دنیا بھر سے۲۰؍ارب ڈالر کا آفر ملا، آئی پی او کی غیر معمولی پزیرائی اور شیئرس کی قیمتوں میں ۴۷؍ فیصد تک کے اضافے کا امکان۔
EPAPER
Updated: October 15, 2026, 12:32 PM IST | Agency | New Delhi
دنیا بھر سے۲۰؍ارب ڈالر کا آفر ملا، آئی پی او کی غیر معمولی پزیرائی اور شیئرس کی قیمتوں میں ۴۷؍ فیصد تک کے اضافے کا امکان۔
ریلائنس انڈسٹریز کی ڈجیٹل خدمات فراہم کرنے والی کمپنی جیو پلیٹ فارمس کو اپنے آئی پی او سے پہلے ہی۲۰؍ارب ڈالر سے زائد مالیت کی پیشکشیں موصول ہوئی ہیں۔ یہ ملک کی تاریخ میں اب تک شیئرس کی سب سے بڑی فروخت ثابت ہو سکتی ہے۔ آئی پی او کی غیر معمولی پزیرائی کو دیکھتے ہوئے ماہرین نے شیئرز کی قیمتوںمیں ۴۷؍ فیصد تک اضافے کی امید ظاہر کی ہے۔
معاملے سے واقف افراد نے بلومبرگ کو بتایا کہ فیڈیلیٹی، الیانز اور کیپٹل گروپ جیسے عالمی سرمایہ کاروں کے علاوہ کئی دیگر بین الاقوامی اور ملکی کمپنیوں نے بھی اس اجراء میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ تفصیلات فی الحال خفیہ ہیں ، آنے والے دنوں میں اینکر سرمایہ کاروں کی حتمی فہرست طے کئے جانے کا امکان ہے۔
جیو کے آئی پی او کا عمل ابھی جاری ہے اور اینکر سرمایہ کاروں کو شیئرس الاٹ کرنے کے بارے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ معاملے سے واقف افراد کا کہنا ہے کہ جیو پلیٹ فارمز اپنے آئی پی او کیلئے کمپنی کی مالیت۳ء۱۰؍ لاکھ کروڑ روپے، یعنی تقریباً۱۰۸؍ارب ڈالر تک رکھنے کا ہدف بنا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ای ڈی نے ریلائنس پاور کے ۲۰۳۲؍کروڑ روپے کے اثاثے ضبط کرلیے
یہ ہدف پہلے ظاہر کئے گئے اندازوں سے کم ہے، جو مبینہ طور پر۱۷۰؍ارب ڈالر تک پہنچ گئے تھے۔ کمپنی کی مجوزہ مالیت سرمایہ کاروں کیلئے ایک اہم عنصر ہوگی، کیونکہ وہ اس کی ترقی کے امکانات اور سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والے منافع کا جائزہ لینے کے بعد ہی پیسہ لگانے کا فیصلہ کر سکتے ہیں۔سرمایہ کار بھی اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ جیو پلیٹ فارمز کی مجوزہ اسٹاک مارکیٹ لسٹنگ پر سب کی نظریں ہیں، کیونکہ اس کا حجم بہت بڑا ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ، ہندوستان کی ٹیلی کام صنعت اور ڈیجیٹل معیشت میں بھی کمپنی کو خاص اہمیت حاصل ہے۔
لندن اور نیویارک میں ملاقاتیں
ہندوستان کی ٹیلی کام اور ڈیجیٹل خدمات کی مارکیٹ میں جیو کی مستحکم پوزیشن کو دیکھتے ہوئے توقع ہے کہ اس کے آئی پی او میں ملکی اور عالمی ادارہ جاتی سرمایہ کار گہری دلچسپی لیں گے۔ جیو پلیٹ فارمز کے منیجنگ ڈائریکٹر آکاش امبانی (دائیں جانب تصویر میں) آئی پی او کی تیاریوں اور سرمایہ کاروں کے ساتھ بات چیت کی قیادت کر رہے ہیں۔ بلومبرگ کے مطابق گزشتہ چند دنوں میں وہ اور ان کی ٹیم نے ہانگ کانگ، لندن اور نیویارک جیسے بڑے مالیاتی مراکز میں سرمایہ کاروں کے ساتھ میٹنگیں کی ہیں۔ جن میں سرمایہ کاروں نے کمپنی کی مجوزہ مالیت اور آمدنی حاصل کرنے کے منصوبوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
نیا ریکارڈ بننے کا امکان
جیو پلیٹ فارمز ہندوستان میں ٹیلی مواصلات کے کاروبار کے ساتھ ساتھ ڈجیٹل ایپلی کیشنز اور خدمات پر مشتمل ایک وسیع ڈجیٹل نظام چلاتا ہے۔ صارفین کو کنیکٹیویٹی فراہم کرنے کے علاوہ ڈجیٹل خدمات سے آمدنی حاصل کرنے کی کمپنی کی صلاحیت بھی ان سرمایہ کاروں کیلئے اہم ہوگی جو اس کے آئی پی او کی مالیت کا اندازہ لگا رہے ہیں۔ اگر یہ آئی پی او مجوزہ پیمانے پر مکمل ہوتا ہے تو یہ ہندوستان کی آئی پی او مارکیٹ میں ایک نیا ریکارڈ قائم کر سکتا ہے۔ فہرست سازی کا عمل آگے بڑھنے کے ساتھ ہی اجراء کا حتمی حجم، کمپنی کی مالیت اور اینکر سرمایہ کاروں کی شرکت سے متعلق تفصیلات بھی سامنے آنے کی توقع ہے۔