس چوکی میں بھی تبادلے کئے گئے۔
EPAPER
Updated: July 27, 2026, 10:53 AM IST | Pune
نظم و نسق کی مسلسل بگڑتی صورت حال کے پیش نظرپولیس کمشنر کا اقدام۔ کھڑک پولیس اسٹیشن کے انچارج کو ہٹا دیا گیا ہے۔ کرائم برانچ میں بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ گھوڑپڑے پیٹھ پولیس چوکی میں بھی تبادلے کئے گئے۔
کھڑک پولیس اسٹیشن کے علاقے میں فائرنگ کے کئی واقعات کے بعد پونے سٹی پولیس کمشنر امیتیش کمار نے کھڑک پولیس اسٹیشن کے سینئر انسپکٹر اور کرائم برانچ کے افسران کا تبادلہ کر دیاہے۔ حکم نامے کے مطابق ان افسران کا پولیس کنٹرول روم میںتبادلہ کیا گیا ہے۔ دیگر پولیس افسران کے بھی تبادلے کر دیئے گئے ہیں۔
جرائم کے واقعات میں گھوڑپڑے پیٹھ پولیس چوکی کے باہر موٹر سائیکل پر سوار ۲؍ افراد نے فائرنگ کی تھی جس سے ایک شخص زخمی ہو گیا جبکہ اس کا دوست بال بال بچا تھا ۔ گنیش پیٹھ کے رہنے والے زخمی خواجہ الدین شیخ (۲۹) کو اسپتال داخل کرایا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ملزمین گزشتہ چند ماہ سے اس کی تلاش کر رہے تھے۔ ایک الگ واقعہ میں لوہیا نگر میں جمعہ کی شام۶؍ بجے کے قریب نابالغوں نے ۲؍ گولیاں چلائیں۔ واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔ کھڑک پولیس نے سنیچر کے روز بتایا کہ تقریباً تین ماہ قبل ہونے والے ایک کرکٹ میچ پر نابالغوں کے دو گروپوں میں لڑائی ہوئی تھی۔ ایک گروپ نے دوسرے کو سبق سکھانے کا فیصلہ کیا اور اس گروپ کا ایک ممبر بندوق حاصل کرنے کیلئے مدھیہ پردیش گیا تھا۔ پولیس نے اس معاملے میں نابالغوں کو حراست میں لے لیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: گڈچرولی : پنچایت صدر اور کانگریس کے ۹؍ کارپوریٹربی جے پی میں شامل
پونے پولیس کمشنریٹ نے قانون نظم و نسق کو مزید موثر بنانے اور امن و امان کی فضا قائم کرنے کے مقصد سے ۶؍پولیس انسپکٹروں کے عبوری تبادلے کئے ہیں۔ یہ فیصلہ مہاراشٹر پولیس ایکٹ ۱۹۵۱ء کی دفعہ۲۲؍ کے تحت سنیچر کو منعقدہ پونے سٹی پولیس اسٹیبلشمنٹ بورڈ کی میٹنگ میں کیا گیا۔ پولیس کمشنر امیتیش کمار نے تبادلے کے احکامات جاری کئے۔
پولیس انتظامیہ کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق مختلف پولیس اسٹیشنوں اور برانچز میں کام کرنے والے افسران کو نئی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔نوبھارت ٹائمز کی خبر کے مطابق افسران سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی نئی ذمہ داریوں چارج سنبھال لیں ۔ پہلے حکم کے تحت ششی کانت بھرت چوان جو کھڑک پولیس اسٹیشن میں سینئر پولیس انسپکٹر تھے، کو پولیس کنٹرول روم میں پولیس انسپکٹر کے طور پر تعینات کیا گیا ہے۔ کرائم برانچ میں تعینات اجیت مہادیو جادھو کا بھی پولیس کنٹرول روم میں تبادلہ کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ’من کی بات‘ میں وزیر اعظم کی پانی کے تحفظ کی خصوصی اپیل
ٹریفک برانچ میں خدمات انجام دے رہے دھننجے وٹھل پنگلے کو کھڑک پولیس اسٹیشن میں سینئر پولیس انسپکٹر کے طور پر تعینات کیا گیا ہے۔ دوسرے حکم کے تحت انجم قاسم باغوان کا یروڈہ پولیس اسٹیشن سے کرائم برانچ میں تبادلہ کیا گیا ہے۔ نیل کنٹھ راجارام جگتاپ جو یروڈہ کرائم برانچ میں خدمات انجام دے رہے تھے، کو لکشمی نگر پولیس اسٹیشن کی کرائم برانچ میں بھیج دیا گیا ہے۔اسی سلسلے میں امیش امباداس گٹے کا تبادلہ لکشمی نگر کرائم برانچ سے یروڈہ پولیس اسٹیشن میں سینئر پولیس انسپکٹر کے طور پر کیا گیا ہے۔ پونے پولیس کمشنریٹ نے کہا کہ یہ تبادلے انتظامی ضروریات کو پورا کرنے اور پولیسنگ کو ہموار کرنے کیلئے کیلئے گئے ہیں۔ پولیس افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی نئی ذمہ داریوں کو ترجیح دیں اور عوامی تحفظ سے متعلق معاملات میں موثر کارروائی کو یقینی بنائیں۔