میرا بھائندر میونسپل کارپوریشن نے قانون کی بالا دستی قائم رکھتے ہوئے حکمراں جماعت بی جے پی کے رکن اسمبلی نریندر مہتا کی سالگرہ کے موقع پر شہر میں لگائے گئے غیر قانونی اشتہاری بینروں اور ہوڈنگز کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے انہیں ہٹا دیا۔
EPAPER
Updated: September 24, 2026, 11:02 AM IST | Sajid Mahmood Sheikh | Bhayander
میرا بھائندر میونسپل کارپوریشن نے قانون کی بالا دستی قائم رکھتے ہوئے حکمراں جماعت بی جے پی کے رکن اسمبلی نریندر مہتا کی سالگرہ کے موقع پر شہر میں لگائے گئے غیر قانونی اشتہاری بینروں اور ہوڈنگز کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے انہیں ہٹا دیا۔
میرا بھائندر میونسپل کارپوریشن نے قانون کی بالا دستی قائم رکھتے ہوئے حکمراں جماعت بی جے پی کے رکن اسمبلی نریندر مہتا کی سالگرہ کے موقع پر شہر میں لگائے گئے غیر قانونی اشتہاری بینروں اور ہوڈنگز کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے انہیں ہٹا دیا۔ اطلاع کے مطابق ۲۵ ؍ستمبر کو رکن اسمبلی نریندر مہتا کی سالگرہ کے پیشِ نظر ان کے حامیوں کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر مبارکباد کے اشتہاری بورڈز لگائے جا رہے ہیں۔ تاہم کارپوریشن کی جانب سے منظور شدہ سائٹس کے علاوہ شہر کے اہم چوراہوں اور شاہراہوں پر بلا اجازت متعدد بینرس لگائے گئے تھے۔ اسی سلسلے میں بھائندر ( مغرب) میں بی جے پی وارڈ کمیٹی کے چیئرمین اور کارپوریٹر سنجے تھرتھرے کی تصویر کے ساتھ لگایا گیا ایک غیر قانونی بینرشہری انتظامیہ کی نظر میں آیا۔ بدھ کی صبح سویرے وارڈ نمبر ایک کی افسر دیپالی جوشی نے فوری اقدام کرتے ہوئے اس غیر قانونی ہوڈنگ کو ہٹا دیا۔
یہ بھی پڑھئے: بہار میں کمسن بچی کی عصمت سے کھلواڑ پر سخت برہمی کااظہار
عوامی حلقوں میں میونسپل انتظامیہ کے اس قدم کی ستائش کی جا رہی ہے کیونکہ حکمراں جماعت سے تعلق رکھنے والے لیڈران کے خلاف ایسی کارروائی شاذ و نادر ہی دیکھنے کو ملتی ہے۔ تاہم کارپوریشن انتظامیہ نے فی الحال اس معاملے میں متعلقہ پولیس اسٹیشن میں کوئی تحریری شکایت درج نہیں کروائی ہے جس کی وجہ سے یہ بینر کس نے لگوایا تھا، اس کی باضابطہ تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ شہر میں غیر قانونی بینر بازی اور تجاوزات پر قابو پانے کیلئے میونسپل کارپوریشن نے تمام پرنٹنگ پریس والوں کو سختی سے ہدایت دی تھی کہ ہر بینر اور فلیکس کے نیچے پرنٹر کا نام اور موبائل فون نمبر درج ہونا لازمی ہے۔ اس کے باوجود پرنٹنگ کے کاروباری احکامات کی مسلسل خلاف ورزی کر رہے ہیں جس کے باعث اصلی مجرموں تک پہنچنا اور ان پر قانونی کارروائی کرنا دشوار ثابت ہو رہا ہے۔