Inquilab Logo Happiest Places to Work

ملک کی۱۴؍ریاستوں میں مانسون نے دستک دی، موسم خوشگوار

Updated: May 29, 2025, 1:03 PM IST | Agency | New Delhi/Hyderabad/Ranchi/Srinagar

محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کو مانسون وقت سے ۱۲؍ دن پہلے چھتیس گڑھ اور ۱۳؍ دن پہلے ادیشہ پہنچ گیا ہے۔ مغربی بنگال میں اگلے ۴؍دنوں میں مانسون کی بارش ہوگی۔

The first monsoon rains in Tamil Nadu have also scorched Ooty, a picture of the suburbs. Photo: INN
تمل ناڈو میں مانسون کی پہلی بارش نےاوٹی کو بھی جل تھل کردیا ہے، مضافاتی علاقے کی تصویر۔ تصویر: آئی این این

ملک کی ۱۴؍ ریاستوں میں مانسون نے دستک دے دی ہے۔ کئی ریاستوں  میں  بارش کے سلسلے سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کو مانسون وقت سے ۱۲؍ دن پہلے چھتیس گڑھ اور ۱۳؍ دن پہلے ادیشہ پہنچ گیا ہے۔ دونوں  ریاستوں  کے کچھ اضلاع میں  تیز بارش ہوئی ہے۔ جبکہ مہاراشٹر کے ممبئی، نوی ممبئی، تھانے، پال گھر، رائے گڑھ، پونے اور دیگر اضلاع میں تین دنوں سے وقفے وقفے سے بارش ہوئی ہے۔ 
مدھیہ پردیش اور بہار میں آندھی کیساتھ بادل برسنے کا امکان
 رپورٹ کے مطابق مدھیہ پردیش اوربہار کے باون اضلاع میں آندھی طوفان کیساتھ بارش ہونے کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ریاست کے ۱۵؍ اضلاع میں  منگل کو بارش ہوئی۔ بھوپال، اندور سمیت ۴۰؍ اضلاع میں تیز آندھی کے ساتھ بارش ہونے کا اندازہ لگایا گیا ہے۔ 
 راجستھان: کچھ اضلاع کو چھوڑکر باقی سب جگہ گرمی 
 جہاں  متعدد ریاستوں میں موسم خوشگوار ہونے سے لوگ راحت کی سانس لے رہے ہیں وہیں  راجستھان کے باشندوں کیلئے گرمی کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہے۔ ادئے پور، چتوڑگڑھ اور بھیلواڑہ کو چھوڑکر تقریباً سبھی مقامات پر سخت گرمی پڑرہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست کے سات اضلاع میں ہیٹ ویوو کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے:غزہ جنگ کے ۶۰۰؍ دن: حماس نے عالمی سطح پر احتجاجی مظاہروں کے انعقاد کی اپیل کی، تل ابیب میں احتجاج

جھارکھنڈ میں ۵؍ جون تک مانسون پہنچنے کا امکان
  جنوب مغربی مانسون کے جھارکھنڈ میں ۵؍جون تک دستک دینے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے اگلے تین چار دنوں میں مانسون کے مغربی بنگال تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ جیسے ہی مانسون مغربی بنگال میں پہنچے گا، یہ دو تین دن کے اندر جھارکھنڈ میں داخل ہو جائے گا۔ بدھ کو رانچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت۳۱ء۲؍ڈگری، جمشید پور۳۴ء۳؍، ڈالٹین گنج میں ۳۵ء۲؍ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات سے موصولہ اطلاعات کے مطابق خلیج بنگال اور اڈیشہ کے ساحلی علاقوں میں کم دباؤ کا علاقہ بنا ہوا ہے۔ اس کے اثر کی وجہ سے مغربی بنگال اور جھارکھنڈ میں اگلے دو تین دنوں کے اندر زبردست بارش ہونے کی توقع ہے۔ محکمہ نے کہا کہ یہ اگلے دو تین دنوں میں موسم کی سرگرمیوں کی بنیاد پر مانسون کی پیش رفت پر منحصر ہوگا۔ رانچی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں آج بادل چھائے رہے۔ وقفے وقفے سے دھوپ نکلنے سے گرمی کا احساس ہوا۔ بارش نہ ہونے کی وجہ سے امس محسوس ہوئی۔ 
تلنگانہ میں موسلا دھار بارش، اورینج الرٹ جاری
 جنوب مغربی مانسون اور ہوا کے کم دباؤ کے اثر سے تلنگانہ بھر میں موسلا دھار بارش ہو رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو کئی اضلاع میں شدید بارش ہوئی اور سب سے زیادہ بارش جنگاؤں ضلع کے گودرُو میں ۱۳۶ء۵؍ ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ حیدرآباد کے محکمہ موسمیات مرکز کے مطابق جمعرات کو کئی اضلاع میں شدید سے بہت شدید بارش کا امکان ہے، جس کے پیش نظر جگتیال، راجنا سرسلہ، سدی پیٹ اور جنگاؤں اضلاع کے لئے اورینج الرٹ جاری کیا گیا ہے، جبکہ کریم نگر، مُلگ، بھدرا دری، محبوب آباد، ورنگل، ہنمکنڈہ، رنگا ریڈی، حیدرآباد، وقارآباد اور سنگاریڈی اضلاع میں یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ 
کشمیر میں اگلے ایک ہفتے موسمی صورتحال دگرگوں 
  محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کشمیر میں کم وبیش اگلے ایک ہفتے کے دوران موسمی صورتحال دگر گوں رہنے کا امکان ہے۔ 
محکمے کی ایڈوئزری کے مطابق وادی میں ۳۰؍ اور۳۱؍مئی کو گرج چمک کے ساتھ درمیانی سے بھاری بارشوں کا امکان ہے اور اس دوران تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں ۲۸؍ اور۲۹؍ مئی کو دوپہر کے بعد گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارشوں کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ۳۰؍ اور۳۱؍ مئی کو کئی مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش ہوسکتی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK