Inquilab Logo

ایس ٹی ڈپو میں مزید چارجنگ اور گیس اسٹیشن قائم کئے جائیں گے

Updated: March 25, 2024, 10:58 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

مزید آمدنی کیلئے ۱۷۲؍ ای چارجنگ اور ۹۰؍ ایل این جی اسٹیشن کیلئے جگہ فراہم کی جائے گی۔

It has been decided to set up more charging stations at ST depot.  Photo: INN
ایس ٹی ڈپو میں مزیدچارجنگ اسٹیشن قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تصویر : آئی این این

’مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن‘ (ایم ایس آر ٹی سی)  نے اپنے بس ڈپو میں خالی پڑی جگہوں پر الیکٹرک اور گیس سے چلنے والی گاڑیوں کیلئے چارجنگ اسٹیشن اور ’ایل این جی‘ (لیکویفائیڈ نیچرل گیس) بھرنے کے مراکز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے ایس ٹی کی آمدنی میں بھی اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ اس فیصلے کے تحت ۱۸۲؍ چارجنگ پوائنٹ اور ۹۰؍ ایل این جی مراکز قائم کئے جائیں گے۔ 
 ایس ٹی افسران کے مطابق اس فیصلے کا مقصد مستقبل میں عوام کو ایندھن کی متبادل سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ایس ٹی کی آمدنی کے نئے ذرائع پیدا کرنا بھی ہے۔ ایس ٹی ان مراکز کو اس لئے بھی ترجیح دے رہا ہے کیونکہ مرکزی حکومت کی جانب سے پبلک ٹرانسپورٹ کی گاڑیوں میں الیکٹرک، سی این جی اور ایل این جی جیسے ایندھن کے استعمال کو فروغ دیا جارہا ہے۔ اسی بنیاد پر ایس ٹی اپنے بیڑے میں شامل ۵؍ ہزار ڈیزل گاڑیوں کو آئندہ ۴؍ برس کے دوران ’ایل این جی‘ ایندھن   والی گاڑیوں میں تبدیل کرے گی۔ عام طور پر ایس ٹی گاڑیوں میں ۱۸؍ کلو ایندھن بھرنے کی گنجائش ہوتی ہے۔ اگر ایندھن کی ٹنکی کو مکمل طور پر بھر دیا جائے تو ایک بس ۷۵۰؍ کلو میٹر کا سفر کرسکتی ہے۔

 یہ بھی پڑھئے:بی جے پی کے مزید۳؍ امیدواروں کے ناموں کا اعلان

نئے منصوبے میں پوری ریاست میں ۹۰؍ ایس ٹی ڈپو میں ایل این جی کے اسٹیشن قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان ۹۰؍ مراکز کیلئے پال گھر، شولاپور اور ناسک جیسے ۱۸؍ مقامات پر جگہ منتخب کی جاچکی ہے اور دیگر مقامات پر جگہ کے انتخاب کی کارروائی جاری ہے۔ ان اسٹیشنوں کے قیام پر آنے والے اخراجات کے تعلق سے ایک افسر نے بتایا ہے کہ متعلقہ کمپنی کو اپنے خرچ پر اسٹیشن قائم کرنے کو کہا جائے گا اور ایس ٹی کی جانب سے جگہ فراہم کی جائے گی۔  جہاں تک الیکٹرک چارجنگ اسٹیشن کا سوال ہے تو ممبئی میں پریل، بوریولی، تھانے میں کھوپٹ اور ریاست کے دیگر مقامات پر ۱۰؍ ڈپو میں چارجنگ اسٹیشن پہلے سے جاری ہیں اور مزید ۹۰؍ مقامات پر چارجنگ اسٹیشن قائم کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔ 
 ابتداء میں ان مراکز پر ایس ٹی کی گاڑیوں میں ایندھن بھرا جائے گا اور مستقبل میں نجی کمپنیوں سے رائلٹی لے کر ان مراکز کو عوام کو بھی استعمال کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ ایس ٹی ڈپو پر قائم مراکز پر عوام کے ذریعے ایندھن خریدنے سے ایس ٹی کو مالی فائدہ پہنچے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK