Inquilab Logo Happiest Places to Work

مردم شماری میں او بی سی کیلئے علاحدہ کالم شامل کرنے کا مطالبہ

Updated: August 04, 2026, 10:40 AM IST | Bhandardara

مہاراشٹر کے بھنڈارا ضلع میں او بی سی سماج کی منڈل یاترا، ذات پات پر مشتمل مردم شماری کروانے کی مانگ۔

Vijay Wadettiwar and others. Photo: INN
وجے وڈیٹیوار اور دیگر۔ تصویر: آئی این این

مہاراشٹرکانگریس کے  سینئر لیڈروجے وڈیٹیوار نے ذات پر مبنی مردم شماری کو او بی سی (دیگر پسماندہ طبقات) کے حقوق کے تحفظ کیلئے ناگزیر قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ مردم شماری میں او بی سی کیلئے الگ کالم شامل کیا جائے تاکہ اس طبقے کی حقیقی آبادی اور اس کے حقوق کا درست تعین ہو سکے۔سکل او بی سی مہامورچہ کی جانب سے نکالی گئی منڈل یاترا ۲۰۲۶ء کے آغاز کے موقع پر بھنڈارا میں خطاب کرتے ہوئے وڈیٹیوار نے کہا کہ گزشتہ ۵؍ برس سے یہ یاترا منڈل کمیشن کی سفارشات کے نفاذ اور او بی سی برادری میں اپنے آئینی حقوق کے تئیں بیداری پیدا کرنے کے مقصد سے نکالی جا رہی ہے۔ اس مہم کا بنیادی مقصد او بی سی سماج کو متحد کرنا اور اپنے حقوق کی جدوجہد کو منظم کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: یوپی اسمبلی کے مانسون اجلاس کے پہلے دن سماجوادی کے اراکین کا احتجاج

انہوں نے کہا کہ لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کی جانب سے ذات پر مبنی مردم شماری کا مسئلہ اٹھائے جانے کے بعد مرکزی حکومت نے مردم شماری کرانے کا اعلان کیا، تاہم موجودہ عمل میں او بی سی کے لیے کوئی الگ خانہ موجود نہیں ہے۔ وڈیٹیوار نے کہا کہ حکومت نے بعد میں تنقید کے بعد دعویٰ کیا کہ دوسرے مرحلے میں او بی سی کا کالم شامل کیا جائے گا، لیکن اگر ابتدائی مرحلے میں ہی اس طبقے کا اندراج نہیں ہوگا تو عوام ایسے وعدوں پر کیسے اعتماد کریں گے۔انہوں نے واضح کیا کہ او بی سی برادری اپنے حقوق پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی اور حکومت کو ذات پر مبنی مردم شماری میں او بی سی کے لیے الگ کالم شامل کرنے پر مجبور کیا جائے گا۔ بھندارا میں بڑی تعداد میں عوام کی موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ او بی سی سماج اپنے حقوق کے لیے متحد ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ہنگولی: ضلع پریشد اسکول میں ٹیچرس کا فقدان ، سرپرستوںکا احتجاج

وجے وڈیٹیوار نے کہا کہ یہ تحریک کسی سیاسی عہدے یا جماعت سے بالاتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ رکن اسمبلی، وزیر یا اقتدار جیسے عہدے آتے جاتے رہتے ہیں، لیکن او بی سی سماج کے حقوق مستقل حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ اس اجتماع سے کانگریس لیڈریا رکن اسمبلی کی حیثیت سے نہیں بلکہ او بی سی کارکن کے طور پر خطاب کر رہے ہیں۔ وڈیٹیوار نے الزام لگایا کہ مختلف برادریوں کے ترقیاتی کارپوریشنوں کو بھاری فنڈ فراہم کئے جا رہے ہیں، جبکہ او بی سی کارپوریشن کیلئے صرف ۵۰۰؍ کروڑ روپے مختص کئے  گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK