Inquilab Logo

ملائم نے ملک کیلئے متحد ہونے کی اپیل کی

Updated: November 24, 2021, 11:04 AM IST | Agency | Lucknow

پر وفیسر رام گوپال کی ہندی کتاب ’ راج نیتی کے اس پار ‘کے اجرا ء پر سماجوادی پارٹی کے بانی کاخطاب ، اتر پر دیش کی اہمیت کا احساس دلایا ،ملک کی ترقی کیلئے ایک ہونے پرزور دیا ۔ شاعر اور سابق لیڈر کمار وشواش کو سماجوادی میں شامل ہونے کی پیشکش

PictureLucknow: On the occasion of the launch of the book, Mulayam Singh, Akhilesh Yadav, Kumar Vishwas, Prof. Ram Gopal and others.Picture:PTI
لکھنؤ: کتاب کےاجراء کے موقع پر ملا ئم سنگھ ، اکھلیش یادو ، کمار وشواش ، پروفیسر رام گوپال اور دیگر۔ تصویر: پی ٹی آئی

سماج وادی پارٹی(ایس پی) کے بانی ملائم سنگھ یادو نے مہنگائی، بے روزگاری اور بدعنوانی کے مسئلے پر ا متحد ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جب جب ملک مسائل سامنے آئے ہیں، تب تب سب ایک ہوئے ہیں۔ ملائم سنگھ نے منگل کو  لکھنؤ میں  پارٹی کے جنرل سیکریٹری  اور راجیہ سبھا رکن پروفیسر رام گوپال یادو کی کتاب، ’ راج نیتی کے اس پار‘ کے  اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا:’’ملک کے سامنے جب کوئی بھی چیلنج آیا ہے تب سب ایک ساتھ کھڑے ہوئے ہیں۔ مہنگائی اور بدعنوانی کے خلاف پورا ملک ایک ساتھ کھڑا ہے۔ آج یہاں سارا ملک بیٹھا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ کوئی بھی  مسئلہ ہو ،اسی طرح سب ایک ساتھ بیٹھ کر اس کا حل نکالیں۔‘‘
  انہوں نے مزید کہا:’’ مہنگائی اور کسانوں کے مسائل پر متحد ہوں ، ملک کے سوالوں کو لے کر آگے بڑھیں ۔بھائی چارہ قائم کرنے کا عزم کریں ، تاکہ امن قائم ہو،ملک سے بڑا کوئی نہیں ہے ۔ نوجوان اسی طرح متحد رہیں۔ اسی صورت میں ترقی ہوگی۔ اتر پر دیش اہمیت کا حامل ہے۔ یوپی ہی سے پورے ملک کی تصویر بدلے گی۔‘‘
   ان کے بقول :’’کسان تحریک پر ملک  ایک ہوا ، جو آج دکھائی دے رہا ہے ، ا سی طرح ہم ایک رہیں گے ۔ ہم  ایک  ہوجائیں تو ملک کو ترقی کرنے سے کوئی نہیں روک سکے گا۔ ‘‘
   اس دوران پروگرام میں موجود عام آدمی پارٹی (آپ )کے سابق لیڈر اور  شاعر کمار وشواش کے ایس پی میں شامل ہونے کی بھی ملائم سنگھ یادو نے پیشکش کردی۔ کمار وشواش اپنے خطاب کے بعد جب اپنے  جگہ پر لوٹے تو ایس پی  کے بانی  نے ان کی پیٹھ تھپتھپاکر ان کے کان میں کچھ کہا۔
  سماجوادی دانشور اورسینئر ڈاکٹر ادے پرتاپ 
 سنگھ نےاپنے خطاب میں اس کا انکشاف کیا کہ نیتاجی خواہش ہے کہ اگر کمار وشواش کہیں کسی پارٹی میں نہیں ہیں تو ایس پی میں ان کا استقبال ہے۔ ان کے بقول:’’ کمار وشواش اتنے بڑے شاعر ہیں، ابھی نیتا جی  ہم سے کان میں کہہ رہے ہیںکہ اگر یہ کہیں نہیں ہیں تو انہیں سماجوادی پارٹی میں کیوں نہیں بلا لیتے  ؟ ‘‘  یہ کہتے ہی اسٹیج پر قہقہہ گونجا ، حالانکہ کمار وشواش نے اس کے بارے میں خبر لکھے جانے تک کچھ نہیں کہا ۔
 کمار وشواش نے  اسٹیج سے اکھلیش یادو او ر ملائم سنگھ یادو کی  تعریف کی۔ انہوں نے کہا :’’ہم شاعروں کا اگر سب سے زیادہ کسی نے خیال رکھا ہے تو ان ایس پی لیڈروں نے ہی رکھا ہے۔‘‘   کمار وشواش نے کہا :’’ ملائم سنگھ نیتا نہیں   احساسات کا نام ہے  ، ملائم سنگھ کو صدیاں یادکریں گی ۔ آنے والی نسل ملائم سنگھ کی عظمت کو یاد کرے گی ۔ ملائم سنگھ جذبات کانام ہے ۔‘‘  کمار وشواش نے ملک کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتےہوئے کہا :’’ملک میں جو چل رہا ہے ، ا نتہائی افسوسناک ہے ، جمہوریت لوگو ں کی بات سنی جائے۔ ‘‘  اس موقع پرکانگریس کے سینئر لیڈر پرمود تیواری،  آپ کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ، آر جے ڈی کے لیڈر پروفیسر منوج کمار جھا اور ایس پی کے سابق رکن پارلیمنٹ جاوید علی خان ا ور دیگر پارٹیوں کے سینئر لیڈر موجود رہے۔  تقریب کی صدارت  ایس پی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے کی ۔ انہوں نے  پروفیسر رام گوپال  یادو کی تعریف کرتے ہوئے کہا :’’ ان کی یہ کتاب موجودہ نسل ہی نہیں آئندہ نسلوں کیلئے بھی سیاسی اقدار کی راہ دکھانے والی ثابت ہوگی۔‘‘  کتاب کے مصنف رام گوپال یادو نے کہا :’’ جدوجہد کے بغیر تخلیق نہیں ہوسکتی۔ ‘‘انہوں نے  یہ  بھی کہا : آج میں جو کچھ بھی ہوں ، وہ نیتا جی کی وجہ سے ہوں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK