ہیگستھ نے عہدہ سنبھالنے کے بعد سے جسمانی فٹنس پر مسلسل زور دیا ہے۔ وہ اپنے عوامی بیانات میں بھی نرم معیار پر تنقید کرتے ہیں اور انہوں نے سخت فٹنس ٹیسٹنگ متعارف کرائی ہے۔
EPAPER
Updated: December 19, 2025, 9:01 PM IST | Washington
ہیگستھ نے عہدہ سنبھالنے کے بعد سے جسمانی فٹنس پر مسلسل زور دیا ہے۔ وہ اپنے عوامی بیانات میں بھی نرم معیار پر تنقید کرتے ہیں اور انہوں نے سخت فٹنس ٹیسٹنگ متعارف کرائی ہے۔
امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ نے جمعرات کو محکمہ جنگ (سابقہ پینٹاگون) میں فوجی بھرتی کیلئے ذمہ دار حکام کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے متنازع بیان دیا ہے۔ انہوں نے امریکی نوجوانوں کو ’انتہائی ناسمجھ‘ یا ’ضرورت سے زیادہ موٹے‘ قرار دیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ بہت سے امریکی نوجوان، فوج میں خدمات انجام دینے کیلئے نااہل ہیں کیونکہ وہ ”بہت موٹے“ یا ”انتہائی ناسمجھ“ ہیں۔ تاہم، اس کے ساتھ انہوں نے بھرتیوں کی تعداد میں ہوئے حالیہ اضافے کی تعریف بھی کی۔
فوج کے سینئر حکام کے ساتھ کھل کر بات کرتے ہوئے ہیگستھ نے کہا کہ نئے سپاہیوں کو بھرتی کرنے کے دوران سب سے بڑا چیلنج جسمانی فٹنس اور تعلیمی معیار میں تنزلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ”ہمارے بہت سے نوجوان بہت موٹے یا انتہائی ناسمجھ ہیں۔۔۔ نہیں، ناسمجھ کہنا غلط ہوگا۔“ انہوں نے جملے کے درمیان ہی اپنی اصلاح کی۔ انہوں نے مزید دلیل دی کہ ناقص تعلیم، مجرمانہ ریکارڈ، اے ڈی ایچ ڈی (ADHD) کی تشخیص اور دیگر نااہل کرنے والے عوامل کی وجہ سے یہ مسئلہ پیدا ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ٹرمپ کے سخت بیان کا اثر، وینزویلا سے چین اور ایران کا اظہار یگانگت
بھرتیوں میں اضافہ اور ٹرمپ کی پالیسیوں کی تعریف
ان تبصروں کے باوجود، ہیگستھ نے دعویٰ کیا کہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی قیادت میں امریکی انتظامیہ کے تحت بھرتیوں میں بہتری آرہی ہے۔ انہوں نے اس کا کریڈٹ ان پالیسیوں کو دیا جنہوں نے، ان کے الفاظ میں، فوج کی تصویر کو ایک ”جنگجو ادارے“ کے طور پر بحال کیا ہے، نہ کہ ایک ”ووک“ (woke) ادارے کے طور پر۔ انہوں نے سروس ممبرز کو دیئے جانے والے حالیہ ”واریئر ڈیویڈنڈ“ بونس جیسی ترغیبات کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ اس کی وجہ سے نوجوان امریکی ایک بار پھر فوج میں شامل ہونے کیلئے متحرک ہورہے ہیں۔
واضح رہے کہ ہیگستھ نے عہدہ سنبھالنے کے بعد سے جسمانی فٹنس پر مسلسل زور دیا ہے۔ وہ اپنے عوامی بیانات میں نرم معیار پر تنقید کرتے آئے ہیں اور انہوں نے سخت فٹنس ٹیسٹنگ متعارف کرائی ہے۔ اس سے قبل وہ ”موٹے افسروں“ کی مذمت کر کے بھی توجہ حاصل کرچکے ہیں۔ انہوں نے اپنے پیغام کو واضح کرنے کیلئے کابینہ کے دیگر اراکین کے ساتھ ہائی پروفائل فٹنس چیلنجز بھی منعقد کئے ہیں۔
ماہرین کی رائے اور سرکاری اعداد و شمار
ماہرین کا کہنا ہے کہ بھرتیوں میں بہتری ٹرمپ کے دوبارہ اقتدار میں آنے سے پہلے شروع ہو چکی تھی۔ ۲۰۲۲ء میں آرمی کی بھرتی کے ہدف میں ۲۵ فیصد کمی کے بعد، مالی سال ۲۰۲۴ء کے اختتام تک تمام شاخوں نے اپنے اہداف پورے کرلئے تھے۔ ماہرین اس تبدیلی کی وجہ وبائی امراض کے خاتمے، بھرتی کرنے والے افسروں کی اسکولوں میں واپسی اور ’فیوچر سولجر پریپریٹری کورس‘ جیسے اقدامات کو قرار دیتے ہیں، جو امیدواروں کو جسمانی اور تعلیمی تقاضے پورے کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ امریکی محکمہ جنگ کی جانب سے جمعرات کو جاری کردہ ڈیٹا کے مطابق، امریکی فوج نے مالی سال ۲۰۲۵ء میں گزشتہ ۱۵ برسوں میں بھرتی کی بلند ترین سطح ریکارڈ کی ہے اور فوج کی تمام شاخوں نے ایک بار پھر اپنے اہداف حاصل کرلئے ہیں۔