Inquilab Logo Happiest Places to Work

بی ایم سی کی کینٹین سیـٖل ہونے پر متعلقہ افسر سے بازپرس

Updated: July 24, 2026, 12:19 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

جمعرات کو جب بی ایم سی کی کینٹین کو ایف ڈی اے کے ذریعہ سیٖل کردینے کا موضوع زیر بحث آیا تو اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئر مین پربھاکر شندے نے کہا کہ صبح جب خبروں کے ذریعہ انہیں بی ایم سی کی کینٹین کو صاف صفائی کی کمی اور کھانے کے خراب معیار کے پیش نظر ایف ڈی اے کے ذریعہ بند کردینے کی اطلاع ملی تب انہوں نے چند افسران سے اس تعلق سے فون پر گفتگو کی۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

بی ایم سی کی کینٹین میں چھاچ میں مکھی پائے جانے کی خبروں کے درمیان ’ایف ڈی اے (فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن)‘ نے کینٹین کا معائنہ کرنے کے بعد اسے بند کروادیا اور ٹھیکیدار کا لائسنس معطل کردیا ہے۔ جمعرات کو اسٹینڈنگ کمیٹی کی میٹنگ میں متعلقہ کینٹین کی نگرانی سے تعلق رکھنے والے ڈپارٹمنٹ کے افسر کو بلا کر اس سے جواب طلب کیا گیا لیکن ضروری معلومات نہ ہونے کی وجہ سے وہ اطمینان بخش جواب نہیں دے سکا۔ اس پر شہری انتظامیہ سے تفصیلات طلب کرکے متعلقہ افسران کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی گئی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ’’محمدعلی جوہر یونیورسٹی کو انہدام سے بہر صورت بچایا جائے‘‘

جمعرات کو جب بی ایم سی کی کینٹین کو ایف ڈی اے کے ذریعہ سیٖل کردینے کا موضوع زیر بحث آیا تو اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئر مین پربھاکر شندے نے کہا کہ صبح جب خبروں کے ذریعہ انہیں بی ایم سی کی کینٹین کو صاف صفائی کی کمی اور کھانے کے خراب معیار کے پیش نظر ایف ڈی اے کے ذریعہ بند کردینے کی اطلاع ملی تب انہوں نے چند افسران سے اس تعلق سے فون پر گفتگو کی  ۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے میٹنگ ختم ہونے سے قبل ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے کسی ذمہ دار افسر کو میٹنگ میں بلانے اور سب کے سامنے اس تعلق سے وضاحت کرنے کا مطالبہ کیا جس پر ایک افسر میٹنگ میں حاضر ہوا۔ اس افسر کے آنے سے قبل اس میٹنگ میں بحث ہوئی جس میں حکمراں محاذ اور اپوزیشن سبھی کارپوریٹر   اس موضوع پر متفق نظر آئے اور مختلف باتیں جاننے کی کوشش کی مثلاً اشرف اعظمی نے سوال کیا کہ شہر میں واقع ریستوراں سے بی ایم سی کی کینٹین تک کی نگرانی کی ذمہ داری بی ایم سی کے ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی ہے تو کیا اب تک ہیلتھ ڈپارٹمنٹ نے بی ایم سی کی کینٹین کا معائنہ کیا تھا اور کوئی خامی یا لاپروائی پائے جانے پر اسے نوٹس دیا گیا یا جرمانہ عائد کیا گیا؟ کینٹین چلانے والے کے خلاف کیا کیا کارروائیاں کی گئی ہیں؟ این سی پی (اجیت پوا ) کی کارپوریٹر سعیدہ خان نے سوال کیا کہ صاف صفائی کیلئے کیا اقدام کئے جاتے ہیں کیونکہ حال ہی میں خبر آئی تھی کہ بی ایم سی کی کینٹین کی چھاچ میں مکھی پائی گئی اور اسی کے بعد ایف ڈی اے کی کارروائی ہوئی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کھانوں کو کیڑے مکوڑوں اور مکھیوں سے پاک رکھنے کیلئے بی ایم سی کینٹین میں کیا اقدام کئے جاتے ہیں؟

یہ بھی پڑھئے: طلبہ کے خلاف کارروائی پر کانگریس لیڈران کی ڈی جی پی اور پولیس کمشنر سے ملاقات

میٹنگ میں جو افسر حاضر ہوا، اس نے اپنا نام سنیل ڈانگرے بتایا لیکن جو سوالات کارپوریٹروں نے اٹھائے تھے، وہ ان کے جواب نہیں دے سکا۔  اس نے بتایا کہ انسانی صحت کو نقصان نہ پہنچے اس لئے کیڑے مار کیمیکل کا استعمال کینٹین میں نہیں کیا جاتا اور ایف ڈی اے کی کارروائی کے بعد کینٹین چلانے والے پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔اس پر تمام کارپوریٹر برہم ہوگئے کہ یہ افسر پوچھی گئی تفصیلات کے بجائے دیگر باتیں بتارہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK