Updated: July 24, 2026, 6:05 PM IST
| Mumbai
مہاراشٹر حکومت نے مسافروں کو سستی اور محفوظ سفری سہولت فراہم کرنے اور ڈرائیوروں کو کمیشن سے نجات دلانے کیلئے’’بھارت ٹیکسی‘‘ نامی تعاونی رائیڈ ہیلنگ سروس کا آغاز کر دیا ہے۔ پہلے مرحلے میں ۶۰۰؍ ٹیکسیاں سروس میں شامل کی گئی ہیں، جبکہ جلد ہی اسے پونے، ناگپور اور دیگر شہروں تک توسیع دی جائے گی۔
مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس ہری جھنڈی دکھا کر’’ بھارت ٹیکسی‘‘ کا آغاز کرتے ہوئے۔ تصویر: ایکس
اگر آپ ممبئی یا پونے میں رہتے ہیں اور باقاعدگی سے اولا یا اوبر کے ذریعے سفر کرتے ہیں، تو ممکن ہے کہ تہواروں، شدید بارش یا مصروف اوقات میں کرایوں میں اچانک اضافے کا سامنا کیا ہو۔ دوسری جانب ڈرائیور بھی اکثر رائیڈ ہیلنگ پلیٹ فارمز کی جانب سے وصول کئےجانے والے بھاری کمیشن کی شکایت کرتے ہیں۔ ان مسائل کے حل کیلئے حکومتِ مہاراشٹر نے ’’بھارت ٹیکسی‘‘ کے نام سے ایک نئے کوآپریٹو (تعاونی) ماڈل پر مبنی رائیڈ ہیلنگ سروس کا آغاز کیا ہے۔ اس ایپ کا باضابطہ افتتاح وزیرِ اعلیٰ دیویندر فرنویس نے نوی ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کیا۔ ایک ہی موبائل ایپ کے ذریعے مسافر کار، آٹو رکشا اور بائیک ٹیکسی کی بکنگ کر سکیں گے۔ افتتاح کے موقع پر دیویندر فرنویس نے کہا کہ اس نئے پلیٹ فارم کا مقصد مسافروں کو محفوظ اور مناسب کرایے پر سفری سہولت فراہم کرنا ہے، جبکہ ڈرائیوروں کو ان کی آمدنی کا زیادہ حصہ مل سکے گا۔
یہ بھی پڑھئے: بی ایم سی کی کینٹین سیـٖل ہونے پر متعلقہ افسر سے بازپرس
بھارت ٹیکسی ایپ کیسے کام کرتی ہے؟
بھارت ٹیکسی دیگر ایپ پر مبنی کیب سروسیز کی طرح کام کرتی ہے۔ مسافر ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کے بعد اپنے موبائل نمبر سے رجسٹریشن کریں گے، پک اپ اور ڈراپ کی جگہ درج کریں گے اور کار، آٹو رکشا یا بائیک ٹیکسی میں سے اپنی پسند کی سواری منتخب کریں گے۔ ایپ بکنگ سے پہلے متوقع کرایہ ظاہر کرے گی جس کے بعد صارف سواری کی تصدیق کر سکتا ہے۔ ڈرائیور کے رائیڈ قبول کرنے کے بعد مسافر ایپ کے ذریعے گاڑی کی لوکیشن ٹریک کر سکیں گے اور سفر مکمل کریں گے۔
یہ بھی پڑھئے: طلبہ کے خلاف کارروائی پر کانگریس لیڈران کی ڈی جی پی اور پولیس کمشنر سے ملاقات
کرایہ: پہلے ڈیڑھ کلومیٹر کیلئے۳۱؍ روپے، اس کے بعد ۲۱؍روپے فی کلومیٹر
بھارت ٹیکسی ممبئی کی روایتی سیاہ و زرد (بلیک اینڈ ییلو) ٹیکسیوں کے کرایہ جاتی ڈھانچے پر عمل کرے گی۔ اس کے تحت پہلے ڈیڑھ کلومیٹر کا کرایہ۳۱؍ روپے جبکہ اس کے بعد۲۱؍ روپے فی کلومیٹر مقرر کیا گیا ہے جس سے یہ سروس مسافروں کیلئے نسبتاً سستی ثابت ہوگی۔
پہلے مرحلے میں ۶۰۰؍ٹیکسیاں
بھارت ٹیکسی سروس کے پہلے مرحلے میں ۶۰۰؍ ٹیکسیاں شامل کی گئی ہیں۔ حکومت آئندہ چند ماہ میں ان کی تعداد بڑھا کر ایک ہزار سے زائد کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، جس کے بعد اس سروس کو مہاراشٹر کے دیگر علاقوں تک بھی وسعت دی جائے گی۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر فرنویس کے مطابق اس منصوبے سے نئی ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے، خاص طور پر مقامی نوجوانوں اور نوی ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے متاثرہ خاندانوں کو روزگار ملے گا۔
یہ بھی پڑھئے: شیواجی پارک کے مظاہرین کی بچوں نے اسکول کی کھڑکی سے ہاتھ ہلا کرحوصلہ افزائی کی
پونے اور ناگپور تک توسیع
ممبئی میں آغاز کے بعد بھارت ٹیکسی سروس کو جلد ہی پونے اور ناگپور تک بھی توسیع دی جائے گی۔ مرکزی وزیرِ مملکت برائے تعاون و شہری ہوا بازی مرلی دھر موہول نے کہا کہ حکومت مرحلہ وار اس سروس کو مہاراشٹر کے مزید شہروں تک پھیلانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ مرلی دھر موہول نے بتایا کہ ملک بھر سے تقریباً۸؍ لاکھ ڈرائیور اس تعاونی پلیٹ فارم سے وابستہ ہو چکے ہیں، جبکہ بغیر کسی کمیشن کی کٹوتی کے ۷۷؍کروڑ روپے براہِ راست ان کے بینک کھاتوں میں منتقل کئے جا چکے ہیں۔