لیپٹو، انفلوئنزا، ڈینگو، چکن گنیا کے معاملے میں ممبئی سرفہرست ،ریاست میں وبائی امراض سے ا مسال اب تک ۳۵؍افراد کی موت۔
EPAPER
Updated: October 01, 2023, 9:59 AM IST | Saadat Khan | Mumbai
لیپٹو، انفلوئنزا، ڈینگو، چکن گنیا کے معاملے میں ممبئی سرفہرست ،ریاست میں وبائی امراض سے ا مسال اب تک ۳۵؍افراد کی موت۔
ممبئی مانسون کی وبائی بیماریوں کی زد میں ہے ، گزشتہ دو ماہ سے مریضوں کی تعداد بڑھتی ہی جارہی ہے۔ ریاستی محکمہ صحت کی تازہ رپورٹ کےمطابق امسال ممبئی ومضافات میں مانسون میں پھیلنے والی موسمی بیماریوںمثلاً ملیریا، ڈینگو، چکن گنیا، لیپٹواسپائروسس اور انفلوائنزا کےکیسز میں گزشتہ ۲؍مہینے میں خاصا اضافہ ہواہے۔ ان بیماریوں میں مبتلا ہونے والے مریضوںکی تعداد ریاست کے دیگر اضلاع کےمقابلے ممبئی میں زیادہ پائی گئی ہے۔اعدادوشمار کے تحت امسال ریاست میں ڈینگو کے ۱۰؍ہزار ۵۵۳؍ مریضوں کی تشخیص ہوئی ہے جن میں ۳۴؍فیصد مریض کا تعلق ممبئی سے ہےجبکہ تھانےاور ناسک میں بالترتیب ۷۰۴؍اور ۶۰۶؍مریض پائے گئے ہیں ۔ اسی طرح ملیریا کے ۱۰؍ ہزار ۹۷۸؍ مریضوں میں سے ممبئی کے۴ ؍ ہزار ۵۵۴؍ مریض ہیں جبکہ گڈچرولی میں ۴؍ہزار ۵۲۵؍ مریض ملے ہیں۔ ریاستی محکمۂ صحت کے مطابق ملیریا کے معاملہ میں بھی ممبئی ، گڈچرولی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سرفہرست ہوگیاہے۔ جو عموماً اس معاملہ میں آگے ہوتا ہے۔ ڈینگو سے۲ ؍ اور ملیریا سے ۶؍مریضوں کی موت ہوئی ہے۔ امسال ریاست میں وبائی امراض کی وجہ سے تقریباً ۳۵؍افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ممبئی اور تھانے میں سب سے زیادہ مریض ہیں۔ممبئی اور تھانے کےبعدریاست میں وبائی امراض کےمریض کولہاپور اور پونے میں زیادہ ہیں۔ انفلوئنزا نے سب سے زیادہ ۱۸؍ جانیں لی ہیں اور کل۵؍ہزار ۲۷۵؍مریض پائے گئے ہیں۔ ممبئی، تھانے اور پونے میں مریضوں کی تعداد زیادہ ہے۔
واضح رہے کہ آبادی کی کثرت، صحت کی زیادہ سہولیات اور تشخیص اور رپورٹنگ کے بہتر نظام کی وجہ سے ممبئی عام طور پر ہر سال رپورٹ ہونے والی بیماریوں کی فہرست میں سب سے اوپر ہوتا ہے۔ ا مسال خاص طور پر ممبئی میں رپورٹنگ مراکز کی تعداد ۲۲؍ سے بڑھا کر ۸۸۰؍کردی گئی ہے جس کی وجہ سے رجسٹرڈ کیسوں میں قابل ذکر اضافہ ہوا ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ اس نے ماہرین کو یہ سوچنے پر مجبور کردیا ہے کہ کیا دوسرے اضلاع میں رپورٹنگ اتنی ہی درست ہوتی ہے؟ ریاست کے متعدد اضلاع میں شدید بارش کی وجہ سے سیلاب اور کئی دنوں تک پانی میں ڈوبے رہنے کے باوجود ممبئی میں لیپٹواسپائروسس کے کیسز زیادہ درج کئے گئے ہیں۔ امسال مہاراشٹر میںلیپٹو کے ایک ہزار ۲۸۳؍ کیس درج کئے گئے ہیں جن میں سے ایک ہزار ۲۱۸؍ کیس ممبئی کے ہیں جبکہ رائے گڑھ اور تھانےمیں بالترتیب ۲۵؍اور ۲۸؍ کیس درج کئے گئے ۔ ریاست میں لیپٹواسپائروسس سے۸؍ افراد کی جان گئی ہے۔
اسی طرح ریاست میں امسال ہیضہ کے ۵؍ مریض ملے ہیں جن میں سے ایک کی موت ہوگئی ہے۔ یہ بیماری بنیادی طور پر آلودہ پانی اور خوراک کے ذریعے پھیلتی ہے۔ سنگین صورتحال میں اگر فوری طور پرعلاج نہ کیا جائے تو یہ گھنٹوں کے اندر موت کا سبب بن جاتی ہے۔ محکمہ صحت عامہ کے مطابق ہیضہ کےمذکورہ ۵؍معاملات میں سے ۴؍ کاتعلق ناگپور سے اور ایک کیس ناندیڑ میں درج کیاگیاہے۔