جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب متعدد علاقوں میں برسات کے باوجود دن میں گرمی محسوس کی گئی، اکثر و بیشتر علاقوں میں فضائی آلودگی خراب سطح پر قائم
شہر میں بار ش کے باوجود سنیچر کوکچھ ا س طرح دھند چھائی رہی۔ تصویر: آئی این این
جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب شہر و مضافات کے مختلف مقامات پر ہلکی سے اوسط بارش کے بعد محکمۂ موسمیات نے اتوار کیلئے بارش کا کوئی امکان ظاہر نہیں کیا ہے لیکن نجی ماہرین کا ماننا ہے کہ سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب متعدد مقامات پر بارش کاامکان ہے جبکہ شمال مشرقی مانسون اور ارنب طوفان کے گزرنے کی وجہ سے مہاراشٹر کی طرف بڑی مقدار میں رطوبت منتقل ہوئی ہے جس کی وجہ سے آئندہ ایک سے ۲؍ روز تک رات اور علی الصباح کو بارش ہوسکتی ہے۔محکمہ موسمیات نے یکم سے ۵؍ نومبر تک کیلئے جو پیش گوئی کی ہے اس کے مطابق ان ۴؍ دنوں میں ممبئی، تھانے، پالگھر اور رائے گڑھ میں بارش کا امکان نظر نہیں آرہا ہے۔صرف رائے گڑھ میں ۴؍نومبر کو ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اس کے برخلاف موسم کا حال بتانے والے نجی ماہر اتھریا شیٹی کے مطابق ارنب طوفان کے گزرنے کے باوجود اس کے اثرات سے بڑی مقدار میں رطوبت فضا میں مہاراشٹر کی طرف پہنچی ہے جو بارش کا سبب بنی ہے اور خلیج بنگال میں مزید ایک طوفان پیدا ہورہا ہے جو آندھرا پردیش کی طرف بڑھ رہا ہے اس لئے ارنب طوفان کی طرح اس کے بھی اثرات مہاراشٹر اور کچھ حد تک ممبئی پر پڑ سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ شمال مشرقی مانسون کا بھی کچھ اثر ہے۔ تاہم ان سب کا مجموعی اثر ممبئی سے دور ہے اس لئے مہاراشٹر کے اندرونی کچھ علاقوں میں ٹھیک ٹھاک بارش ہوسکتی ہے لیکن ممبئی میں اس کے اثر سے مطلع ابر آلود رہ سکتا ہے اور یکم اور ۲؍ نومبر کو مختلف علاقوں میں ہلکی سے اوسط بارش ہوسکتی ہے۔برسات کے باوجود سنیچر کو سانتا کروز میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۳۴؍ اور قلابہ میں ۳۲ء۴؍ ڈگری سیلسیئس درج کیا گیا۔
کہاں کتنی بارش؟
جمعہ اور سنیچر کی درمیانی رات مختلف مقامات پر جو بارش ریکارڈ کی گئی وہ اس طرح ہے کہ انوشکتی نگر ۱۲ء۴، بھانڈوپ ریلوے اسٹیشن۷۳، بھانڈوپ کمپلیکس ۱۳، بھانڈوپ مشرق ۲۱، بھانڈوپ مغرب ۳۲ء۸، بھنڈی بازار ۲۳، بائیکلہ ۲۲، سی ایس ایم ٹی ۱۴ء۸، ورلی سینچری بازار ۱۳ء۲، دادر مشرق ۱۰، دارو خانہ ۲۷ء۸، دیونار میونسپل کالونی ۲۴ء۶،جی ٹی بی ریلوے اسٹیشن ۱۳ء۶، گاندھی مارکیٹ ۹ء۴، گھاٹ کوپر بس ڈپو ۱۹ء۴، گھاٹکوپر مشرق ۱۰ء۸، گھاٹ کوپر پمپنگ اسٹیشن ۳۱، گھاٹ کوپر ریلوے اسٹیشن ۱۹ء۴، گھڑپ دیو ۲۸، گوونڈی ۲۴ء۶، گرانٹ روڈ ۱۴ء۶، گرانٹ روڈ ریلوے اسٹیشن۲۸ء۴، ہند ماتا سنیما ہال ۲۴ء۲، قلابہ ۲۴ء۲، کے ایم ایم اسپتال، کالبادیوی روڈ ۲۶ء۸، کستوربا اسپتال ۲۳ء۲، کرلا کمانی ۱۹، کرلا ریلوے اسٹیشن ۲۳ء۶، لوور پریل اسٹیشن ۱۸، ملبار ہل ۱۴ء۶، مراٹھا مندر ۱۹، مرین لائنس ۲۶ء۸، ممبئی سینٹرل ۱۹، میونسپل ہیڈ آفس ۱۴ء۸، رے روڈ ریلوے اسٹیشن ۲۷ء۸، ساکی ناکہ ۱۹، سانتا کروز مشرق ۲۱ء۴، شیواجی نگر بس ڈپو ۲۲ء۸؍ اور ٹیگور نگر وکھرولی ۷۲؍ ملی میٹر۔ جن مقامات پر کم بارش ہوئی ہے اسے یہاں تحریر نہیں کیا گیا ہے لیکن وہار لیک پر محض ۶؍ ایم ایم بارش ہوئی تھی۔