مغربی بنگال کے سونار پور علاقے میں ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی کو شدید احتجاج اور ہنگامہ آرائی کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد علاقے میں سیاسی کشیدگی بڑھ گئی ہے۔
EPAPER
Updated: May 31, 2026, 10:30 AM IST | Kolkata
مغربی بنگال کے سونار پور علاقے میں ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی کو شدید احتجاج اور ہنگامہ آرائی کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد علاقے میں سیاسی کشیدگی بڑھ گئی ہے۔
مغربی بنگال کے سونار پور علاقے میں ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی کو شدید احتجاج اور ہنگامہ آرائی کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد علاقے میں سیاسی کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ ترنمول کانگریس نے واقعے کو ایک منظم سازش قرار دیتے ہوئے ریاست میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کا الزام عائد کیا ہے، جبکہ ابھیشیک بنرجی نے اسے اپنی جان لینے کی کوشش قرار دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ سونار پور کے قمرآباد علاقے میں پیش آیا، جہاں ابھیشیک بنرجی انتخابی تشدد سے متاثرہ افراد اور اپنی جماعت کے ایک مقتول کارکن کے اہلِ خانہ سے ملاقات کے لیے پہنچے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ سنیچر کی شام تقریباً ساڑھے ۴؍ بجے علاقے میں داخل ہوئے۔مقامی ذرائع کے مطابق ان کی آمد سے قبل ہی بڑی تعداد میں مظاہرین اور اپوزیشن جماعت کے کارکن وہاں جمع تھے۔ احتجاج میں خواتین کی بھی نمایاں شرکت تھی، جن کے ہاتھوں میں کچے انڈے تھے۔ جیسے ہی ابھیشیک بنرجی متاثرہ خاندان کے گھر کی طرف بڑھے، مظاہرین نے ان کا راستہ روک لیا اور ان پر کچے انڈے پھینکے گئے۔
شدید مخالفت کے پیش نظر ابھیشیک بنرجی نے اپنی گاڑی چھوڑ کر موٹر سائیکل کے ذریعے علاقے کے اندر جانے کی کوشش کی، تاہم مظاہرین نے انہیں مقتول کارکن کے گھر سے چند سو میٹر قبل ہی روک لیا۔ عینی شاہدین کے مطابق اس دوران نعرے بازی، ہنگامہ آرائی ہوئی، جبکہ مشتعل افراد نے دو موٹر سائیکلیں بھی سڑک پر گرا دیں۔
یہ بھی پڑھئے: ٹی ای ٹی پاس کرنے کی مہلت میں توسیع
واقعے کے بعد ابھیشیک بنرجی نے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بی جے پی پر حملے کی پشت پناہی کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا ’’ابھی ایک مہینہ بھی نہیں گزرا اور یہ صورتحال پیدا کر دی گئی ہے، یہی ان کے جمہوریت کے دعوؤں کی حقیقت ہے۔‘‘بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ صرف احتجاج نہیں بلکہ ان کے خلاف ایک منصوبہ بند قاتلانہ حملہ تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری واردات کیمرے میں محفوظ ہے اور وہ اس معاملے کو عدالت اور ریاستی حکام کے سامنے اٹھائیں گے۔ابھیشیک بنرجی نے کہا ’’یہ حملہ اس لیے کیا گیا کیونکہ وہ مجھے قتل کرنا چاہتے تھے۔ میری جان صرف اس لیے بچ گئی کیونکہ میں نے حفاظتی ہیلمٹ پہن رکھا تھا۔ حملہ آوروں نے میرا چشمہ بھی توڑ دیا۔‘‘ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر حملہ آور انہیں نقصان نہیں پہنچا سکے تو وہ ان کے مقتول پارٹی کارکن کے والدین کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔واقعے کے بعد ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ دھرنے پر بیٹھ گئے اور انتظامیہ پر بھی شدید تنقید کی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پیشگی اطلاع کے باوجود انہیں مناسب سیکوریٹی فراہم نہیں کی گئی۔پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔