ریلائنس انڈسٹریز کی ۴۹؍ ویں سالانہ جنرل میٹنگ میں ریلائنس کے چیئر مین نے کئی اہم اعلانات کئے، جیو کے فائیو جی صارفین کی تعداد ۲۶؍ کروڑ سے زائد ہو گئی۔
EPAPER
Updated: June 20, 2026, 2:36 PM IST | Mumbai
ریلائنس انڈسٹریز کی ۴۹؍ ویں سالانہ جنرل میٹنگ میں ریلائنس کے چیئر مین نے کئی اہم اعلانات کئے، جیو کے فائیو جی صارفین کی تعداد ۲۶؍ کروڑ سے زائد ہو گئی۔
ریلائنس انڈسٹریز لمیٹڈ کی ۴۹؍ویں سالانہ جنرل میٹنگ (اے جی ایم )میں چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر مکیش امبانی نے کہا کہ ہندوستان کو صرف دوسرے ممالک کی تیار کردہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) ٹیکنالوجی استعمال کرنے والا ملک نہیں بننا چا ہئے، بلکہ اسے اے آئی کی تخلیق، اس کے فروغ اور اس شعبے میں عالمی قیادت حاصل کرنے کی سمت آگے بڑھنا چاہئے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال ریلائنس نے ریلائنس انٹیلی جنس کا آغاز کیا تھا، جس کا مقصد مصنوعی ذہانت کے میدان میں بھارت کے عزائم کو نئی رفتار دینا اور ملک کو عالمی اے آئی انقلاب میں سرکردہ کردار ادا کرنے کے قابل بنانا ہے۔
مکیش امبانی کے مطابق ریلائنس انٹیلی جنس کو ایک نئے ترقیاتی انجن کے طور پر تیار کیا جا رہا ہے، جو نہ صرف ریلائنس کے کاروبار کو تقویت دے گا بلکہ بھارت کو عالمی اے آئی معیشت میں ایک اہم مقام دلانے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صرف ۱۰؍ برسوں میں جیو نے غیر معمولی ترقی حاصل کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ کمپنی کے مجموعی صارفین کی تعداد بڑھ کر ۵۲؍کروڑ ۴۰؍ لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے، جس کے بعد ملک کی سب سے بڑی ٹیلی کام کمپنی کے طور پر اس کی پوزیشن مزید مستحکم ہو گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ مالی سال ۲۰۲۶ءکے دوران جیو کے نیٹ ورک پر کل ڈیٹا ٹریفک ۲۴۱؍ ایکسابائٹ ریکارڈ کیا گیا، جو سالانہ بنیاد پر ۳۰ء۸؍ فیصد زیادہ ہے۔آکاش امبانی کے مطابق اس تیز رفتار اضافے کے نتیجے میں جیو دنیا کے سب سے بڑے ڈیٹا آپریٹرس میں شامل ہو گیا ہے، جو ملک میں ڈیجیٹل کنیکٹی ویٹی اور تیز رفتار انٹرنیٹ کے بڑھتے ہوئے استعمال کی عکاسی کرتا ہے۔
اے آئی سے چلنے والے فوڈ پارکس میں ۳۰؍ ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری
ریلائنس انڈسٹریز ایشیا کے سب سے بڑے مربوط فوڈ پارک نیٹ ورکس میں سے ایک بنانے کے لئے اگلے تین سال میں ۳۰؍ ہزارکروڑ روپے کی سرمایہ کاری کرے گی۔ ریلائنس ریٹیل کی ڈائریکٹر ایشا امبانی نے یہ اعلان کیا۔یہ آنے والی سہولیات اے آئی سے چلنے والی اور روبوٹکس سے چلنے والی ہوں گی۔ انہیں مختلف قسم کی مصنوعات تیار کرنے کے لیے ڈیزائن کیا جائے گا، بشمول بسکٹ، چاکلیٹ، اسٹیپل (روزمرہ کے اناج/دالیں)، اور پیکٹ شدہ کھانے۔ اس سرمایہ کاری کا مقصد ریلائنس کنزیومر پروڈکٹس لمیٹڈ کی مینوفیکچرنگ صلاحیتوں کو مضبوط بنانا اور ٹیکنالوجی اور پیمانے سے فائدہ اٹھا کر کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔ اس سے صارفین کو بھی فائدہ پہنچے گا۔
یہ بھی پڑھئے: ’کیا انڈیا‘ کا یکم جولائی سے کاروں کی قیمتوں میں ۲؍فیصد تک اضافے کا اعلان
جیو فائیو جی کے صارفین میں اضافہ
آکاش امبانی نے اعلان کیا کہ جیو کے فائیو جی صارفین کی تعداد ۲۶؍کروڑ ۸۰؍ لاکھ سے زیادہ ہو چکی ہے، جو چین کو چھوڑ کر دنیا کے کسی بھی ایک ملک کی ٹیلی کام کمپنی کا سب سے بڑا فائیو جی صارفین کا نیٹ ورک ہے۔ریلائنس جیو کے چیئرمین کاش امبانی نے بتایا کہ جیو ایئر فائبر اب ملک کے ایک کروڑ ۳۰؍ لاکھ گھروں تک پہنچ چکا ہے، جس کے ساتھ ہی یہ دنیا کا سب سے بڑا فکسڈ وائرلیس براڈبینڈ آپریٹر بن گیا ہے۔ اانہوں نے بتایا کہ جیو پلیٹ فارم اپنے آئی پی اوکی جانب ایک بڑا قدم آگے بڑھا چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ڈی آر ایچ کی منظوری دے دی ہے۔ جس کے بعد جلد ہی جیو کا آئی پی او آئے گا۔