Inquilab Logo Happiest Places to Work

میرا روڈ: ۲؍ لاکھ ۹۴؍ ہزار روپے کی ’ڈکیتی‘ فرضی نکلی

Updated: June 20, 2026, 11:29 AM IST | Sajid Mehmood Shaikh | Mumbai

کمپنی کی ایک ملازمہ سمیت ۳؍ افراد گرفتار۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

یہاں شانتی شاپنگ سینٹر میں واقع ایک نجی کمپنی میں چاقو کی نوک پر ۲؍ لاکھ ۹۴؍ ہزار روپے کی سنسنی خیز ڈکیتی فرضی نکلی۔ نیا نگر پولیس نے تکنیکی تفتیش اور مہارت سے کی گئی پوچھ گچھ کے بعد اس واردات کا پردہ فاش کرتے ہوئے کمپنی کی  ملازمہ، اس کے عاشق اور ایک ساتھی کو گرفتار کر کے پوری رقم برآمد کر لی ۔پولیس کے مطابق سدھارتھ نگر کی رہائشی مدعیہ عظمیٰ ریاض خان (۲۶) نیا نگر کے ’فائیو ٹیک انٹرنیشنل‘ میں ملازم ہے۔ ۱۸؍ مارچ کی شام تقریباً ساڑھے ۵؍ بجے عظمیٰ نے شکایت درج کرائی کہ ۲؍ افراد نے دفتر میں داخل ہو کر شٹر اندر سے بند کر دیا، چاقوسے دھمکاکرمیز کے دراز میں رکھے ۲؍ لاکھ ۹۴؍ ہزار روپے لوٹ کر فرار ہو گئے۔ اس پر نیا نگر پولیس نے کیس درج کر کے تفتیش شروع کردی تھی۔ پولیس نے سی ٹی وی اور موبائل لوکیشن جیسی تکنیکی معلومات کھنگالیں تو مزمل عبدالحفیظ صدیقی (۲۰)  مشکوک پایا گیا۔ ۲۰؍ مارچ کو مزمل کو حراست میں لے کر سخت پوچھ گچھ کی گئی تو وہ زیادہ دیر جھوٹ پر قائم نہ رہ سکا اور اس نے سچ اگل دیا۔تفتیش میں یہ چونکا دینے والا انکشاف ہوا کہ ڈکیتی کی پوری سازش خود شکایت کنندہ عظمیٰ خان نے اپنے دوست محمد اویس معین الدین شیخ اور مزمل صدیقی کے ساتھ مل کر کمپنی کی رقم چرانے کیلئے رچی تھی۔ پولیس نے  تینوں کو گرفتار کر کے مسروقہ رقم برآمد کر لی ہے۔برآمد شدہ ۲؍ لاکھ ۹۴؍ ہزار روپے نیا نگر پولیس اسٹیشن کے سینئر پولیس انسپکٹر امر جگدالے اور اسسٹنٹ پولیس کمشنر  (نوگھر ڈویژن) سہیل شیخ نے چیک کی شکل میں فائیو ٹیک انٹرنیشنل کے منیجر سہیل انور قریشی کے سپرد کر دی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK