یہاں کے علاقے نیانگرکے ۱۴؍سالہ طالب علم محمد شافین انصاری کا قومی شہرت یافتہ مدراس فٹ بال کلب (ایف سی مدراس) کیلئے انتخاب ہواہے۔
محمد شافین انصاری۔ تصویر: آئی این این
یہاں کے علاقے نیانگر کے ۱۴؍سالہ طالب علم محمد شافین انصاری کا قومی شہرت یافتہ مدراس فٹ بال کلب( ایف سی مدراس) کیلئے انتخاب ہواہے۔ ایف سی مدراس کے رہائشی ٹرائل کیلئے شافین کا انتخاب اس کی لگن اور سخت محنت کا انعام ہے۔ یہ موقع اسے قیمتی تجربہ حاصل کرنے، فٹ بال کھیلنےکی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے اور اعلیٰ مقابلوں میں حصہ لینے کیلئے تیاری کرنے کے قابل بنائے گا ۔شافین انصاری میراروڈ کے آربی کے اسکول، کنکیا میں نویں جماعت میں زیرتعلیم ہیں۔ اس نے ۶؍سال کی عمر میں اسکول سے فٹ بال کھیلنا شروع کیاتھا۔
اسکول کے علاوہ اکیڈمیوں، کلبوں اور پیشہ ورانہ سطح کے لیگ فٹ بال میچوں میں باقاعدگی سے حصہ لیا اوراپنی عمدہ کارکردگی سے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا ۔چھٹی جماعت سے ہی اس نے ڈسٹرکٹ اسپورٹش آفس ( ڈی ایس او) اور سبروتو کپ میں کھیلنا شروع کر دیا تھا۔محمد شافین اوریجن اکیڈمی، ایم ایف اے پووا پریمیئر لیگ ، پیفاکلب، ایم وائی ایف اے اکیڈمی، ڈی پی ڈی ایل اور لینو پریمیئر لیگ فٹ بال ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی پیش کر چکاہے۔
شافین کاتعلق اس خانوادہ سے رہا جہاں فٹ با ل کو خاص اہمیت حاصل رہی۔ شافین کے بڑے دادا ممتاز انصاری اور چھوٹے دادا افتخار انصاری مومن پورہ کے ینگ بوائز اسپورٹس کلب سے وابستہ تھے۔