منوج جرنگے پاٹل کا چھگن بھجبل کو انتباہ،الزام لگایا کہ ریاستی اور مرکزی حکومت مراٹھا ریزرویشن کے مسئلےپر توجہ نہیں دے رہی ہے اور مودی وشاہ مراٹھا سماج کو ختم کرناچاہتے ہیں۔
EPAPER
Updated: July 24, 2024, 1:03 PM IST | Inquilab News Network | Jalna/ Mumbai
منوج جرنگے پاٹل کا چھگن بھجبل کو انتباہ،الزام لگایا کہ ریاستی اور مرکزی حکومت مراٹھا ریزرویشن کے مسئلےپر توجہ نہیں دے رہی ہے اور مودی وشاہ مراٹھا سماج کو ختم کرناچاہتے ہیں۔
مراٹھا ریزرویشن تحریک کے لیڈر منوج جرنگے پاٹل نے الزام لگایا کہ ریزرویشن کے معاملے میں سابق ریاستی وزیر چھگن بھجبل، مراٹھا سماج اور اوبی سی سماج میں جھگڑا لگارہے ہیں۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر چھگن بھجبل اسی طرح ایولہ سے بیٹھ کر جھگڑا لگاتے رہے تو وہ اپنے گاؤں (انتروالی سراٹی ) سے نکل کر ایولہ پہنچ جائیں گے اور وہاں بھوک ہڑتال کریں گے۔
انتراوالی سراٹی گاؤں میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کے دوران جرنگے پاٹل نےریاست کی مہایوتی حکومت اورمرکز کی این ڈی اے حکومت پر بھی شدید تنقید کی ہے۔ جرنگے پاٹل نے الزام لگایا ہے کہ’’وزیراعظم نریندر مودی اور امیت شاہ مہاراشٹر میں مراٹھا سماج کو ختم کرنا چاہتے ہیں ...جب (حکومت کا) ٹانگہ پلٹی ہوگا تو انہیں ہماری(مراٹھا سماج کی) اہمیت اور ضرورت سمجھ میں آئے گی۔ ‘‘ بقول جرنگے پاٹل’’انہیں غریبوں کی ضرورت صرف حکومت سازی کیلئے پڑتی ہے، ایک بار جب حکومت بن جاتی ہے تو پھر وہ غریبوں کو لات ماردیتے ہیں ... ‘‘ منوج جرنگے نے یہ بھی کہا کہ’’چھگن بھجبل وہاں ایولہ میں بیٹھے ہوئے ہیں، اب اُدھر ہی جاکر دھرنے پر بیٹھوں گا۔ بھجبل نے مراٹھا سماج اور دھنگر سماج میں تنازع پیدا کیا ہے۔ میں ایولہ میں احتجاج کیلئے اجازت نامہ حاصل کرنے کی کوشش کررہا ہوں۔ ایک بار ایولہ میں بھوک ہڑتال کروں گا تو پھر انہیں سمجھ میں آئے گا کہ بھوک ہڑتال کیا ہوتی ہے۔ ‘‘
یہ بھی پڑھئے: ٹرینی آئی اے ایس افسر پوجا کھیڈکر پر فرضی ’آمدنی سرٹیفکیٹ‘ بنانے کا الزام
جرنگے نےکہا کہ’’جب ریاستی حکومت ہی مراٹھا سماج کے مطالبات سے چشم پوشی کررہی ہے تو پھر امیت شاہ کس طرح توجہ دیں گے؟ نریندر مودی جب شرڈی آئےتھے تب ہم نے مطالبہ کیا تھا کہ وہ ریزرویشن کے مسئلے پر توجہ دیں، لیکن انہوں نے بھی کچھ نہیں کیا۔ وہ غریبوں کو کبھی پھلنے پھولنے نہیں دیں گے۔ انہیں ملک کے بڑے سماج اور ذاتوں کو ختم کرنا ہے۔ مہاراشٹر میں مراٹھا بڑا سماج ہے، وہ اسے ختم کرنا چاہتے ہیں۔ گجرات کے پٹیل اوراسی طرح (ملک کے دیگر سماج )یادو، راجپوت، گرجر، جاٹ، مسلم، دلت ان سبھی سماج اور برادریوں کو وہ ختم کرنے کے درپے ہیں۔ ‘‘
خیال رہے کہ ایک جانب مراٹھا ریزرویشن معاملے میں منوج جرنگے پاٹل کی بے مدت بھوک ہڑتال جاری ہے۔ وہیں دوسری جانب اوبی سی ریزرویشن کے تحفظ کے مطالبے کے تحت لکشمن ہاکے نے بھی جارحانہ رخ اختیار کرلیاہے۔ پچھلے دنوں شردپوار نے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے سے ملاقات کی، جس پر سیاسی حلقوں میں قیاس آرائیاں ہیں کہ انہوں نے یہ ملاقات مراٹھا ریزرویشن کےمعاملے میں ہی کی ہے۔