Inquilab Logo Happiest Places to Work

پاکستان کی دہشت گردی کی حمایت کے باعث دریائے سندھ معاہدہ کی معطلی برقرار: وزارت

Updated: May 08, 2026, 4:05 PM IST | New Delhi

وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کے ذریعے دہشت گردی کی حمایت کے سبب دریائے سندھ معاہدہ کی معطلی برقرار ہے، پہلگام حملے کو ایک سال مکمل ہونے پر رندھیر جیسوال نے یہ بات کہی۔

External Affairs Ministry Spokesperson Randhir Jaiswal. Photo: INN
وزارت خارجہ کے  ترجمان رندھیر جیسوال۔ تصویر: آئی این این

ہندوستان کے آپریشن سندورکے ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر وزارت خارجہ (MEA) نے پاکستان کی سرحد پار دہشت گردی میں مسلسل حمایت پر سخت تنقید کی اور دوبارہ کہا کہ دریائے سندھ کا معاہدہ معطل رہے گا۔نئی دہلی میں پریس بریفنگ کے دوران  ترجمان رندھیر جیسوال نے۲۲؍ اپریل کے پہلگام دہشت گرد حملے کو یاد کیا اور کہا کہ ہندوستان نے سرحد پار سے چلنے والے دہشت گردانہ ڈھانچے کے خلاف سخت جواب دیا۔جیسوال نے کہا، "پوری دنیا نے پہلگام دہشت گرد حملے کو ویسا ہی دیکھا جیسا وہ تھا۔ ہم نے پاکستان کو اس کی سرحد پار دہشت گردی کی سرپرستی کا بھرپور جواب دیا۔‘‘ 

یہ بھی پڑھئے: آپریشن سندور کیلئے کانگریس کا مسلح افواج کی کامیابیوں کو خراجِ تحسین

بعد ازاں انہوں نے زور دے کر کہا کہ پاکستان طویل عرصے سے دہشت گردی کو ریاستی پالیسی کے آلے کے طور پر استعمال کر رہا ہے اور اس بات پر زور دیا کہ ہندوستان کو ایسے خطرات سے اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔انہوں نے مزید کہا، ’’دریائے سندھ طاس  معاہدہ پاکستان کی سرحد پار دہشت گردی کی سرپرستی کے جواب میں معطل ہے۔ پاکستان کو لازمی طور پر سرحد پار دہشت گردی کے لیے اپنی حمایت ترک کرنی ہوگی۔‘‘ دریائے چناب پر واقع باغلیہار ڈیم کے تمام دروازے معاہدے کی معطلی کے ایک سال بعد بھی بند ہیں۔
واضح رہے کہ آپریشن سیندور۷؍ مئی۲۰۲۵ء کو شروع کیا گیا تھا، جو پہلگام دہشت گرد حملے (جس میں۲۶؍ شہری مارے گئے تھے) کے خلاف ہندوستان کا بڑے پیمانے پر فوجی جواب تھا۔۸۸؍ گھنٹے پر محیط اس آپریشن میں پاکستان کے بہاولپور اور مریدکے میں دہشت گرد ٹھکانوں پر درست حملے شامل تھے۔تاہم اس فوجی مہم نے سفارتی مصروفیات اور دریائے سندھ کے معاہدے کی معطلی کو بھی جنم دیا، جو سرحد پار دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کے نئے طریقہ کار کی نشاندہی کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: آپریشن سیندور کو ایک سال مکمل، وزیراعظم اور صدر جمہوریہ نے افواج کی ستائش کی

اس کے علاوہ وزیر اعظم نریندر مودی نے آپریشن کی سالگرہ پر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اس مشن نے دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کے عزم کا مظاہرہ کیا۔ مودی نےایکس پر لکھا، ’’ایک سال پہلے، ہماری مسلح افواج نے آپریشن سیندور کے دوران بے مثال ہمت،اور عزم کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے ان لوگوں کو بھرپور جواب دیا جنہوں نے پہلگام میں بے گناہ ہندوستانیوں پر حملہ کرنے کی جرات کی۔ پوری قوم اپنی افواج کی بہادری کو سلام کرتی ہے۔‘‘ 
مزید برآں مودی نے کہا کہ اس آپریشن نے ہندوستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، تیاری اور مربوط طاقت کو اجاگر کیا جبکہ دفاعی شعبے میں ہندوستان کی بڑھتی ہوئی خود انحصاری کی بھی عکاسی کی۔ وزیر اعظم نے مزید کہا، ’’آج، ایک سال بعد، ہم دہشت گردی کو شکست دینے اور اس کے فروغ کا ذریعہ بننے والے ماحولیاتی نظام کو تباہ کرنے کے اپنے عزم میں پہلے سے زیادہ ثابت قدم ہیں۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK