Updated: September 23, 2026, 12:51 PM IST
|
Agency
| Nisshin
پاکستان کے۱۴۵؍ رن کے جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ۲۰؍ اوورز میں ۷؍ وکٹوں پر۱۱۴؍ رن ہی بنا سکی۔
پاکستان کی فاطمہ ثناء شاٹ کھیلتی ہوئیں۔ تصویر:پی ٹی آئی
کپتان فاطمہ ثناء(۴۵؍ رن / ایک وکٹ) کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت پاکستان کی خواتین ٹیم نے منگل کو بنگلہ دیش کو۳۱؍ رنوں سے شکست دے کر ایشیائی کھیلوں کے کرکٹ مقابلے کا کانسے کا تمغہ جیت لیا۔ پاکستان کے۱۴۵؍ رن کے جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ۲۰؍ اوورز میں ۷؍ وکٹوں پر۱۱۴؍ رن ہی بنا سکی اور مقابلہ۳۱؍ رن سے ہار گئی۔بنگلہ دیش کا آغاز اچھا نہیں رہا اور اس نے۲۰؍ رن پر اپنے تین وکٹ گنوا دیئے۔ جویریہ فردوس (۴)، دلارا اختر(۱۲)اور شوبھنا موستاری (۲) رن بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ ایسے مشکل وقت کپتان نگار سلطانہ اور شرمین اختر نے اننگ کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ دونوں بلے بازوں نے چوتھے وکٹ کیلئے۴۷؍ رن جوڑے۔۱۴؍ویں اوور میں عائشہ ظفر نے نگار سلطانہ(۲۵)کو آؤٹ کر کے اس شراکت داری کو توڑا۔
اس کے بعد بنگلہ دیش کے بلے باز پاکستانی باؤلنگ اٹیک کے آگے بے بس نظر آئے۔ تاہم شرمین اختر ایک سرا سنبھالے کھڑی رہیں۔ انہوں نے۴۶؍ گیندوں میں ۴؍ چوکوں کی مدد سے (ناٹ آؤٹ ۴۶) رن بنائے۔
ناہیدہ اختر۱۰؍ رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔ پاکستان کی طرف سے ام ہانی نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ تسمیہ رباب، فاطمہ ثناء، نشرہ سندھو اور عائشہ ظفر نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ یہاں تیسری پوزیشن کے لیے کھیلے گئے مقابلے میں پاکستان کی خواتین ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔پاکستان کی طرف سے گل فیروزہ نے ۳۱؍، عالیہ ریاض نے ۲۵؍، شوال ذوالفقار نے ۱۷ ؍ اورفاطمہ ثناء نے ۴۵؍ رن بنائے۔