ایک دن قبل ریزرو پلاٹ پرقبرستان کا بورڈ لگانے کا وعدہ کیا گیا مگر میٹنگ میںکارروائی مکمل ہونے میں ۶؍ ماہ لگنے کاحوالہ دیا گیا۔ذمہ داران نے خاموش نہ رہنے کا عہد کیا-
میٹنگ۔ تصویر:آئی این این
وکھرولی میں قبرستان کیلئے دیگر کارروائی اور کانجور مارگ میں قبرستان کیلئے ریزرو پلاٹ پر بورڈ آویزاں کرنے کی یقین دہانی کے بعد بدھ کو ایس وارڈ میں اسسٹنٹ میونسپل کمشنر ثمرین شبانہ سلیم سید کے ساتھ قبرستان کمیٹی اور بھیم یووا سینا کے ہمراہ میٹنگ کی گئی مگرکوئی ٹھوس نتیجہ برآمد نہیں ہوا۔
منگل کودھرنا دینے کے وقت تو ایس وارڈ کے ہیلتھ آفیسر اورمینٹیننس ڈپارٹمنٹ کے انجینئر نے پولیس کی موجودگی میں یہ یقین دلایا تھا کہ بدھ کوبورڈ لگادیا جائے گا مگر اب حیرت انگیز طور پر اس میں ٹال مٹول کیا جارہا ہے اوربلاوجہ یہ پخ لگائی جارہی ہے کہ قبرستان کا بورڈ لگانے سے ہندو مسلم اختلاف پیدا ہونے کا اندیشہ ہے ۔چنانچہ اب بورڈ آویزاں کرنے کی حتمی تاریخ مقرر نہ کرتے ہوئے اسسٹنٹ میونسپل کمشنر کی جانب سے ۶؍ماہ کا وقت بتایا گیا ہے کہ اتنی مدت میںکارروائی مکمل ہوسکے گا۔
اس سے یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں ہے کہ بی ایم سی افسران کی جانب سے محض دھرنا ملتوی کرانا اور اس معاملے کو ٹالنا مقصد تھا ورنہ جب قبرستان کے لئےپلاٹ رویزرو ہے تواس کی نشاندہی کرتے ہوئے بورڈ آویزاں کرنے کے وعدے پرعمل کرنے میںکیا دقت ہے۔ اس سے تویہی پیغا م عام ہوتا کہ یہ جگہ قبرستان کےلئےریزرو کی گئی ہے مگر جو کچھ ہوا، اس سے پھریہ اندیشہ لاحق ہوگیا ہے کہ وکھرولی کے مسلمانوں کیلئے قبرستان کا معاملہ پھر معلّق ہوسکتا ہے۔قبرستان کے لئے دھرنادینے والے یووابھیم سینا کے صدر ولاس ارجن مانےنے اسسٹنٹ میونسپل کمشنر کے اس انداز پران کے دفتر ہی میںاحتجاج شروع کردیا ۔اس پربھانڈوپ پولیس کے جوانوں کوبلاکرمیٹنگ کیلئے آنے والوں کودفتر سے باہرہٹادیا گیامگر مانے کا یہ کہناہے کہ ہم خاموش نہیں رہیں گےاور ۶؍ماہ کاانتظار بھی نہیںکریں گے۔ ایک دو دن کے اندر ہی آرکیٹیکٹ کےساتھ پلاننگ ڈپارٹمنٹ کے افسران سے ملاقات کے علاوہ بی ایم سی کمشنر اشوینی بھیڈے سے بھی ملاقات کریںگے اور اسسٹنٹ میونسپل کمشنر کے طریقۂ کار کی شکایت بھی کی جائے گی ۔‘‘مانے نے یہ بھی بتایاکہ ’’ ایس وارڈکی اسسٹنٹ میونسپل کمشنر کے خلاف میٹنگ میںموجود ذمہ دار اشخاص کی جانب سے بھانڈوپ پولیس میں بھی شکایت کی گئی ہے ۔ ‘‘
قبرستان کیلئے کوشاں واجد قریشی نے بتایاکہ ’’کوشش کی جارہی ہےکہ کسی طرح زمین حاصل ہوجائے اوربورڈ لگ جائے۔ اسسٹنٹ میونسپل کمشنر کارویہ مناسب نہیںتھا اور وقت بھی انہوں نےبہت زیادہ بتایا مگرہم سب بھی اب خاموش نہیں رہیںگے ۔‘‘