Inquilab Logo Happiest Places to Work

میرا بھائندر : ۲۴ ؍گھنٹوں میں ۱۹۰ ؍ ملی میٹر ریکارڈ بارش، نشیبی علاقے زیرآب

Updated: July 07, 2026, 4:03 PM IST | Sajid Mehmood Shaikh | Mumbai

۴۳ ؍مقامات پر درخت اکھڑ گئے،ایک خاتون زخمی ، ٹریفک نظام درہم برہم، سیلابی پانی کی نکاسی کیلئے پمپ نصب ۔

Monsoon.Photo:PTI
مانسون۔ تصویر:پی ٹی آئی
میرا بھائندر  میں   طوفانی بارش نے تباہی مچادی ہے۔ گزشتہ ۲۴ ؍گھنٹوں کے دوران شہر میں ۱۹۰ ؍ ملی میٹر (تقریباً  ۸ ؍انچ) سے زائد ریکارڈ  بارش درج کی گئی جس کے نتیجے میں پورا شہر جل تھل ہو گیا۔ تیز ہواؤں اور طوفانی بارش کے سبب شہر کے مختلف علاقوں میں  ۴۳ ؍مقامات پر درخت اور ان کی بھاری شاخیں گرنے کے واقعات پیش آئے۔ ان حادثات میں ایک خاتون معمولی زخمی ہوئی  ، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
 
 
ذرائع  کے مطابق میرا بھائندر میں گزشتہ تین دنوں سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ پیر کو سمندر میں  ہائی ٹائیڈ  اور متواتر بارش کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا اور نکاسی آب کا نظام مفلوج ہو کر رہ گیا۔ شہر کی اندرونی سڑکوں پر کئی فٹ پانی جمع ہونے کی وجہ سے ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہوا  جبکہ احتیاطاً کچھ اہم راستوں کو عارضی طور پر آمد و رفت کیلئے بند کرنا پڑا۔ اس شدید بارش نے سڑکوں پر موجود گڑھوں کے مسئلے کو مزید سنگین بنا دیا ہے جس سے بائیک سواروں اور راہگیروں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔اتوار اور پیر کی درمیانی شب تک ہونے والی اس بارش کو محکمہ موسمیات نے ’شدید ترین بارش‘  کے زمرے میں رکھا ہے۔ صورتحال پر قابو پانے کیلئے میرا بھائندر میونسپل کارپوریشن نے نشیبی اور حساس علاقوں میں ہائی پاور واٹر پمپوں کے ذریعے پانی کی نکاسی کا کام فوری طور پر شروع کیا  جس سے سیلابی صورتحال کو مزید بگڑنے سے بچا لیا گیا۔
فائر بریگیڈ کے اعلیٰ افسر پرکاش بوراڈے نے میڈیا  کو بتایا کہ’’شہر میں تیز ہواؤں کی وجہ سے  ۲۴ ؍ گھنٹوں کے اندر ۴۳  ؍ مقامات پر درخت گرنے کی شکایات موصول ہوئیں۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ، فائر بریگیڈ اور گارڈن ڈپارٹمنٹ کی ٹیمیں مشترکہ طور پر جنگی بنیادوں پر کام کر رہی ہیں۔ گرے ہوئے درختوں کوراستوں سے ہٹا کر ٹریفک بحال کر دی گئی ہے اور جو درخت اب بھی خطرناک حالت میں ہیں، ان کی شاخوں کو چھانٹا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی بڑے حادثے کو ٹالا جا سکے۔‘‘
 
 
دوسری جانب شہر کے کئی اندرونی نالوں کے بند ہونے اور پانی کی نکاسی سست ہونے کی شکایات پر میونسپل افسران اور صاف صفائی کے ٹھیکیداروں نے خود موقع پر پہنچ کر صفائی کا کام شروع کروایا۔ پانی کے بہاؤ کو برقرار رکھنے اور رہائشی علاقوں کو ڈوبنے سے بچانےکیلئے کئی مقامات پر جے سی بی  مشینوں کے ذریعے عارضی نالے کھودنے کا کام بھی ہنگامی طور پر جاری ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں کارپوریشن کے ہیلپ لائن نمبر پر رابطہ کریں۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK