• Tue, 22 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مائیکل جیکسن کا دستانہ، شہزادی ڈائنا کا گاؤن ابوظہبی میں نیلام ہوگا

Updated: September 22, 2026, 12:02 PM IST | Dubai

دسمبر میں ۳؍ بڑی نیلامیوں کا انعقاد، نمایاں ۱۱؍ اشیا کی مجموعی تخمینی قیمت ۱۷ء۲؍ ملین سے ۸۶ء۳؍ ملین درہم تک، مکمل فہرست بعد میں جاری ہوگی۔

Princess Diana`s gown and Michael Jackson`s glove. Photo: INN
شہزادی ڈائنا کا گاؤن اورمائیکل جیکسن دستانہ۔ تصویر: آئی این این

پاپ موسیقی کے لیجنڈ مائیکل جیکسن کا کرسٹل سے سجا دستانہ، ان کی ’تھریلر‘ ویڈیو میں استعمال ہونے والے جوتے اور شہزادی ڈائنا کا مشہور سیاہ (نیوی بلیو) گاؤن ان یادگار اشیا میں شامل ہیں جو دسمبر میں ابوظہبی میں ہونے والی خصوصی نیلامی میں پیش کی جائیں گی۔ لاس اینجلس کی معروف جولینز آکشنز پہلی مرتبہ خطے میں اپنی ’سیلیبریٹی اینڈ کلچر ویک‘ منعقد کررہی ہے، جو ۵؍ سے ۱۰؍ دسمبر ۲۰۲۶ء تک روز وُڈ ابوظہبی میں جاری رہے گی۔ اس ہفتے کے دوران ۳؍ الگ نیلامیوں کا انعقاد ہوگا۔ ان میں مائیکل جیکسن کے ملبوسات اور لوازمات پر مشتمل ’مائیکل جیکسن: دی فیشن لیگیسی آکشن‘، شہزادی ڈائنا کے ملبوسات اور ذاتی اشیا پر مشتمل ’پرنسس ڈائنا: انفلوئنس، فیشن اینڈ اے رائل کلیکشن‘ اور موسیقی، فلم اور فیشن سے وابستہ شخصیات کی اشیا پر مشتمل ’پاپ کلچر لیجنڈز‘ شامل ہیں۔ تینوں نیلامیوں کی منتخب اشیا کی نمائش بھی ایک میوزیم طرز کی گیلری میں کی جائے گی اور بولی آن لائن اور موقع پر دونوں طریقوں سے دی جاسکے گی۔

یہ بھی پڑھئے: پاکستان: عمران خان کی تینوں بہنیں تھری ایم پی او کے تحت ۳۰ ؍روز کیلئے نظر بند

مائیکل جیکسن سے متعلق سب سے نمایاں اشیا میں وہ کرسٹل سے سجا دستانہ شامل ہے جو انہوں نے مارچ ۲۰۰۲ء میں ’وائب‘ میگزین کے سرورق کی تصویر کشی کے دوران پہنا تھا۔ اس کی تخمینی قیمت ۴۰؍ ہزار سے ۶۰؍ ہزار ڈالر رکھی گئی ہے۔ تھریلر‘ میوزک ویڈیو میں استعمال ہونے والے جوتوں کی قیمت ۲۰؍ ہزار سے ۴۰؍ ہزار ڈالر لگائی گئی ہے۔ جیکسن کے بیڈ ورلڈ ٹور سے متعلق ۲؍ جیکٹس بھی نیلامی میں شامل ہیں۔ ان میں ایک جیکٹ ان کے ذاتی ڈیزائنرز مائیکل بش اور ڈینس ٹامپکنز نے تیار کی تھی، جس پر جیکسن کے دستخط بھی ہیں اور جسے انہوں نے ٹی جے مارٹل فاؤنڈیشن کے لیے عطیہ کیا تھا۔ اس کی تخمینی قیمت ۶۰؍ ہزار سے ۸۰؍ ہزار ڈالر ہے۔ دوسری جیکٹ ان ۶؍ روشن ہونے والی ’تھرلر‘ اسٹیج جیکٹس میں سے ایک ہے جو تیار کی گئی تھیں ؛ اس کی قیمت ۳۰؍ ہزار سے ۵۰؍ ہزار ڈالر لگائی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: فلسطینی صحافی بشریٰ الطویل کی قید تنہائی کے ایک ماہ مکمل، حقوق انسانی کے اداروں کا اظہار تشویش

شہزادی ڈائنا سے متعلق سب سے قیمتی اعلان شدہ چیز کیتھرین واکر کا ڈیزائن کردہ گہرے نیلے رنگ کا (تقریباً سیاہ نظر آنے والا) گاؤن ہے، جو ڈائنا نے ۱۹۹۵ء میں نیویارک میں ہونے والی سی ایف ڈی اے فیشن ایوارڈز تقریب میں لز ٹلبریس کو ایوارڈ پیش کرتے ہوئے پہنا تھا۔ اس کی تخمینی قیمت ۲؍ لاکھ سے ۴؍ لاکھ ڈالر ہے۔ ڈائنا کے وہ سابر جوتے بھی نیلام ہوں گے جو انہوں نے ۱۹۹۷ء میں انگولا کے بارودی سرنگوں والے علاقے کے دورے کے دوران پہنے تھے۔ ان کی تخمینی قیمت ۲۰؍ ہزار سے ۳۰؍ ہزار ڈالر ہے۔ اسی سال بوسنیا میں بارودی سرنگوں سے متاثرہ افراد سے ملاقات کے دوران پہنی گئی ان کی رالف لارین شرٹ کی قیمت ۱۰؍ ہزار سے ۲۰؍ہزار ڈالر ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ماسکو پر یوکرین کا بڑا ڈرون حملہ، ۲؍ افراد ہلاک

تیسری نیلامی میں بھی کئی معروف شخصیات سے وابستہ اشیا شامل ہیں۔ امریکی مصنف مارک ٹوین کی ملکیت رہنے والا گٹار ایک لاکھ سے ۲؍ لاکھ ڈالر میں فروخت ہونے کا اندازہ ہے۔ کرٹ کوبین کا استعمال کردہ گٹار ۶۰؍ ہزار سے ۸۰؍ ہزار ڈالر، ان کی اسٹیج پر پہنی جیکٹ ۲۰؍ ہزار سے ۴۰؍ ہزار ڈالر اور بروس لی کی ۱۹۷۸ء کی فلم ’گیم آف ڈیتھ‘ میں استعمال ہونے والی زرد نَن چاقو کی قیمت ۳۰؍ ہزار سے ۵۰؍ ہزار ڈالر لگائی گئی ہے۔ جولینز آکشنز نے ابھی پوری نیلامی کی مجموعی تخمینی قیمت جاری نہیں کی ہے۔ اب تک اعلان کردہ ۱۱؍ نمایاں اشیا کی مجموعی تخمینی قیمت ۵۹۰۰۰۰؍ ڈالر سے ۰۵ء۱؍ ملین ڈالر ہے۔ چونکہ ۳؍ مکمل نیلامیوں کی فہرست ابھی جاری نہیں ہوئی، اس لیے حتمی مجموعی مالیت اس سے کہیں زیادہ ہوسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: یمن ایرانی سودے بازی کا پتہ نہیں: وزیر خارجہ

جولینز آکشنز کے شریک بانی اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر مارٹن نولان نے کہا کہ مائیکل جیکسن اور ڈائنا کا انتخاب ان کی عالمی مقبولیت اور مختلف نسلوں کے درمیان اثر و رسوخ کی وجہ سے کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق دونوں نے متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا تھا اور خطے میں انہیں قدر و احترام حاصل تھا، اس لیے ابوظہبی میں پہلی علاقائی نیلامی میں ان کی اشیا کی موجودگی خاص اہمیت رکھتی ہے۔ جولینز آکشنز کے مطابق نیلامی سے قبل فارمولا ون ویک کے دوران ایمریٹس پیلس مینڈارن اورینٹل کی لابی میں منتخب اشیا کی ایک خصوصی نمائش بھی عوام کے لیے پیش کی جائے گی، جہاں انہیں بولی میں حصہ لیے بغیر دیکھا جاسکے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK