• Fri, 02 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبئی: شیواجی پارک میں سی جے پی کا احتجاج، رہائشیوں کی مخالفت، اہم شخصیات شریک

Updated: October 02, 2026, 5:05 PM IST | Mumbai

ممبئی کے دادر میں تاریخی شیواجی پارک میں سی جے پی کا احتجاج جاری ہے۔ گزشتہ دنوں دی انڈین ایکسپریس کی ایک تحقیقی رپورٹ میں ایس آئی آر اور دیگر معاملات سے متعلق چیف الیکشن کمشنر کا من مانا رویہ سامنے آیا تھا جس کے بعد ملک بھر میں اس کے خلاف آوازیں تیز ہونے لگیں۔ اسی ضمن میں سی جے پی نے ملک گیر احتجاج کا اعلان کیاتھا جس کی شروعات ممبئی سے ہوئی ہے۔ حالانکہ اس احتجاج کیلئے ممبئی پولیس کی جانب سے کوئی باقاعدہ اجازت نہیں دی گئی تھی اس کے باوجود کثیر تعداد میں طلبہ وہاں جمع ہوگئے ہیں۔

Local residents objecting to the protest at Shivaji Park. Photo: INN
شیواجی پارک میں مظاہرے کے خلاف مقامی رہائشی اعتراض کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

ممبئی کے دادر میں واقع تاریخی شیواجی پارک میں کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی ) کا احتجاج جاری ہے، حالانکہ احتجاج کی باقاعدہ اجازت ممبئی پولیس کی جانب سے نہیں دی گئی تھی لیکن طلبہ بڑی تعداد میں اس احتجاج کیلئے جمع ہوگئے ہیں۔ اسی دوران مظاہرے کو لے کر سیاسی اور سماجی سطح پر شدید تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔ اس پر جہاں دادر کے مقامی رہائشیوں نے احتجاج پر شدید اعتراض جتایا ہے، وہیں مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس نے سی جے پی کو نشانہ بنایا ہے، جبکہ معروف شاعر و نغمہ نگار جاوید اختر نے مقامی لوگوں کے رویے پر سوال کھڑے کئےہیں۔ 
احتجاج شروع ہونے سے قبل ہی شیواجی پارک میں کثیر تعداد میں پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کر دی گئی تھی۔ سی جے پی کے ترجمان سورو داس نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو ’’غدار‘‘ قرار دیا اور دعویٰ کیا کہ انہیں عہدے سے ہٹانے کے مطالبے کی حمایت پورا ملک کرے گا۔ انہوں نے کہا ’’جیسا کہ آپ دیکھ سکتے ہیں، ہم آج ممبئی سے آغاز کر رہے ہیں، یہ ایک بہت بڑا احتجاج ہونے والا ہے۔ ممبئی نے پچھلی دفعہ دکھا دیا تھا کہ ممبئی کا جذبہ کیا ہے۔ اس سے پہلےدھرمیندر پردھان کے استعفے کیلئےملک بھر کے نوجوان اور نئی نسل، سب ہی سڑکوں پر نکل آئے تھے اور اب بھی اسی جذبے کے ساتھ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمارکو بھی استعفیٰ دینا ہوگا۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: وکھرولی قبرستان کیلئے ترنگا ریلی کی اجازت نہیں ملی!

دادر کے رہائشیوں کی شدید مخالفت 
علاقے کے مقامی رہائشیوں نے شیواجی پارک میں سی جے پی کے اس مظاہرے کی کھل کر مخالفت کی ہے۔ رہائشیوں کا کہنا ہے کہ ’’یہ احتجاج یہاں بالکل نہیں ہونا چاہئے‘‘ کیونکہ اس کی وجہ سے علاقے کے امن و سکون میں خلل پڑے گا، شوروغل بڑھے گا اور عام شہریوں کو نقل و حمل کی شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ دی ٹائمز آف انڈیا کے مطابق، ایک مقامی رہائشی سنیل بھاگوت نے کہا کہ لوگ باقاعدگی سے چہل قدمی کیلئے شیواجی پارک آتے ہیں اس لئے یہاں اکثر ہونے والے احتجاج عام لوگوں کیلئے زحمت کا باعث بن رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا، ’’ہم اس پارک میں چہل قدمی کیلئے آتے ہیں، لیکن حال ہی میں یہاں کئی احتجاج ہو رہے ہیں۔ عام لوگوں کو پیش آنے والی مشکلات کا ذمہ دار کون ہے؟ کیا آئین نے دیگر لوگوں کے تئیں آپ کے فرائض کی وضاحت نہیں کی؟ یہاں عام آدمی کو درپیش مسائل کا ذمہ دار کون ہے؟‘‘

یہ بھی پرھئے: فلائی دبئی طیارے کے ہائی جیکنگ خدشے پر نیتن یاہو پر انتخابی حربے کا الزام

وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس کا اپوزیشن اور مظاہرین پرلفظی حملہ 
دوسری جانب، مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس نے اس مظاہرے پر تنقید کی ہے۔ فرنویس نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور آئینی اداروں سے متعلق جو ’’جعلی اور من گھڑت بیانیہ‘‘ پھیلانے کی کوشش کی جا رہی تھی وہ اب پوری طرح بے نقاب ہو چکا ہے، الیکشن کمیشن کی جانب سے پریس کانفرنس کے ذریعے تما م سوالات اور خدشات کے جواب دے دیئے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے مظاہروں کا مقصد صرف سیاسی مفاد حاصل کرنا اور عوام میں غلط فہمیاں پیدا کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: مکہ: مسجد الحرام میں خودکش بمبار کی افواہ، سیکوریٹی حکام نے تردید کی

جاوید اختر کادادر کے رہائشیوں پر اعتراض
اس تنازع میں مشہور نغمہ نگار اور سابق رکن پارلیمنٹ جاوید اختر نے بھی اپنا ردِعمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے سی جے پی کے احتجاج کی مخالفت کرنے پر دادر کے رہائشیوں کے رویے پر اعتراض جتایاہے۔ جاوید اختر نے سوال کیا کہ کیا دادر کے یہ رہائشی شیواجی پارک میں ہونے والے بڑے بڑے سیاسی جلسوں کے وقت بھی شوروغل اور عوام کو ہونے والی زحمت پر ایسا ہی اعتراض جتائیں گے؟ انہوں نے اشارہ دیا کہ صرف اس احتجاج پر آواز اٹھانا اور سیاسی جلسوں پر خاموش رہنا دوہرا معیار ظاہر کرتا ہے۔ 
بتا دیں کہ شیواجی پارک میں جاری اس احتجاج میں سی جے پی کے بانی ابھیجیت دپکے، سورو داس اور آشوتوش رانکا سمیت معروف اداکار نصیر الدین شاہ اور مہاتما گاندھی کے پڑپوتے تشار گاندھی جیسے کئی اہم چہرے بھی شامل ہو چکے ہیں ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK