پولیس نے قبرستان کمیٹی کے ذمہ داران کو ۱۶۸؍کے تحت نوٹس دیا۔ ڈپٹی میئر اورایڈیشنل میونسپل کمشنر سے ملاقاتیں۔
EPAPER
Updated: October 02, 2026, 11:54 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Vikhroli
پولیس نے قبرستان کمیٹی کے ذمہ داران کو ۱۶۸؍کے تحت نوٹس دیا۔ ڈپٹی میئر اورایڈیشنل میونسپل کمشنر سے ملاقاتیں۔
قبرستان کا مطالبہ منوانے کے تعلق سے جمعرات یکم اکتوبر کی صبح ساڑھے ۱۰؍ بجے جامع مسجد کے سامنے سے ’ایس وارڈ‘ تک ترنگا ریلی نکالنے کا اعلان کیا گیاتھا مگر پولیس نے اس کی اجازت نہیں دی۔ اس کے برخلاف قبرستان کمیٹی کے ذمہ داران اشخاص کو ۱۶۸؍کے تحت وکھرولی پولیس اسٹیشن کے سینئر انسپکٹر وکرم ولاس چوہان نے نوٹس دیتے ہوئے حالات خراب ہونے یانظم ونسق کا کسی قسم کا مسئلہ ہونے پر انہیں انتباہ دیا۔
پولیس کے نوٹس میں ممبئی پولیس کمشنر کے خصوصی اختیارات اوران کی ہدایات کے حوالے سے یہ بھی لکھا گیا ہے کہ۲۵؍ ستمبر سے ۹؍ اکتوبر تک دفعہ ۱۴۴؍نافذ ہے۔اس لئے ۵؍ سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ اس لئے آپ کو ریلی نکالنے یا مارچ کرنے کی اجازت نہیں ہے ۔ اگر ریلی نکالی گئی اورکسی قسم کا مسئلہ پیدا ہوا توکارروائی کئےجانے کے علاوہ یہ نوٹس عدالت میںثبوت کے طور پربھی پیش کیا جائے گا ۔ یادر ہے کہ پولیس کے ہر ایسے نوٹس میںاس طرح کا انتباہ نئی بات نہیں ہے، یہ جملہ لازمی طور پرنقل کیاجاتا ہے۔چنانچہ قبرستان کمیٹی کے ذمہ داران کو دیئے گئے نوٹس میںبھی اس کاتذکرہ کیا گیا ہے۔ اسی سبب ریلی نہیںنکالی گئی۔
یہ بھی پڑھئے:فلائی دبئی طیارے کے ہائی جیکنگ خدشے پر نیتن یاہو پر انتخابی حربے کا الزام
وعدے کے مطابق کہ۳۰؍ ستمبر تک قبرستان کمیٹی کے ذمہ داران کوجواب دیاجائے کہ قبرستان کی تعمیر کےلئےکیا قدم اٹھایا جارہا ہے، اس کی رو سے ایس وارڈ میں وارڈ آفیسر سے ملاقات کی گئی، انہوں نے بتایا کہ فائل ہیڈ آفس بھیج دی گئی ہے۔ ہیڈ آفس میں ڈپٹی میئر گاڑے اور ایڈیشنل میونسپل کمشنر پراجکتا سےبھی ایک دن قبل وفدنے ملاقاتیں کیں۔ ان دونوں کا جواب تھا کہ ایس وارڈ سے فائل ابھی آئی ہے، کام تیزی سے آگے بڑھایا جائے گا۔
افسران سے ملاقات کرنے والے وفد میں واجدقریشی، عبدالرحمٰن تمبولی، شمیم عرف چنٹو شیخ ،عبدالرحمٰن انصاری، جمیل شیخ، ریحان شیخ، مرتضیٰ شیخ، علاء الدین شیخ، عقیل شیخ ، شاداب شیخ، رضوان ملک، راحیل خان، نذرانہ شیخ،نوری خان اور منیراشیخ وغیرہ شامل تھے۔
’’یہ آخری منزل نہیں،ہیڈ آفس جائیں گے‘‘
وکھرولی قبرستان کمیٹی کے فعال رکن اوربرادر فاؤنڈیشن کےسربراہ واجد قریشی سے انقلاب کے یہ پوچھنے پرکہ کسی فیصلے کے بجائے ایک مرتبہ پھرمحض یقین دہانی کروادی گئی ہے کیا یہ مسئلے کا حل ہے ؟ تو انہوں نے کہاکہ ’’ نہیں اوریہ ہماری آخری منزل بھی نہیں ہے۔کوشش کرتے ہوئے ڈپٹی میئر تک معاملہ پہنچا ہے۔ایک ہفتے کے بعد ہم لوگ پھر ہیڈآفس جائیں گے اوریہ معلوم کریں گے کہ کارروائی کس قدر آگے بڑھی ہے۔ پھر اسی حساب سےآگے کی تیاری کی جائے گی۔‘‘
قبرستان کا مطالبہ منوانے کیلئےاب تک کیا گیا ؟
-وکھرولی قبرستان کمیٹی کی جانب سے ایس وارڈ میں احتجاج کیاگیا ۔
-اسی طرح علامتی جنازہ رکھ کر صدائے احتجاج بلند کی گئی ۔
- ۳۰؍ستمبر تک حتمی جواب دینے کا بی ایم سی کو الٹی میٹم دیا گیا۔
- وعدے کےمطابق فائل ایس وارڈسے ہیڈ آفس بھیجی گئی اور کام تیزی سے آگے بڑھانے کی یقین دہانی کروائی گئی ۔
- قبر ستان کے لئے جدو جہد کرنے والے افراد کاکہنا ہےکہ کوشش جار ی رہےگی۔