Inquilab Logo Happiest Places to Work

کل ایم ایم آر ڈی اے ۴؍ اہم پروجیکٹ شروع کرے گی

Updated: April 02, 2026, 12:57 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

باندرہ کرلا کمپلیکس (بی کے سی) میں پوڈ ٹیکسی، اندھیری تا میراروڈ میٹرو لائن ۹، اندھیری - منڈالے میٹرو لائن ۲؍ بی اور تھانے-بوریولی کے درمیان زیر زمین پروجیکٹ کیلئے سرنگ کی تعمیر کا آغاز کیا جائے گا۔

The First Phase Of Metro 9 Is Likely To Be Launched Between Kashigaon And Dahisar. Photo:INN
کاشی گائوں اور دہیسر کے درمیان میٹرو ۹؍ کا پہلا مرحلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔ تصویر:آئی این این
 ’ایم ایم آر ڈی اے (ممبئی میٹروپولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی) نے جمعہ۳؍ اپریل (کل) کو اپنے ۴؍ اہم پروجیکٹ شروع کرنے کاا علان کیا ہے جس میں سے کم از کم ۳؍ پروجیکٹ عام شہریوں پر بڑی حد تک اثر انداز ہوں گے۔
ایم ایم آر ڈی اے نے پیر کو جن ۴؍ پروجیکٹ   شروع کرنے کا اشارہ دیا ہے، ان میں باندرہ کرلا کمپلیکس (بی کے سی) میں ’پوڈ ٹیکسی‘ شروع کرنے کا پروجیکٹ، میرا روڈ کو اندھیری (مشرق) سے براہِ راست جوڑنے کیلئے ۴ء۵؍ کلو میٹر طویل کاشی گائوں اور دہیسر کے درمیان چلائی جانے والی میٹرو ۹؍ کا پہلا مرحلہ، اندھیری میں ڈی این نگر سے منڈالے کے درمیان چلائی جانے والی میٹرو ۲؍ بی کے پہلے مرحلے کا افتتاح اور تھانے اور بوریولی کے درمیان گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے راستے کی تعمیر کیلئے ’ٹی بی ایم(ٹنل بورنگ مشین)‘ سے سرنگ کی تعمیر شروع کی جائے گی۔ ان تمام پروجیکٹ سے عوام کو آمدورفت میں سہولت اور وقت کی بچت ہونے کی امید ہے۔
میٹرو ۲؍ بی کے مکمل منصوبہ کے مطابق یہ ۲۳ء۶؍ کلو میٹر طویل لائن ہوگی جس پر ۲۰؍ اسٹیشن ہوں گے۔ ان میں اندھیری، باندرہ کرلا کمپلیکس، کرلا، چمبور اور مانخورد اسٹیشن شامل ہیں جو مشرقی اور مغربی مضافات کو جوڑیں گے۔
 
 
میٹرو لائن ۹؍ دراصل میٹرو لائن ۷؍ کا توسیع شدہ حصہ ہے جو ۱۳ء۵۸؍ کلو میٹر طویل ہے اور دہیسر (مشرق) اور میرابھائندر کے درمیان تعمیر کیا جارہا ہے۔ اس لائن پر ’پلیٹ فارم اسکرین ڈورس(پی ایس ڈی)‘ نصب نہیں کئے گئے ہیں۔ پی ایس ڈی دراصل شیشے کی ایسی دیوار ہوتی ہے جس کی وجہ سے کوئی بھی شخص ٹریک پر نہیں جاسکتا اور اس میں نصب دروازے صرف اس وقت کھلتے ہیں جب ٹرین پلیٹ فارم پر اس طرح رُک جاتی ہے کہ دروازے کھلنے پر مسافر ٹرین میں داخل ہوسکیں گے یا اس سے باہر آسکیں گے۔ اس طرح کسی مسافر کے ٹریک پر گرنے جیسے حادثات سے حفاظت ہوتی ہے۔ اس سے قبل ۲۰۱۴ء میں گھاٹکوپر - ورسوا ممبئی کی پہلی میٹرو لائن  میں بھی پی ایس ڈی نہیں بنائے گئے ہیں البتہ اس کے بعد تعمیر کی گئی تمام میٹرو لائن، بشمول زیر زمین میٹرو ۳؍ میں پی ایس ڈی ہیں۔
 
 
ایم ایم آر ڈی اے افسران کے مطابق ان پروجیکٹوں کی وجہ سے لوگوں کا گاڑیوں پر انحصار کم ہوگا اور وہ عوامی ٹرانسپورٹ استعمال کرنے کو ترجیح دے سکیں گے۔ جہاں تک تھانے اور بوریولی کے درمیان زیر زمین پروجیکٹ کا معاملہ ہے تو اس سے عام سڑکوں سے ان دونوں مقامات کے درمیان آمدورفت کیلئے جتنا وقت درکار ہوتا ہے، زیر زمین راستے کے استعمال سے یہ وقت بہت کم ہوجائے گا جس سے وقت اور ایندھن کی بچت ہوگی۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK