Inquilab Logo

آج جالنہ میں منوج جرنگے کا جلسہ ٔعام ، بڑے پیمانے پر تیاریاں، چھگن بھجبل کے الزامات کا جواب متوقع

Updated: December 01, 2023, 11:42 AM IST | Agency | Jalna

مراٹھا سماجی کارکن منوج جرنگے ایک پھر اپناریاست گیر دورہ شروع کر رہے ہیں۔ اس کی شروعات وہ آج اپنے آبائی ضلع جالنہ سے کریں گے جہاں انہیں ایک جلسہ ٔ عام سے خطاب کرناہے۔

This will be the second rally in Jalna of Manoj Jaranga. Photo: INN
منوج جرنگے کی جالنہ میں یہ دوسری ریلی ہوگی۔ تصویر : آئی این این

مراٹھا سماجی کارکن منوج جرنگے ایک پھر اپناریاست گیر دورہ شروع کر رہے ہیں۔ اس کی شروعات وہ آج اپنے آبائی ضلع جالنہ سے کریں گے جہاں انہیں ایک جلسہ ٔ عام سے خطاب کرناہے۔ سکل مراٹھا سماج کی جانب سے منعقد کئے جارہے اس جلسے کیلئے بڑے پیمانے پر تیاریاں کی گئی ہیں۔ 
یاد رہے کہ ۱۷؍ نومبر کو جالنہ میں او بی سی پریشد منعقد کی گئی تھی جس میں چھگن بھجبل نے منوج جرنگے پر انتہائی رکیک حملے کئے تھے۔ اسی وقت یہ اعلان کر دیا گیا تھا کہ یکم دسمبر کو جالنہ میں منوج جرنگے کی ریلی دوبارہ منعقدکی جائے گی۔ اس ریلی کیلئے سکل مراٹھا سماج کے کارکنان بڑے جوش وخروش کے ساتھ تیاریاں کر رہے تھے۔ اطلاع کے مطابق ساری تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں ۔ ۱۴۰؍ ایکڑ زمین پر یہ جلسہ منعقد کیا جا رہا ہے جس میں لاکھوں لوگوں کی شرکت کا امکان ہے۔ منوج جرنگے کی ریلی کے دوران تقریباً ۲۰؍ ہزار موٹر سائیکلیں ان کے ساتھ چلیں گی۔ جبکہ ۱۳۰؍ جے سی بی (کرین) کی مدد سے ان پر پھول برسائے جائیں گے۔ 
 اتنی بڑی جگہ پر منعقدہ ریلی میں لاکھوں لوگوں کی شرکت متوقع ہے ، ظاہر ہے کہ لوگ گاڑیوں میں آئیں گے لہٰذا تقریباً ۱۰۰؍ ایکڑ زمین پر پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی منوج جرنگے کے استقبال کیلئے تقریباً ۴۰؍ ہزار اسکوائر فٹ جگہ پر ہورڈنگز لگائی گئی ہیں۔ ان میں بعض ہورڈنگز میں تمام سماجوں کی عظیم شخصیات کی تصویر لگا کر اتحاد کا پیغام دینے کی بھی کوشش کی جا رہی ہے۔ جگہ جگہ پینے کے پانی کا انتظام کیا گیا ہے۔ سکل مراٹھا سماج کے ۱۰؍ ہزار رضا کار ریلی کے دوران فعال رہیں گے جنہیں الگ الگ ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔ 
ریلی کی اہمیت 
 منوج جرنگےکی یہ ریلی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ چھگن بھجبل نے جالنہ میں جرنگے کے گائوں میں جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ اس کے بعد دونوں کے درمیان لفظی نوک جھونک جاری ہے۔ حتیٰ کہ ہنگولی میں دیگر او بی سی لیڈران نے بھی جرنگے پر حملے کئے۔ اس جلسے کو بھجبل کی ۱۷؍ نومبر والے جلسے کا جواب سمجھا جا رہا ہے حالانکہ جرنگے نے اس بات سے انکار کیا ہے۔ یاد رہے کہ چھترپتی شیواجی کے گھرانے سے تعلق رکھنے والی تما م اہم شخصیات ادین راجےبھوسلے، سمبھاجی راجے چھترپتی اور چھترپتی شاہو مہاراج ، منوج جرنگے کی حمایت میں ہیں اور ان کے پروگراموں میں شرکت کرتے رہے ہیں ۔ ایسی صورت میں جرنگے کے حوصلے بلند ہیں اور وہ آج بھی اپنے خطاب میں بھجبل کے الزامات کا جواب دینے کی کوشش کریں گے ساتھ ہی جالنہ میں ہوئی لاٹھی چارج والے دن پولیس پر پتھرائو کے تعلق سے لگائے جا رہے الزامات پر بھی جواب دیں گے۔ 
چھگن بھجبل نے الزام لگایا تھا کہ جرنگے جب جالنہ میں بھوک ہڑتال پر بیٹھے تھے تو پولیس انہیں اسپتال لے جانے کیلئے آئی تھی لیکن وہاں موجود مراٹھا کارکنان نے پولیس پر حملہ کر دیا تھا۔ اس پتھرائو میں ۷۰؍ پولیس اہلکار جن میں اکثریت خواتین کی تھی زخمی ہوئے تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK