Updated: August 04, 2026, 6:01 PM IST
| New Delhi
وہاٹس ایپ کے متعدد صارفین کو پیرکو اس وقت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب ان کے اکاؤنٹس اچانک ’’زیرِ جائزہ‘‘(Under Review) قرار دے دیئے گئے اور وہ ایپ کی اہم سہولیات استعمال کرنے سے محروم ہو گئے۔ کمپنی نے اعتراف کیا ہے کہ غلطی سے بعض اکاؤنٹس متاثر ہو سکتے ہیں اور ایسے معاملات کو جلد از جلد درست کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔
وہاٹس ایپ نے ہزاروں اکاؤنٹس ریویو میں ڈال دیئے۔ تصویر: آئی این این
ہندوستان سمیت متعدد ممالک میں استعمال ہونے والے وہاٹس ایپ کے کئی اکاؤنٹس پیر (۳؍اگست) کو اچانک ۲۴؍گھنٹے تک ’’زیرِ جائزہ‘‘(Under Review) قرار دے دیئے گئے، جس کے باعث متاثرہ صارفین میسجنگ پلیٹ فارم کی اہم سہولیات استعمال کرنے سے محروم ہو گئے۔ صارفین نے رات تقریباً۸؍ بجے ( ہندوستانی وقت کے مطابق ) اس مسئلے کی شکایات کرنا شروع کیں اور بتایا کہ ان کے اکاؤنٹس کو بغیر کسی پیشگی اطلاع کے محدود کر دیا گیا ہے۔ متعدد افراد نے سوشل میڈیا پر اسکرین شاٹس بھی شیئر کئے، جن میں دکھایا گیا کہ ان کے اکاؤنٹس کو جائزے کیلئے نشان زد کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ’’ مستقبل میں جنگیں مصنوعی ذہانت کے ذریعے لڑی جائیں گی‘‘
پی ٹی آئی کے مطابق وہاٹس ایپ پر ایک پیغام ظاہر ہوا، جس میں لکھا تھا: ’’اکاؤنٹ زیرِ جائزہ ہے۔ درخواست کی تاریخ:۳؍ اگست ۲۰۲۶ء۔ آپ کے اکاؤنٹ کی سرگرمی اور ڈیوائس کی معلومات کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ ہماری سروس کی شرائط کے مطابق ہیں۔ ہم عموماً۲۴؍ گھنٹوں کے اندر آپ کو نتیجے سے آگاہ کر دیں گے۔ ‘‘ اس نوٹیفکیشن میں صارفین کو ’وہاٹس ایپ کو ذمہ داری کے ساتھ استعمال کرنے کے طریقے‘ اور چوری شدہ فونز اور اکاؤنٹس سے متعلق رہنمائی کے صفحات کی طرف بھی رہنمائی دی گئی۔
یہ بھی پڑھئے: مردم شماری میں او بی سی کیلئے علاحدہ کالم شامل کرنے کا مطالبہ
اس معاملے پر ردِعمل دیتے ہوئے وہاٹس ایپ کے ترجمان نے کہا کہ کمپنی اپنے پلیٹ فارم کے غلط استعمال کی روک تھام کیلئے مسلسل نگرانی کرتی رہتی ہے، تاہم، بعض اوقات غلطیاں بھی ہو جاتی ہیں۔ پی ٹی آئی کے مطابق ترجمان نے کہا: "ہم ہمیشہ ان عناصر سے ایک قدم آگے رہنے کی کوشش کرتے ہیں جو ہماری سروس کا غلط استعمال کرنا چاہتے ہیں، اور دوسرے صارفین کو محفوظ رکھنےکیلئے ایسے اکاؤنٹس بند کرتے ہیں۔ بعض اوقات ہم سے غلطی ہو جاتی ہے، اور اگر ایسا ہو تو ہم اسے جلد از جلد درست کرنے کی کوشش کرتے ہیں تاکہ متاثرہ صارفین دوبارہ چیٹنگ کر سکیں۔ ‘‘ متاثرہ متعدد صارفین کا کہنا ہے کہ انہیں کسی واضح وجہ کے بغیر وہاٹس ایپ استعمال کرنے سے روک دیا گیا۔ ایک صارف نے سوشل میڈیا پر لکھا:’’میرا وہاٹس ایپ اکاؤنٹ بغیر کسی وضاحت کے غیر فعال کر دیا گیا ہے۔ میں اپیل بھی جمع کرا چکا ہوں، لیکن جائزے کے صفحے پر صرف ایک عمومی پیغام دکھائی دیتا ہے کہ اس کا جائزہ `عام طور پر۲۴؍ گھنٹوں کے اندر مکمل ہو جائے گا۔ براہِ کرم فوری مدد کی جائے۔ ‘‘