Inquilab Logo

مراٹھا ریزرویشن: منوج جرنگے کے خلاف ۲؍ معاملات میں مقدمہ درج

Updated: February 26, 2024, 8:47 PM IST | Mumbai

پولیس نے بتایا کہ سنیچر کو بیڑ میں منوج جرنگے کی اپیل پر ان کے حامیوں نے احتجاج کیا، حکومت کے خلاف نعرے لگائے اور سڑکیں بلاک کیں جس کیلئے ان کے حامیوں کے ساتھ ان کے خلاف ۲؍ معاملات میں مقدمے درج کئے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق یہ احتجاج اجازت لئے بغیر کیا گیا تھا اور بیڑ کے ضلعی کلکٹر کی جانب سے جاری کئے گئے احکامات کی خلاف ورزی بھی کی گئی تھی جس کیلئے پولیس نے تقریباً ۸۰؍ افراد کےخلاف مقدمہ درج کیا ہے۔

Manoj Jaringe Photo: INN
منوج جرنگے۔ تصویر: آئی این این

پولیس نے بتایا کہ مراٹھا سماجی کارکن منوج جرنگے کے حامیوں کی جانب سے مہاراشٹر کے ضلع بیڑ کے ۲؍ مختلف مقامات پر احتجاج کرنے اور سڑکیں بلاک کرنے کی وجہ سے ان کے خلاف ۲؍ مختلف معاملات میں مقدمہ درج کیا گیاہے۔ اس ضمن میں حکام نے بتایاکہ دونوں واقعات میں منوج جرنگے موجود نہیں تھے لیکن ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیاہے کیونکہ ان کی اپیل پر ہی مظاہرین سڑکوںپر اترے ہیں۔تقریباً ۸۰؍ افراد کے خلاف غیر قانونی اجتماع، سرکاری ملازم کے ذریعہ قانونی طور پر جاری کردہ حکم کی نافرمانی، غلط مزاحمت اور مہاراشٹر پولیس ایکٹ کےسیکشن ۱۳۵؍ کے تحت مقدمہ درج کیا گیاہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ احتجاج بیڑ کے پٹودہ میں بیڑ احمد نگر روڈ اور شرور گاؤں میں جتناندور پھاٹا میں کئے گئے تھے جس میں مظاہرین نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور سڑکیں بلاک کی تھیں۔حکام نے بتایا کہ یہ احتجاج انتظامیہ کی جانب سے اجازت لئے بغیر کیا گیا تھا اور اس میں بیڑ ضلعی کلکٹر کی جانب سے جاری کئے گئے احکامات کی خلاف ورزی بھی کی گئی تھی۔جیسا کہ یہ احتجاج منوج جرنگے کی اپیل پر کیا گیا تھااس لئے دیگر کے ساتھ ملزم کے طور پر ان کا بھی نام درج کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ منوج جرنگے کا حکومت سےمطالبہ ہے کہ اس نے پچھلے ماہ جو مطالبات منظور کئے تھے انہیں نافذ کیا جائے۔ان کا مطالبہ ہے کہ کنبی مراٹھوں کے خونی رشتہ داروں کو کنبی سرٹیفکیٹ جاری کیاجائے اور او بی سی کے تحت مراٹھا طبقے کو بھی کوٹہ دیا جائے۔ اس ضمن میں اتوار کو منوج جرنگے نے کہاتھاکہ وہ ممبئی جائیں گے اور حکومت سے اپنے مطالبات منوانے پر زور ڈالیں گے۔ یاد رہے کہ منوج جرنگے نے نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ حکومت کی جانب سے منظور کئے گئے مطالبات کو نافذ ہونے سے روک رہے ہیں۔منوج جرنگے نے پیر کو ۱۷؍ دن بعد اپنی بھوک ہڑتال ختم کر دی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK