• Wed, 11 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

دھولیہ میں نتیش رانے کے خلاف ایم آئی ایم اور سماج وادی پارٹی کا احتجاج

Updated: September 05, 2024, 9:18 AM IST | Dhule

ایم آئی ایم نے ضلع کلکٹر کو میمورنڈم دے کر رکن اسمبلی کی گرفتاری کا مطالبہ کیا تو سماج وادی پارٹی کارکنان نے رانے کی تصویر پر جوتے مارے

Demonstration by MIM workers
ایم آئی ایم کارکنان کا مظاہرہ

 بد زبان  رکن اسمبلی نتیش رانے کی جانب سے مسلما نوں کو مسجد میںگھس کر مارنے کی دھمکی دینے  پر ہر سمت ناراضگی ہے۔ اور جگہ جگہ احتجاج ہو رہے ہیں۔ منگل کی شام دھولیہ میں بھی  سماج وادی پارٹی اور مجلس اتحاد المسلمین  کی جانب سے الگ الگ طریقے سے احتجاج کئے گئے اور نتیش رانے کے خلاف معاملہ درج کرکے اسے گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ 
  ایم آئی ایم کا ضلع کلکٹر کے دفتر کے پاس مظاہرہ 
           دھولیہ کے رکن اسمبلی فاروق شاہ کی ہدایت پر مجلس اتحاد المسلمین کے کارکنان نے  ضلع کلکٹر دفتر  کے سامنے احتجاج کیا اور نتیش رانے کے خلاف کیس درج کر کے  اسے فوراً گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ۔ بصورت دیگر سڑک پر اتر کر ریاست گیر احتجاج کا انتباہ دیا۔ اس موقع پر ایم آئی ایم کے  ضلع صدر ناصر پٹھان ، خاتون ونگ کی ضلع صدر دیپا میڈم اور اسٹوڈنٹس ونگ کے ضلع صدر نذر پٹھان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آئے دن نتیش رانے مسلمانوں کے خلاف زہر افشانی کرتا دکھائی دیتا ہے لیکن حکومت اسکے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرتی جسکی وجہ سے اسکے حوصلے بلند ہیں۔ اب  وہ مسلمانوں کو مسجد میں گھس کر مارنے کی دھمکی دے رہا ہے ۔‘‘ انہوں نے الزام لگایا کہ’’عنقریب اسمبلی الیکشن  ہونے والے ہیں اور بی جے پی کو شکست کا ڈر ستا رہا ہے اسی لئے نتیش رانے کے ذریعے ریاست میں فساد بھڑکانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اگر حکومت نے نتیش رانے کو گرفتار نہیں کیا تو ریاست گیر احتجاج کیا جائے گا ۔  اس کے بعد ضلع کلکٹر کو میمورنڈم دے کر نتیش کی گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا۔ اس وفد میں ناصر پٹھان  کے علاوہ  غنی ڈالر ، دیپا میڈم ، نذر خان ، ادریس شیخ ، قادر انصاری ، سمیر مرزا ، ناصر شاہ فائر ، ڈاکٹر شرافت علی ، ڈاکٹر پوار ، سعود سردار ، پیارے لال پنجاری  ،  توقیر رضا ، رفیق قاضی ، رفیق شاہ پٹھان ، سعود عالم ، ہاشم انصاری ، فیصل انصاری ، زبیر شاہ ،  موجود تھے ۔ 
 سماج وادی کارکنان نے تصویروں پر جوتے مارے
         دوسری طرف سماج وادی پارٹی نے بھی رانے کے متنازع بیان پر شدید اعتراض جتایا اور شہر کے لوک مانیہ چوک پر واقع سنت کبیر کے مجسمے کے پاس   رانے کے پوسٹر کو چپل، جوتے مار کر  احتجاج کیا ۔            اس ضمن میں جمیل منصوری نے کہا  کہ بی جے پی نے مہاراشٹر کا امن و امان خراب کرنے کی غرض سے نتیش رانے نامی ڈیڑھ فٹ کا منافرتی وائرس  چھوڑا ہے۔یہ مسلمانوں کو مسجد میں گھس کر مارنے کی دھمکی دے رہا ہے ،پولیس افسران کے تعلق سے نازیبا الفاظ استعمال کر رہا ہے۔ اگراسکے خلاف فوری کارروائی نہیں کی گئی تو وہ  مہاراشٹرمیں نفرت کی آگ لگا کر فساد برپا کردے گا۔          امین پٹیل نے کہا کہ بی جے پی کواسمبلی الیکشن  میں اپنی ہار واضح نظر آرہی ہے۔اسی لئے رانے جیسے سپاری باز کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔سماج وادی کے وفد نے ضلع انتظامیہ اورپولیس انتظامیہ سے مانگ کی ہے کہ وہ کسی کے دبائو میں نہ آئے  اورقانون کو ہاتھ میں لینے والے رانے جیسے شرپسندوں کے خلاف ایف آئے آر درج کرکے اسے فورا گرفتار کر یں۔ اور اگر ایسا نہ کیا گیا تو بڑے پیمانے پر احتجاج کیا جائے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK