• Sat, 01 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

محمد اظہرالدین نے تلنگانہ کابینہ میں وزیر کی حیثیت سے حلف لیا

Updated: October 31, 2025, 5:10 PM IST | Hyderabad

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور کانگریس لیڈرمحمد اظہر الدین نے ایک شاندار تقریب کے دوران وزیر کی حیثیت سے حلف اُٹھا لیا۔

Mohammad Azharuddin taking oath. Photo: INN
محمد اظہر الدین حلف لیتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور کانگریس لیڈرمحمد اظہر الدین نے ایک شاندار تقریب کے دوران وزیر کی حیثیت سے حلف اُٹھا لیا۔ ’’ہندوستان ٹائمز ‘‘ کےمطابق گورنر تلنگانہ جیشنو دیو ورما نے سابق کپتان اور کانگریس لیڈر اظہر الدین سے رازداری کا حلف لیا۔ حلف برداری کے موقع پر وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی، ریاستی کابینہ کے متعدد وزراء، کانگریس کے ارکان اسمبلی و قانون ساز کونسل، ارکان پارلیمنٹ اور دیگر معززین بڑی تعداد میں شریک تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اظہرالدین کو ریاستی حکومت میں اقلیتی بہبود، کھیل و نوجوانان امور کا قلمدان دیئے جانے کا امکان ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: چھپرہ میں مودی اورنالندہ میں راہل کی للکار،ایکدوسرے پرحملہ

ریونت ریڈی کابینہ میں اظہرالدین کے حلف کے ساتھ ہی ایک اور اہم اضافہ ہوا ہے، جسے کانگریس حلقوں میں خوش آئند قرار دیا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان ۸؍ فروری۱۹۶۳ء کو پیدا ہوئے اور ان کا تعلق حیدرآباد سے ہے۔ انہوں نے عثمانیہ یونیورسٹی سے گریجویشن کیا۔ ۱۹۸۴ء میں کرکٹ کی دنیا میں قدم رکھتے ہی وہ اپنی بہترین بیٹنگ، نفیس انداز اور شاندار قیادت کے سبب عالمی شہرت حاصل کر گئے۔ سابق کپتان نے ہندوستانی ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے۹۹؍ ٹیسٹ میچوں اور ۳۳۴؍ ون ڈے میچوں میں ملک کی نمائندگی کی۔ ان کی کپتانی میں ہندوستان نے کئی یادگار فتوحات حاصل کیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: عمر خالد اور دیگر کی ضمانت کی حسب ِمعمول مخالفت

کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد اظہرالدین نے سیاست میں قدم رکھا۔ ۱۹؍ فروری۲۰۰۹ء کو وہ انڈین نیشنل کانگریس میں شامل ہوئے اور جلد ہی اتر پردیش کے مرادآباد حلقے سے لوک سبھا کے انتخابات میں حصہ لیا جہاں وہ اسی سال کامیاب بھی ہوئے۔ ان کی مقبولیت اور پارٹی کے اندر قیادت کو تسلیم کرتے ہوئے، کانگریس نے۲۰۱۸ء میں انہیں تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی (TPCC) کا کارگزار صدر مقرر کیا۔ بعد ازاں انہوں نے۲۰۲۳ء کے اسمبلی انتخابات میں جوبلی ہلز کے حلقے سے ایم ایل اے امیدوار کے طور پر الیکشن لڑا مگر انہیں بھارت راشٹرا سمیتی کے ماگانتی گوپیناتھ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ رواں سال اگست میں، ریونت ریڈی کابینہ نے اظہرالدین کا نام گورنر کے کوٹے کے تحت ایم ایل سی (رکنِ قانون ساز کونسل) کیلئے پروفیسر ایم کوڈاندرام کے ساتھ سفارش کیا۔ تاہم، یہ فائل راج بھون میں زیرِ التوا ہے کیونکہ گورنر کے کوٹے کے تحت سابقہ ایم ایل سی نامزدگیوں سے متعلق ایک مقدمہ اس وقت سپریم کورٹ میں زیرِ سماعت ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK