صدر مرمو نے کہا پہلگام حملے کامنہ توڑ جواب دیا گیا ۔وزیراعظم نے کہا کہ یہ دہشت گردی کیخلاف ہندوستان کےغیر متزلزل عزم کی علامت۔
EPAPER
Updated: May 08, 2026, 12:49 PM IST | New Delhi
صدر مرمو نے کہا پہلگام حملے کامنہ توڑ جواب دیا گیا ۔وزیراعظم نے کہا کہ یہ دہشت گردی کیخلاف ہندوستان کےغیر متزلزل عزم کی علامت۔
وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ آپریشن سیندور دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کے پختہ ردِعمل اور قومی سلامتی کے تئیں غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ `آپریشن سیندور کی پہلی برسی کے موقع پر جمعرات کو سوشل میڈیا پر اپنی ایک پوسٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم ہماری افواج کی بہادری کو سلام پیش کرتی ہے۔ وزیراعظم مودی نے تحریر کیا،’’ایک سال قبل ہماری مسلح افواج نے آپریشن سیندور کے دوران بے مثال ہمت، درست حکمت عملی اور پختہ عزم کا مظاہرہ کیا تھا۔ انہوں نے اُن عناصر کو منہ توڑ جواب دیا جنہوں نے پہلگام میں بے گناہ ہندوستانیوں پر حملہ کرنے کی جرأت کی تھی۔‘‘
وزیراعظم نے مزید کہا کہ آپریشن سیندور نے دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کے سخت موقف اور قومی سلامتی کے تحفظ کے تئیں ہمارے پختہ عزم کو ثابت کیا۔ اس مہم نے ہماری مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، تیاریوں اور مربوط طاقت کو بھی اجاگر کیا۔ ساتھ ہی، اس نے افواج کے درمیان بڑھتے ہوئے تال میل کو ظاہر کیا اور یہ واضح کیا کہ دفاعی شعبے میں ہندوستان کی خود انحصاری کی کوششوں نے ہماری قومی سلامتی کو کتنی مضبوطی فراہم کی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آج ایک سال بعد بھی ہندوستان دہشت گردی کو شکست دینے اور اسکے معاون نظام کو تباہ کرنے کے اپنے ارادہ پر پہلے کی طرح قائم ہے۔
یہ بھی پڑھئے: دواؤں کی آن لائن فروخت کے خلاف ۲۰؍ مئی کو میڈیکل اسٹورس کی ہڑتالا
وزیراعظم نے ایکس کی ڈسپلے تصویر تبدیل کر دی
وزیراعظم نریندر مودی نے آپریشن سیندور کی پہلی برسی کے موقع پر اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کی ڈسپلے تصویر تبدیل کر کےآپریشن سیندورکی تصویر لگا دی ہے اور فوجیوں کی بہادری و حب الوطنی کی ستائش کی ہے۔آپریشن سیندور کی برسی پر ہندوستانی مسلح افواج کی جرأت اور دلیری کو سلام پیش کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے ایکس پر تحریر کیا، ’’آپریشن سندور میں ہندوستان کو ملنے والی غیر معمولی فتح ہمارے بہادر فوجیوں کے حیرت انگیز کارناموں اور حب الوطنی کی ایک متاثر کن مثال ہے۔‘‘
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے جمعرات کو کہا کہ ’’آپریشن سیندور‘‘ دہشت گردی کے خلاف بھارت کے اٹل عزم کا ایک فیصلہ کن ثبوت ہے اور ’’بھارت‘‘ کو دھمکی دینے والوں کو مضبوط جواب دینے کیلئے ملک چوکس، متحد اور مکمل طور پر تیار ہے۔ مرمو نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا، ’’اس مشن کی غیر معمولی کامیابی ہماری مسلح افواج کی بے مثال بہادری اور مضبوط عزم کو ظاہر کرتی ہے۔ پہلگام میں ہونے والے بربرانہ حملے کا درست اور منہ توڑ جواب دیا گیا۔‘‘ انہوں نے اس فوجی کارروائی کے ایک سال مکمل ہونے پر کہا، ’’آپریشن سندور دہشت گردی اور ہماری خودمختاری نیز شہریوں کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والی تمام طاقتوں کے خلاف ہندوستان کے غیر متزلزل عزم کا ایک واضح اور فیصلہ کن ثبوت ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: ناندیڑ میں بڑے پیمانے پر ہتھیاروں کا ذخیرہ بر آمد، ملزم فرار
وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے `آپریشن سیندور کو قومی عزم اور تیاریوں کی ایک مضبوط علامت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے جدید فوجی مہمات کے لیے ایک نیا معیار قائم کیا ہے۔
واضح رہے کہ جموں کشمیر کے پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کے جواب میں ہندوستانی فوج نے۷؍ مئی۲۰۲۵ء کوآپریشن سیندور شروع کیا تھا اور پاکستان میں واقع دہشت گردوں کے کئی ٹھکانوں کو تباہ کر دیا تھا۔